حضور انور کے ساتھ ملاقاتیورپ (رپورٹس)

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ نیشنل عاملہ جماعت احمدیہ برطانیہ کی (آن لائن) ملاقات

امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 17؍جنوری 2021ء کو نیشنل مجلس عاملہ یوکے کے ممبران کے ساتھ آن لائن ملاقات فرمائی۔

حضورِانور نے اس ملاقات کو اپنے دفتر اسلام آباد (ٹلفورڈ) سے رونق بخشی جبکہ اراکین نیشنل عاملہ یوکے نےبیت الفتوح سےآن لائن شرکت کی۔

55 منٹ پر مشتمل اس ملاقات میں جملہ حاضرین کو حضورِانور سے بات کرنے اور کئی معاملات پر راہنمائی حاصل کرنےکا موقع نصیب ہوا۔

مکرم Jonathan Butterworth صاحب ایڈیشنل سیکرٹری صاحب تربیت (نومبائعین) سے حضورِانور نے استفسار فرمایا کہ آج کل ان کے پاس کتنے نو مبائعین ہیں۔ اس پر انہوں نے بتایا کہ اس وقت نو مبائعین کی تعداد 237 ہے جو 2018ء سے شامل ہیں۔ اس پر حضورِانور نے استفسار فرمایا کہ کیا کووِڈ کے دنوں میں نو مبائعین کے لیے کوئی پروگرام بنایا گیا ہے؟ سیکرٹری صاحب نے عرض کیا کہ حال ہی میں نومبائعین کا اجتماع منعقد کیا تھا جس میں حضورِانور نے بھی خطاب فرمایا تھا اور 100 نومبائعین آن لائن شامل ہوئے تھے۔ اس پر حضورِانور نے فرمایا کہ اس عرصہ میں آپ نے کتنے آن لائن پروگرام کیے ہیں؟ اس پر انہوں نے بتایا کہ مکرم حافظ فضل ربی صاحب کے ساتھ ہفتہ وار قرآن کریم کی کلاسز منعقد کی جارہی ہیں تاکہ نو مبائعین کو قرآن کریم سکھا سکیں۔ نیز مقامی سطح پر مربیان بھی کلاسز منعقد کر رہے ہیں۔ حضورِانور نے فرمایا کہ ان پروگرامز میں کتنے نو مبائعین نے حصہ لیاہے؟ کیا 70 فیصد نومبائعین ان کلاسز میں حصہ لیتے ہیں؟ انہوں نے بتایا کہ ان کے خیال میں یہ شرح اس سے کچھ کم ہے۔ چند نومبائعین بہت فعال ہیں۔ حضورِانور نے استفسار فرمایا: لیکن بعض دوسرے جو ہیں وہ جماعت کے ساتھ رابطے میں ہیں؟ اور وہ یہ کہتے ہیں کہ وہ احمدی ہیں؟ سیکرٹری صاحب نے بتایا کہ جی حضور ایسا ہی ہے۔ حضورِانور نے فرمایا کہ وہ جو بہت زیادہ فعال نہیں ہیں، لیکن ان کا دعویٰ یہی ہے کہ وہ احمدی ہیں۔ انہوں نے کہا:جی حضور ۔ وہ احمدی ہیں۔ انہوں نے جماعت چھوڑی نہیں ہے۔

مکرم حافظ فضلِ ربی صاحب سیکرٹری تعلیم القرآن و وقف عارضی نے اپنا تعارف کروایا تو حضورِانور نے فرمایا کہ کیا آپ کو جملہ اراکین عاملہ سے وقف عارضی کے لیے فارمز موصول ہوگئے ہیں کہ وہ وقفِ عارضی کے لیے جانے کو تیار ہیں؟ انہوں نے عرض کیا کہ جی نہیں حضور۔ میں ان کو یاددہانی کرواتا ہوں۔ اس پر حضورِانور نے فرمایا کہ پہلے آپ کو ممبران عاملہ پر توجہ دینی چاہیے۔ پھر جملہ مرکزی تنظیموں پر اور جماعت پر بھی۔ پھر ریجنل اور لوکل ممبران عاملہ اور پھر دوسرے لوگوں سے (فارمز فل کروانے کی کوشش کریں) اگر یہ سب وقفِ عارضی کی سکیم میں شامل ہوجائیں گے تو دوسرے بھی شامل ہو جائیں گے۔

دورانِ ملاقات حضورِانور نے بالخصوص نیشنل سیکرٹری تربیت کو ہدایات سے نوازا کہ وہ سیکرٹریان تربیت کو جو لوکل سطح پر خدمت بجا لارہے ہیں فعا ل کریں تاکہ احباب جماعت کی اخلاقی اور دینی تربیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ملاقات کادوسراحصہ presentationsپر مشتمل تھا۔ مکرم امیر صاحب نے عرض کیا کہ ہمارے پاس چارپریزنٹیشنز ہیں۔ ایک پریزنٹیشن بیت الفتوح کی ہے۔ اس کے بعد مکرم سیکرٹری صاحب جائیداد نے حضورِانور کی خدمت میں بیت الفتوح کی پریزنٹیشن پیش کی جس میں بیت الفتوح کی تعمیرنَو میں سولر پینلز کی installment اور دیگر جدید تعمیرات کی تفصیل پیش کی گئی۔ حضورِانور نے استفسار فرمایا کہ یہ تعمیر کب تک مکمل ہوجائے گی۔ اس پر سیکرٹری صاحب جائیداد نے عرض کیا کہ حضورایک سال میں ان شاء اللہ مکمل ہوجائے گی۔

بعد ازاں مکرم حافظ فضل ربی صاحب نے انٹرنیشنل قرآن اکیڈمی کے بارے میں اپنی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ITQA، انٹرنیشنل تعلیم القرآن اکیڈمی میں اس وقت ہمارے پاس 15 ممالک کے 464طلباء قرآن کریم کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن کی اکثریت یو کے سے ہے۔ 43 کلاسز میں طلباء کو تقسیم کیا گیاہے اور ہر ہفتے چار گھنٹے کے لیے 130طلباء کو پڑھایا جاتا ہے۔ خدام، انصار،لجنہ اور مربیان کو ملا کر کل 145 اساتذہ ہیں۔ یوکے سے باہر ہمیں 11ممالک کے اساتذہ کی خدمات حاصل ہیں۔ جو نصاب پڑھایا جاتا ہے اس میں ترجمۃ القرآن اور ناظرہ قرآن ہے۔ صرف یوکے سے اب تک 347 احباب کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔ یوکے سے باہر ملائیشیا، آسٹریلیا اور کینیڈا سے رجسٹریشن ہو ئی ہے۔ یوں کل تعداد 464 بنتی ہے۔

حضورِانور نے فرمایا کہ ماشاء اللہ۔ حضرت میر اسحٰق صاحب کا ترجمہ بہت جلد خطِ منظور میں شائع ہو رہاہے۔ اور اس مرتبہ اس کی پرنٹنگ اور سب کچھ بہت غیر معمولی ہے۔ ہر طالب علم جو اردو پڑھ سکتا ہے اس کو یہ ترجمۃ القرآن ضرور دیں تاکہ وہ ترجمہ بھی پڑھ سکیں۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button