از مرکز

جلسہ سالانہ برطانیہ 2021ء کی مختصر روداد

پہلا دن

مورخہ 6؍ اگست 2021ء جلسہ سالانہ برطانیہ کے پہلا دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا جسے سوا تین بجے صبح حافظ طیب احمد صاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یوکے کو پڑھانے کی سعادت حاصل ہوئی۔ بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نماز فجر پڑھائی۔ نماز فجر کے بعد منصور احمد ضیاء صاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یوکے کو درسِ حدیث دینے کی توفیق ملی۔

حدیقۃ المہدی میں ڈیوٹی پر موجود احباب کو رہائش کی اجازت تھی چنانچہ 8بجے ناشتہ کرنے کے بعد احباب جماعت اپنی ڈیوٹیوں میں مشغول ہو گئے۔

دوپہر ایک بجے حدیقۃ المہدی میں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے بصیرت افروز خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا اور پھر نمازِ جمعہ اور نماز عصر جمع کر کے پڑھائیں۔ جمعے کی نماز سے قبل وقفے وقفے سے بوندا باندی ہوتی رہی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جب جمعے کے لیے تشریف لائے اس وقت بارش نہیں ہو رہی تھی۔ لیکن دوران جمعہ شدید بارش ہوتی رہی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ میں موسم کے ہمارے حق میں ہونے کے لیے دعا کی تحریک فرمائی۔

جمعہ کے بعد کھانے کا وقت تھا۔ کھانے کی مارکی میں داخلہ سے قبل خدام نے Hand Sanitization کروائی۔ کھانے کی marquee میں حتی الوسع سماجی فاصلے کا خیال بھی رکھا گیا۔ مارکی میں داخلی اور خارجی راستے الگ الگ تھے۔ ڈیوٹی پر مامور خدام اور مہمانان کرام ایک دوسرے سے عملی تعاون کی خوبصورت مثال پیش کرتے دکھائی دیتے تھے۔

تقریباً ساڑھے چار بجے اللہ تعالیٰ کے فضل سے پرچم کشائی کی تقریب کے ساتھ جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اس دوران موسم خوشگوارہو گیا تھا اور دن کے اختتام تک خوشگوار رہا۔دعا کے بعد حضور انور مردانہ پنڈال میں تشریف لے گئے اور افتتاحی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےاپنے افتتاحی خطاب میں اس نکتہ کی طرف توجہ دلائی کہ اصلی شان جلسے کی اس وقت ہےجب اس میں شامل ہونے والے اپنی حالتوں میں پاک تبدیلی پیدا کرنے کی طرف توجہ کرنے والے ہوں۔ نیز فرمایا کہ ہمیں ہمیشہ ان باتوں کو اپنے سامنے رکھنا چاہیے جو حضرت مسیح موعودؑ نے ہمارے سامنے رکھیں۔ ان تمام باتوں کا ایک لفظ میں خلاصہ ’تقویٰ ‘ہے۔

تقریباً چھ بجے دعا کے بعد جلسہ سالانہ یوکے 2021ء کا افتتاحی اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔ جس کے بعد شاملین جلسہ کے لیے کھانے کا انتظام تھا۔ نو بجے رات کے کچھ بعد نماز مغرب و عشا ادا کی گئیں۔

یاد رہے کہ یہ جلسہ کووِڈ کی تمام تر پابندیوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے منعقد ہو رہا ہے۔ جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کے لیے ضروری ہے کہ تمام شاملین کو

1۔جلسہ کے انعقاد سے کم از کم دو ہفتے قبل دونوں ویکسین لگ چکی ہوں اور ان کے پاس Covid Pass موجود ہو

2۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے اندر اندر لیا گیا کووڈ۔19کا lateral flow ٹیسٹ کا رزلٹ منفی ہو۔

3۔Aims Cardموجود ہو۔

4۔نمازوں کی ادائیگی کے لیے اپنا جائے نماز ساتھ ہو۔

5۔ داخلہ سے قبل جسم کا درجہ حرارت مناسب حد کے اندر اندر ہو۔

آج گاڑیوں کی پارکنگ ایریا میں کیچڑ کی وجہ سے چند میل کے فاصلے پر واقع Country Market میں گاڑیوں کو پارک کرنے کا انتظام بھی تھا۔جہاں سے جلسہ گاہ تک شٹل سروس چلائی گئی۔

عمومی طور پر شا ملین جلسہ اور ڈیوٹی پر موجود کارکنان نے خراب موسم کے باوجود وسعت حوصلہ سے کام لیتے ہوئے پہلے دن کو کامیاب بنانے میں اپنا اپنا کردار ادا کیا اور سب ہی اپنے پیارے امام کی نصائح پر عمل کرتے دکھائی دیے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ جلسہ کے باقی ایام بھی بخیر و عافیت گزریں اور احباب جماعت اس جلسے کی برکات سے مستفید ہو سکیں۔ آمین

دوسرا دن

اللہ تعالیٰ کے فضل سے 7؍اگست 2021ءبروز ہفتہ جلسہ سالانہ یوکے2021ء کے دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا۔ مکرم حافظ سید مشہود احمد صاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یوکے کو سوا تین بجے جلسہ گاہ میں نماز تہجد پڑھانے کی سعادت حاصل ہوئی ۔ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نماز فجر پڑھائی۔ نماز فجر کے بعد مکرم محموداحمد طلحہ صاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یوکے کو درسِ قرآن دینے کی توفیق ملی۔

حدیقۃ المہدی میں ڈیوٹی دینے والوں کو رہائش کی اجازت تھی۔8 بجے سے احباب جماعت ناشتہ کرتے گئے اور اپنی اپنی ڈیوٹیوں میں مشغول ہو گئے۔اصبح سے لندن اور لندن کے مضافات میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش ہوتی رہی۔ لیکن اس کے باوجود عشاقان خلافت اپنے اپنے دعوت نامہ کے مطابق بھرپور تعداد میں حدیقۃ المہدی پہنچے۔حدیقۃ المہدی کے کئی مقامات پر گاڑیوں اور چلنے والوں کی سہولت کے لیے کے لیے جو tracksبچھائے گئے تھے ان کو جگہ جگہ کیچڑمیں ڈوبنے کی وجہ سےدوبارہ استوار کیے گئے اور خدام ان کی صفائی کے لیے مگن رہے۔

ٹھیک دس بجے دوسرے دن کے پہلے اجلاس(جلسہ سالانہ کے دوسرے اجلاس) کی کارروائی کا آغاز ہوا۔اجلسہ کے دوسرے روز مستورات کا بھی الگ سے اجلاس ہوتا ہےاور یہ دن مستورات کے لیے نہایت خوش نصیب دن تھاکیونکہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دوپہر ساڑھے بارہ بجے کے بعد مستورات کے پنڈال میں رونق افروز ہوکر خطاب فرمایا۔خطاب کے آخر پر مستورات نے مختلف زبانوں میں ترانے پیش کیے۔

اس کے بعد حضور انور نے مردانہ مردانہ پنڈال میں نماز ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔نمازوں کی ادائیگی کے بعد دوپہر کے کھانے کا انتظام تھا۔ لنگرخانے ميں داخلہ سے قبل خدام نے Hand Sanitization کروائي۔ کھانے کي marquee ميں حتي الوسع فاصلہ بھي رکھا گيا۔ مارکي ميں داخلي اور خارجي راستے الگ الگ تھے۔

کھانے کے بعد ساڑھے چار بجے تیسرے اجلاس کا پہلا حصہ مکرم امیر صاحب کی صدارت میں شروع ہوا جس میں معزز مہمانوں کے ویڈیو پیغامات دکھائے گئے اور بعض پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ تمام مہمانوں نے جماعت احمدیہ کے ساتھ اپنے نیک جذبات کا اظہار کیا۔ پانچ بجے اس اجلاس کا اختتام ہوا۔

جلسہ سالانہ کے تیسرے اجلاس کا باقاعدہ آغاز پانچ بج کر آٹھ منٹ پرتلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا ۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطاب میں دوران سال جماعت احمدیہ پر ہونے والے افضال کا مختصر تذکرہ فرمایا۔ یہ اجلاس تقریباً چھ بجے اپنے اختتام کو پہنچا۔رات نو بجے کے بعد حضورِ انور نے نمازِ مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیںاور جلسہ کا دوسرا روز اختتام کو پہنچا۔

تیسرا دن

مورخہ 8؍اگست 2021ءبروز اتوار جلسہ سالانہ یوکے 2021ء کا تیسرا اور آخری دن تھا۔ تیسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا۔مکرم میر انجم پرویز صاحب مربی سلسلہ عربک ڈیسک یوکے کو سوا تین بجے نماز تہجد پڑھانے کی سعادت حاصل ہوئی۔ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نماز فجر پڑھائی۔ نماز فجر کے بعدمکرم وسیم احمد فضل صاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یوکے کو درس دینے کی توفیق ملی۔

حدیقۃ المہدی میں ڈیوٹی دینے والوں کو رہائش کی اجازت تھی۔8 بجے سے احباب جماعت ناشتہ کرتے گئے اور اپنی اپنی ڈیوٹیوں میں مشغول ہو گئے۔

تیسرے روز بھی صبح سے لندن اور لندن کے مضافات میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ لیکن اس کے باوجود عشاقان خلافت اپنے اپنے دعوت نامہ کے مطابق اور حضور انور کے ارشاد پر لبیک کہتے ہوئے کہ’جن کو دعوت نامہ اور اجازت نامے ملے ہیں سوائے اشد مجبوری کے ضرور جلسے میں شامل ہوں۔…موسم کی خرابی کو عذر نہ بنائیں‘ بھرپور تعداد میں حدیقۃ المہدی پہنچے۔شاملین جلسہ میں اداسی کے آثار ظاہر ہو رہے تھے کیونکہ یہ جلسہ انتہائی سرعت کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ رہا تھا۔

ٹھیک دس بجے تیسرے دن کے پہلے اجلاس(جلسہ سالانہ کے چوتھے اجلاس)کی کارروائی کا آغاز ہوا۔جلسہ سالانہ یوکے کے تیسرے روز ایک نہایت اہم تقریب عالمی بیعت کا انعقاد ہوتا ہے۔ کووڈ۔19کی حفاظتی تدابیر کے پیش نظر عالمی بیعت کا انعقاد نہیں ہوا۔ اس لیے امسال عالمی بیعت سے متعلق ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ اس کے بعد دوپہر کے کھانے کا وقت رکھا گیا تھا۔ لنگرخانے ميں داخلہ سے قبل خدام نے Hand Sanitization کروائي۔کھانے کي marquee ميں حتي الوسع فاصلہ بھي رکھا گيا۔ مارکي ميں داخلي اور خارجي راستے الگ الگ تھے۔

کھانے کے بعد مکرم امیر صاحب کی صدارت میں معزز مہمانوں کے ویڈیو پیغامات سکرین پر دکھائے گئے اور بعض پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

بعد ازاں حضورِ انور نے جلسہ گاہ میں نماز ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اورعربی قصیدہ اور اردو نظم سے ہوا ۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطاب میں بعض حقوق العباد کا ذکر فرمایا اور قرآن کریم ، آنحضرت ﷺ اور ارشادات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام اور آپ کے واقعات سے بیان فرمایا کہ ان حقوق کو کس طرح ادا کرنا چاہیے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے ذریعہ دنیا بھر میں افراد جماعت اس جلسہ سالانہ میں شامل تھے۔امسال حدیقۃ المہدی اور بیت الفتوح سے ایم ٹی اے کے پروگرامز کا درج ذیل زبانوں میں ترجمہ ہوا:فرنچ، جرمن، بنگلہ، انڈونیشین، سپینش، سواحیلی، Twi، Hausa، Yoruba، Tamil، Malyalam، رشین اور ترکی۔

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے الفضل انٹرنیشنل کو جلسہ سالانہ کے تینوں ایام میں روزانہ کی کارروائی پر مشتمل مفصل ضمیمہ (آن لائن)شائع کرنے کی توفیق ملتی رہی۔ اس ضمیمہ میں خطبہ جمعہ و خطابات حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز، علمائے کرام کی تقاریر کا خلاصہ، مستورات کے اجلاس کی تفصیلی رپورٹ، جلسہ سالانہ کے بعض انتظامی شعبہ جات کا تعارف، دنیا بھر سے جلسہ سالانہ برطانیہ میں شامل ہونے والے احباب کی تصویری جھلکیاں و رپورٹ شامل ہے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

جلسہ کی تفصیلی رپورٹ بالاقساط شائع کی جا رہی ہے۔

احبابِ جماعت کو جلسہ سالانہ برطانیہ مبارک ہو۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

For security, use of Google's reCAPTCHA service is required which is subject to the Google Privacy Policy and Terms of Use.

I agree to these terms.

Back to top button
Close