سالانہ سپورٹس جامعۃ المبشرین گھانا
خدا کے فضل کے ساتھ جامعۃ المبشرین میں ہر سال سہ روزہ کھیلوں کا انعقاد ہوتا ہے۔ امسال مورخہ13 تا 15؍جولائی 2021ء سالانہ سپورٹس منعقد ہوئیں۔
جامعۃ المبشرین کے طلباءکے کل چار گروپس امانت، دیانت، صداقت اور شجاعت ہیں۔ تمام نئےطلباء کو سال کے آغاز میں ہی ان گروپس میں شامل کر دیا جاتا ہے۔ تمام مقابلہ جات خواہ گروپس کی بنیاد پر ہوں یا انفرادی ہوں، ان کے کوالیفائنگ راؤنڈز دوران سال ہی کروا لیے گئے تھے تاکہ مقررہ تین دنوں میں آسانی سے تمام مقابلہ جات کروائے جاسکیں۔ فٹ بال، والی بال، میروڈبہ، باڑی، ریلے ریس، رسہ کشی، میراتھن ریس اور تیز پیدل چلنا کے مقابلہ جات گروپس کی بنیاد پر جبکہ100 میٹر دوڑ، 1500 میٹر دوڑ، تین ٹانگ دوڑ، تھالی پھینکنا، گولہ پھینکنا، لانگ جمپ، ہائی جمپ، کلائی پکڑنا، پنجہ آزمائی، ثابت قدمی، مشاہدہ معائنہ اور ڈرافٹ کے مقابلہ جات انفرادی سطح پر کروائے گئے۔ اساتذہ و کارکنان کے مابین والی بال کا ایک میچ ہوا جو اساتذہ نے جیتا نیز اساتذہ کا ایک میوزیکل چیئر کا مقابلہ بھی ہواجس سے طلباء، اساتذہ اور کارکنان خوب محظوظ ہوئے۔ طلباء کے مذکورہ بالا گروپ مقابلہ جات میں دیانت گروپ فٹ بال، باڑی اور میروڈبہ میں اول رہا شجاعت گروپ ،ریلے ریس اور والی بال میں اول رہا , جبکہ صداقت گروپ نے میراتھن ریس اور رسہ کشی میں اول پوزیشن حاصل کی۔ امانت گروپ مقابلہ پیدل چلنا میں اول رہا۔اسی طرح انفرادی مقابلہ جات میں سب سے زیادہ پوزیشنز حاصل کرنے والے طالب علم کو بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا جاتا ہے۔ امسال درجہ اولیٰ کے طالب علم ظفراللہ خاں جن کا تعلق گھاناسے ہے سب سے زیادہ پوزیشنز حاصل کر کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
کھیلوں کے آخری دن مغرب و عشاء کے بعد تمام طلباء و اساتذہ کو عشائیہ دیا گیا جس کے بعد اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔اختتامی تقریب کے چیئرمین مکرم فہیم احمد خادم صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو فصل الثالث کے ایک طالب علم بشیرالدین سونی نے پیش کی پھر درجہ اولیٰ کے ظفراللہ خان نےاردو نظم پڑھی۔ مکرم عبدالمجید علی صاحب سپورٹس انچارج نےسالانہ کھیلوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی ۔رپورٹ کے بعد سینیگال کے طلباء اور مدرسۃ الحفظ کے طلباء نے باری باری حمدیہ نغمات پیش کیے۔ مدرسہ کی کھیلیں بھی سال کے دوران کروائی جا چکی تھیں۔ لہذا اس موقع پر سپورٹس میں نمایا ں پوزیشنز لینے والےمدرسۃا لحفظ اور جامعہ کے طلباء میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اور پھر مکرم چیئر مین صاحب نےسپورٹس کے آرگنائزرز کا شکریہ ادا کیا اور دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام کیا۔ پروگرام کے اختتام پر تمام اساتذہ کے ساتھ طلباء نے اپنے اپنے گروپس میں آکر گروپ فوٹو بنوائے۔ الحمدللہ
مکرم عبدالمجید علی صاحب ناظم اعلیٰ،مکرم مبشر احمد اقبال نائب ناظم اعلیٰ اور ان کی ٹیم میں شامل اساتذہ اور طلباء نے ان پروگرامز کے انعقاد کے لیے دن رات بے حد محنت کی۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو اس کام کی جزائے خیر عطا فرمائے۔آمین