اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

سانحۂ ارتحال

مکرم خلیل احمد صاحب ہاربرگ جرمنی سے اطلاع دیتے ہیں کہ میرے پھوپھی زاد بھائی مکرم آصف عظیم اظہر صاحب مؤرخہ 28اپریل 2021ءبعمر40سال بقضائے الٰہی جرمنی میں وفات پاگئے ۔اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآاِلَیْہِ رَاجِعُوْن۔

مرحوم خداکے فضل سے خوب رو،نیک سیرت،خوش اخلاق، صوم وصلوٰۃ کے پابنداورجماعتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینے والے حلقہ ہاربرگ (جرمنی) کےایک فعال ممبرتھے۔تمام جماعتی پروگراموں میں بڑے شوق اور دلچسپی کے ساتھ شامل ہوتے۔ دعوت الی اللہ کے جذبہ سے سرشارتھے۔ خدا کے فضل سے آپ کو بیعت کروانے کی بھی توفیق ملی ۔ تبلیغی سٹال لگانے میں باقاعدگی سے حصہ لیتے اور سٹال کی تمام اشیاء اپنے گھر میں محفوظ رکھتے اور جب بھی پروگرام ہوتا تمام چیزیں اپنی گاڑی میں رکھ کرشامل ہونے والے دیگر احباب کو ان کے گھروں سے اٹھاتے اور دوردراز علاقوں میں جاکر سٹال لگاتے۔ شام کوواپسی پر دیگر شاملین کو پہلے ان کےگھر چھوڑتے اور پھراپنے گھر پہنچ کر سٹال کی تمام اشیاء اکیلے گاڑی سے اتار کر سنبھالتے ۔آپ کی مالی قربانی مثالی ہوتی۔ہر مالی تحریک میں شامل ہوتےاور خوش دلی کے ساتھ بڑھ چڑھ کر بروقت ادائیگی کرتے ۔آپ کی نماز جنازہ کےموقع پر مکرم امیر صاحب ہمبرگ نے بتایا کہ ایک مرتبہ فون پر آپ کو ہیومینٹی فرسٹ کے لیے مالی قربانی کی تحریک کی گئی تو اسی وقت امیرصاحب کےگھرپہنچے اور ایک خطیر رقم پیش کی۔ آپ اپنی ان صفات کی وجہ سے اپنے حلقہ میں پسند کیے جاتے تھے۔ آپ گذشتہ تین سال سے Motor neurone diseaseکی وجہ سے صاحبِ فراش تھے ۔ بیماری کا یہ طویل عرصہ بڑی ہمت اور حوصلہ کے ساتھ گزارا۔آپ کی نمازِ جنازہ مؤرخہ 2مئی 2021ءکوبیت الرشید میں بعد نماز ِظہر وعصر مکرم شکیل احمد عمر محمود صاحب مربی سلسلہ نے پڑھائی اور4مئی 2021ء کو ہاربرگ کے ایک قبرستان میں بھی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے لیکن موجودہ حالات کی وجہ سے جرمنی میں ہی تدفین عمل میں آئی اور قبر تیار ہونے پر مذکور مربی صاحب نے ہی دعاکروائی ۔

مرحوم مکرم ومحترم مولوی محمد صدیق صاحب ننگلی مبلغ سلسلہ مرحوم کے بھانجےجبکہ مکرم محمود احمد طلحہ صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ یوکے کےپھوپھی زاد بھائی تھے۔

آپ نے پسماندگان میں والدہ، اہلیہ، دوبچے عمر 13،10سال، چار بھائی اور ایک بہن سوگوار چھوڑے ہیں۔ احباب جماعت کی خدمت میں درخواست دعا ہے کہ مولیٰ کریم مرحوم سے مغفرت کاسلوک فرمائے اور جملہ لواحقین کواس گہرے صدمہ پرصبر اورحوصلہ دے ۔آمین

٭…٭…٭

اعلانِ نکاح

مکرم محمد احمد ظفر صاحب آف احمدنگر تحریر کرتے ہیں کہ خاکسارکی بھتیجی عزیزہ سلمانہ ظفر بنت محمد سلطان ظفر آف برمپٹن ویسٹ کینیڈاکا نکاح ہمراہ عزیزم دانیال احمد قریشی ابن مکرم محمد توفیق قریشی ، مکینکس برگ ، امریکہ مورخہ 17؍ا پریل 2021ء احمدیہ مسجد مکینکس برگ (پینسلوینا) میں بعد نمازِ ظہر، مکرم ومحترم عبداللہ ڈِبّا (Abdullah Dibba) صاحب مربی سلسلہ پینسلوینا ایسٹ نے بعوض چارہزار ڈالر حق مہرپڑھایا۔

عزیزہ سلمانہ ظفر (واقفہ نو) مکرم ماسٹر محمد عیسیٰ ظفر (مرحوم) آف احمدنگر کی پوتی اور مکرم سلطان محمود ملک (مرحوم) آف ٹورانٹو سنٹرل کینیڈا کی نواسی ہے۔

عزیزم دانیال احمد قریشی صاحب (متعلم جامعہ احمدیہ کینیڈا)، مکرم محمد لطیف قریشی (مرحوم) لندن یوکے، کے پوتے اور مکرم محمد عظیم قریشی (مرحوم) امریکہ کے نواسے ہیں۔

احبابِ جماعت سے درخواستِ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جوڑے کے بارہ میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی یہ خاص دُعا قبول فرمائے کہ

’’…اللہ تعالیٰ مبارک کرے اور جانبین کے لئے یہ رشتہ ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور ان کی جوڑی پر ہمیشہ اپنے پیارکی نظریں ڈالتا رہے۔آمین‘‘

٭…٭…٭

درخواستہائے دعا

٭…مکرم رانا سلطان احمد صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی بڑی ہمشیرہ امۃالعزیز صاحبہ بیوہ مکرم رانا محمد اعظم صاحب کے دائیں بازو کی ہڈی گرنے کی وجہ سے ٹوٹ گئی تھی۔ اب پلستر اتار دیا گیا ہے اور ہڈی جڑ گئی ہے ۔
احبا ب جماعت کی خدمت میں درخواست دعا ہے کہ مولیٰ کریم ہر قسم کی پیچیدگی سے محفوظ رکھے اور اپنے فضل و کرم سے مکمل صحت عطا فرمائے۔آمین

٭…مکرم چودھری شوکت علی صاحب ولد چودھری شیر محمد صاحب گزشتہ چند دنوں سے کورونا کی وجہ سے بیمار ہیں۔ احبا ب جماعت کی خدمت میں درخواست دعا ہے کہ مولیٰ کریم محض اپنے فضل و کرم سے کامل صحت عطا فرمائے۔آمین

٭…مکرم عطاء القدوس خان صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے تایا جان مکرم رانا خالد احمد صاحب ساکن کولون ، جرمنی تقریباً ایک ماہ سے دل کی تکلیف کی وجہ سے ہسپتال میں داخل رہے ہیں ۔ کمزوری کافی ہے۔شوگر کی وجہ سے ٹانگوں میں اتنی طاقت نہیں کہ وزن سہار سکیں۔

احبا ب جماعت کی خدمت میں درخواست دعا ہے کہ مولیٰ کریم محض اپنے فضل و کرم سے ہر قسم کی پریشانی سے محفوظ رکھے اور کامل صحت عطا فرمائے۔آمین

٭…٭…٭

اظہارِ تشکر و دعا

٭…مکرم محی الدین عباسی صاحب جماعت سربٹن لندن سے لکھتے ہیں کہ میرا بیٹا عطاء الاوّل عباسی (واقفِ زندگی، انچارج ایم ٹی اے کینیڈا )جو کورونا کے باعث کینیڈا کے ہسپتال میں 24؍ اپریل سے زیر علاج تھا مورخہ 8؍مئی کواللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کی بدولت شفا یاب ہو کر اپنے گھر منتقل ہو گیا ہے۔ الحمدللہ رب العالمین۔ دو ہفتے قبل جب اسے ہسپتال منتقل کرنا پڑا تو اس کی حالت کافی پریشان کن تھی۔

اس مشکل وقت میں جن احباب نے عزیز کو دعاؤں میں یاد رکھا اور اس کا حال پوچھتے رہے خاکسار ان سب کا ممنون ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سب احباب کو ڈھیروں فضلوں اور رحمتوں سے نوازے۔

عزیز کی طبیعت میں ابھی بھی کافی کمزوری ہے۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے شفائے کاملہ و عاجلہ سے نوازے۔ آمین

٭…٭…٭

اطلاعات و اعلانات
درج ذیل ای میل پر ارسال فرمائیں:

info@alfazl.com

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button