ایشیا (رپورٹس)

جماعت احمدیہ کبابیر (دیار مقدسہ) کی بعض مساعی

(شمس الدین مالاباری ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کبابیر)

جلسہ سیرت النبی ﷺ کا انعقاد

مورخہ 29؍اکتوبر 2021ء بمقام جامع محمود کبابیر جلسہ سیرت النبی ﷺ کا بابرکت انعقاد ہوا۔ اس موقع پر مکرم مناع عودہ صاحب سیکرٹری تربیت، مکرم عماد الدین مصری صاحب مربی سلسلہ اور مکرم محمد شریف عودہ صاحب امیر جماعت کبابیر نے علی الترتیب سیرت رسول کریم ﷺ، رسول کریم ﷺ کا اسوہ حسنہ اور موجودہ معاشرہ میں رسول کریمﷺ کی سنت کا قیام کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ مسجد میں موجود حاضرین کے علاوہ گھروں میں بھی پروگرام براہ راست سننے کا اہتمام کیا گیا تھا۔

ورزشی مقابلہ جات مجلس خدام الاحمدیہ

22 اور 23؍اکتوبر 2021ء کو مجلس خدام الاحمدیہ اور اطفال الاحمدیہ کے زیر انتظام خدام و اطفال کے لیے ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ کبابیر میں واقع سپورٹس ہال میں یہ دو روزہ دلکش پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام کے آغاز میں مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ کی معیت میں خاکسار (مشنری انچارج کبابیر) نے دعا کروائی اور شرکاء کو کچھ نصائح کیں۔ دراصل یہ پروگرام سالانہ اجتماع کے حوالہ سے ہوا تھا مگر مقامی صورت حال کے مطابق اصل اجتماع سے کچھ دن قبل رکھا گیا تھا۔

یوم ریاضی ( sports day) لجنہ اماء اللہ

6؍نومبر 2021ء کو لجنہ اماء اللہ کے تحت ایک روزہ سپورٹس ڈے منایا گیا۔ لجنہ اماء اللہ کی رپورٹ کے مطابق خواتین بڑی دلچسپی سے شامل ہوئیں اور کورونا کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب لجنہ کو جمع ہونے کا موقع ملا۔ الحمد للہ۔

مکرم امیر صاحب کبابیر کی اہم شخصیات سے ملاقات

27؍اکتوبر 2021ء کو شہر یروشلم میں مکرم محمد شریف عودہ صاحب نیشنل امیر کبابیر کی ملاقات مکرم Felix Antoine Tshisekediصاحب صدر مملکت کونگو کے ساتھ ہوئی۔ اس موقع پر اسرائیل کے صدر مملکت بھی موجود تھے۔ مکرم امیر صاحب کو اسلام احمدیت کا تعارف کرانے اور جماعتی سووینئر پیش کرنے کا بہترین موقع میسر آیا۔

اسی طرح 08؍ نومبر 2021ء کو مکرم Ivan Duque Marques صاحب صدر مملکت Colombiaکے ساتھ بھی ملاقات کرنے اور اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کا موقع ملا۔

سالانہ اجتماع مجلس اطفال الاحمدیہ و خدام الاحمدیہ کبابیر

12 اور 13؍نومبر 2021ء کو کبابیر میں مجلس اطفال الاحمدیہ اور خدام الاحمدیہ کا سالانہ اجتماع منعقد ہوا۔ اس موقع پر مختلف علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ اطفال کے اجلاس میں مکرم ایقان احمد شمس صاحب مہتمم اطفال اور خاکسار نے تربیتی امور پر ایمان باللہ کی ضرورت اور اہمیت کے بارہ میں روشنی ڈالی۔ جبکہ خدام الاحمدیہ کے اجلاس میں مکرم عماد الدین صاحب مصری مربی سلسلہ اور مکرم امیر صاحب نے خدا تعالیٰ سے محبت اور اس کے ساتھ زندہ تعلق قائم کرنے کے بارہ میں خدام کو قیمتی نصائح سے نوازا۔ مکرم احمد احسان عودہ صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے بھی خدام کو نظام خلافت کے ساتھ مضبوطی سے قائم رہنے کی تلقین کی۔ اجتماع کے آخر پر علمی وورزشی مقابلہ جات میں کامیابی حاصل کرنے والے خدام واطفال میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ ضیافت کا بھی انتظام رہا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ دو روزہ اجتماع بہت کامیاب رہا۔ الحمد للہ۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button