حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(4؍ فروری۔09:00 GMT)

کل مریض: 104,950,571

صحت یاب ہونے والے: 76,705,643

وفات یافتگان: 2,279,690

٭…امریکہ کے صدر جو بائیڈن کی ’کمپین ٹیم‘ کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو کھلی چھوٹ دے رکھی تھی اور یمن کی طویل اور تباہ کن جنگ میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر آنکھیں بند کر رکھی تھیں جہاں چھ سال کے عرصے میں ہزاروں افراد ہلاک کیے گئے۔ وائٹ ہاؤس میں صدر کی نئی ٹیم سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کا از سر نو جائزہ لے گی اور انسانی حقوق کے مسئلے کو خاص اہمیت دی جائے گی۔ صدر جو بائیڈن نے یہ اشارہ دیا ہے کہ وہ سعودی عرب کی یمن میں جاری مہم جوئی کے لیے امریکی فوجی امداد بھی روکنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

٭…نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود غیر ملکی افواج مئی کی ڈیڈ لائن کے بعد بھی افغانستان میں رہیں گی۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ اپریل کے آخر تک غیرملکی افواج کا افغانستان سے مکمل انخلا نہیں ہوسکتا کیونکہ انخلا کی شرائط پوری نہیں ہوئیں۔ ممکن ہے کہ امریکہ کی نئی انتظامیہ افغان پالیسی میں ردوبدل کرنے کے ساتھ انخلا کی بہتر حکمت عملی سامنے لائے۔

٭…آرمڈ اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ کی سالانہ مشقوں کے اختتام پر پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے شارٹ رینج بیلسٹک میزائل غزنوی ‏( حتف تھری ‏) کا کامیاب تجربہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ بیلسٹک میزائل 290 کلومیٹر تک جوہری اور روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران یہ پاکستان کا کسی بھی ایٹمی صلاحیت کے حامل مواد کو لے جانے والے ہتھیار کا دوسرا تجربہ ہے۔ اس سے قبل 20؍ جنوری کو پاکستان نے دوایسے شاہین تھری بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھاجو 750 کلومیٹر دور تک مار کر سکتے ہیں۔

٭…امریکہ کے نئے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ انہوں نے صحافی ڈینیل پرل کے قتل کے مرکزی ملزم احمد عمر شیخ سمیت دیگر کی رہائی کے عدالتی فیصلے پر اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے بات کی ہے اور انہیں امریکہ کے خدشات سے باور کرایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کیس میں تمام ذمہ داران کا احتساب یقینی بنایا جانا چاہیے۔خیال رہے کہ ڈینیل پرل کے قتل میں نامزد ملزمان کی رہائی کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف پاکستان کے صوبہ سندھ کی انتظامیہ نے نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

٭…میانمار کی نیشل لیگ فار ڈیموکریسی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے آنگ سان سوچی کی جانب سے بیان میں عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فوجی بغاوت کی مخالفت کرتے ہوئے احتجاج کریں۔ دوسری جانب فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جلد ملک میں نئے انتخابات کرائے جائیں گے اور کامیابی حاصل کرنے والی فاتح جماعت کو ایک سال کی ایمرجنسی کے خاتمے کے بعد اقتدار منتقل کر دیاجائے گا۔

٭…یکم فروری کو منتخب حکومت کا تختہ الٹنے والے من آنگ ہلینگ میانمار کی طاقتور فوج ’تتمادوا‘ میں ترقی کرتے ہوئے کمانڈر ان چیف کے عہدے پر پہنچے۔ انہوں نے فوج پر اپنی گرفت مضبوط رکھی جبکہ دوسری جانب ملک فوجی آمریت کے سائے سے چھٹکارا پاتا ہوا جمہوریت کی سمت میں بڑھتا رہا اور اسی دوران اقلیتوں پر مظالم اور اس میں فوج کے کردار کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر میانمار کی شدید مذمت کی جاتی رہی۔یاد رہے کہ میانمار وہ ملک ہے جہاں 50 برس تک جابرانہ فوجی حکومتیں قائم رہیں اور بالآخر 2011ء میں ملک جمہوری حکمرانی کی طرف آیا اور اقتدار صرف ایک دہائی تک ہی ایک سویلین حکومت کے پاس رہا۔

٭…ترک صدر طیب اردگان نے اپنے دور اقتدار کو طول دینے کے لیے نئے آئین کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں میں اتفاق رائے ہوا تو مستقبل میں نئے آئین پر کام کرسکتے ہیں۔ ترکی کے مسائل کی وجہ یہ ہے کہ ہمیشہ آئین کو قابضوں نے مرتب کیا۔ ترکی میں اگلے صدارتی و پارلیمانی انتخابات 2023ء میں ہوں گے۔ طیب اردگان 2023ء میں دوبارہ منتخب ہوئے تو 2028ء تک صدر رہیں گے۔

٭…پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارتِ مذہبی امور کے 3بلوں کی منظوری دے دی۔ جن میں رؤیت ہلال کمیٹی 2020ء، مسلم خاندانی قوانین بل 2020ء اور طباعت قرآن کریم ترمیمی بل شامل ہیں۔رویت ہلال کمیٹی بل کے تحت نجی رؤیت کے اوپر 5 لاکھ روپے جرمانہ اور قید ہوگی۔ اس بل کے تحت مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کے فیصلے پر پورے پاکستان میں عملدر آمد کروایا جائے گا۔ طباعت قرآن ترمیمی بل کے تحت طباعت قرآن میں معیاری پیپر کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے قرآن بورڈ بھی تشکیل دیا جائے گا۔ غیر معیاری طباعت قرآن پر جرمانے اور سزائیں ہوں گی۔

٭…مصر کی وزارت آثار قدیمہ نے کہا ہے کہ مصر اور ڈومینک ریپبلک کے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم نے اسکندریہ کے شہر کے قریب تاپوسیریس میگنا کے مندر میں سولہ ایسے مقبرے دریافت کیے ہیں جو پتھر کی چٹانیں کاٹ کر بنائے گئے تھے۔ اس طرح کے مقبرے یونانیوں اور رومیوں کے دور میں بنائے جاتے تھے۔ ان مقبروں میں سے دو ہزار سال پرانی ایسی حنوط شدہ لاشیں یا ممیاں دریافت کی گئی ہیں جن کے جبڑوں کے درمیان سنہری زبان رکھی ہوئی تھی اورایسی مخروط شدہ لاشیں بھی برآمد ہوئیں جنہیں محفوظ بنانے میں احتیاط نہیں برتی گئی تھی۔

٭…دوسری جنگ عظیم میں حصہ لینے والے برطانوی کیپٹن سر ٹام مور منگل کو انتقال کر گئے۔ وہ کورونا وائرس اور نمونیا کے سبب ہسپتال میں داخل تھے۔ وہ 1940ء میں فوج میں شامل ہوئے اور اپنے ملک کے لیے اگلے محاذوں پر خدمات سرانجام دیں۔ ملکہ برطانیہ نے ان کی وفات پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے برطانیہ کے محکمہ صحت کے لیے حال ہی میں 32 ملین پاؤنڈزکی خطیر رقم جمع کر کے لوگوں کےدل جیت لیے تھے۔

٭…برطانیہ میں زیر تعلیم بہت سے غیر ملکی طلبا کا کہنا ہے آن لائن کلاسز کے دوران طلبا یونیورسٹی کی بہت سی سہولیات سے استفادہ نہیں کر پا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود ٹیوشن فیسوں کی مد میں ان سے پوری رقم وصول کی جا رہی ہے۔چند طلبا نے احتجاج کیا ہے کہ انہیں زیادہ فیس ادا کرنا پڑی ہے جبکہ دوسری جانب وہ برطانیہ میں رہائش کے مشکل معاہدوں میں بھی پھنس چکے ہیں۔

برونیل یونیورسٹی کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ’برونیل نے طلبا کے لیے ایک پیکیج میں سرمایہ کاری کی ہے جس کے تحت ایسے طلبا کو کرائے میں چھوٹ ملے گی جو سرکاری لاک ڈاؤن کی پابندیوں کی وجہ سے کیمپس میں اپنا کمرہ استعمال نہیں کر سکتے‘۔

٭…آسٹریلیا کے مغربی علاقوں پرتھ اور پرتھ ہلز کے جنگلوں میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے 200 سے زائد فائر فائٹرز اور ہیلی کاپٹر مصروف ِعمل ہیں۔لیکن تیز ہوائیں کام میں رکاوٹ کا باعث بن رہی ہیں۔ آگ سے 30 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کے جنگلات میں گذشتہ برس بھی آگ لگی تھی جس میں ہزاروں ایکڑ کا علاقہ نذر آتش ہو گیا تھا۔

٭…امریکہ کے مشرقی ساحلی حصوں میں برفانی طوفان کے باعث 1600 سے زائد پروازیں منسوخ ہوگئیں جبکہ متعدد سکول بند کردیے گئے۔ امریکی ریاست نیو جرسی، فلاڈیلفیا اور نیویارک میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہےجبکہ نیویارک میں شہریوں کے غیر ضروری سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔

٭…ماہر ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول کے نیچے موجود فالٹ لائن میں غیر معمولی تبدیلیاں دیکھنے میں آرہی ہیں جو شدید ترین زلزلے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہیں۔اس زلزلے کی شدت 7.2 ہوسکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ شہر کا ساحلی علاقہ بھی انتہائی خطرناک زون ہے۔ حکومت کو فوری طور پر کام کرتے ہوئے خطرناک عمارتوں کو خالی کروا کر نئی عمارتیں تعمیر کرنا ہوں گی۔ ادھر استنبول کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس وقت شہر میں 78 ہزار عمارتیں بوسیدہ ہیں جنہیں زلزلے کی وجہ سے خطرہ ہوسکتا ہے۔

٭…کورونا وائرس کے نکتہ آغاز کی تفتیش کے لیے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ٹیم نے ووہان کی سی فوڈ مارکیٹ کا دورہ کیا، ووہان کی اسی مارکیٹ سے ممکنہ طور پر کورونا وبا کی ابتدا اور پھیلاؤ کی اطلاعات ہیں۔ چینی حکام نے مارکیٹ کو پچھلے سال جنوری سے سیل کیا ہوا ہے۔ ٹیم گذشتہ ہفتے ہسپتالوں اور نمائشی سینٹرز کا دورہ کر چکی ہے۔

٭…سعودی عرب نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کی صورتحال کے پیش نظر بدھ 3 فروری سے پاکستان، برطانیہ، جرمنی، انڈیا، ارجنٹینا، سویڈن، فرانس، مصراور جاپان سمیت 20ممالک کے مسافروں کے سعودی عرب داخلے پر عارضی سفری پابندی عائد کردی ہے۔ ان ممالک سے آنے والے سعودی شہریوں اور سفارتکاروں کو 15 روز قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

٭…برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے یکم فروری کو مغربی یارکشائر کے دورے کے موقع پر مسلم کمیونٹی کے لیڈرز سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ویکسینیشن کے خلاف جاری منفی پراپیگنڈا کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے اسے جاری رکھنا ہوگا تاکہ کورونا کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ انہوںنے اس موقع پر کووڈ 19 ویکسین سے متعلق بریڈ فورڈ کےعوام کے کردار پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے وائرس کے پھیلاؤ کی شرح کم ہوگی اور لوگ گرما کی تعطیلات سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بچوں کی تعلیم کے ضیاع پر فکر مند ہوں نیز تعلیمی سرگرمیوں کو بحال کرنا اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

٭…بچوں کے ایمرجنسی فنڈ کے ادارے یونیسف نے بھارت کے سیرم انسٹی ٹیوٹ کوویکسین کی ایک اعشاریہ ایک ارب خوراکیں مہیا کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت سیرم انسٹی ٹیوٹ ایسٹرازینیکا اور آکسفورڈ کے شراکت سے بنائی گئی ویکسین اور انوواویکس ویکسین تین ڈالر فی خوراک کے حساب سے مہیا کرے گا۔

٭…چین کی سرکاری دوا ساز کمپنی کی تیارکردہ ویکسین سائنو فارم کی پانچ لاکھ خوراکیں چین کی جانب سے پاکستان کو عطیہ کی گئی ہیں۔ یکم فروری کو پاکستان فضائیہ کا خصوصی طیارہ ویکسین کی پہلی کھیپ لے کر پاکستان پہنچا۔ پہلے مرحلے میں شعبہ صحت کے عملے اور پھر مرحلہ وار ساٹھ سال یا اس سے بڑی عمر کے افراد اور پھر ساٹھ سال سے کم عمر کے افراد کو ویکسین فراہم کی جائے گی۔ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ 18 سال سے کم عمر افراد کو ویکسین نہیں لگائی جائے گی۔

٭…فیویل یونیورسٹی کے ماہرین نے یہ پریشان کن انکشاف کیا کہ برازیل میں لوگوں کو ایک ہی وقت میں کورونا وائرس کی دو اقسام لاحق ہونے لگیں ہیں۔ برازیل میں اب تک ایسے 2 مریض ہسپتال پہنچے ہیں۔برازیل میں پھیلی دو اقسام کو ’پی1‘ اور ’پی 2‘ کا نام دیا گیا ہے۔

٭…متحدہ عرب امارات حکومت کی جانب سے ’مون شاٹ 2071ء ‘کے نام سے ایک سہ ماہی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اماراتی وزیر برائے کابینہ امور کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد مستقبل کے لیے جدید حل مرتب کرکے مقامی اور بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے بہترین اور ذہین گریجویٹس کو تربیت دینا ہے کہ وہ اپنی مہارت اور صلاحیتوں کو مزید بہتر کر سکیں گے۔

٭… پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں واقع گوادر کرکٹ سٹیڈیم کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ہر کوئی اس کا گرویدہ دکھائی دے رہا ہے۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ اس کا شمار دنیا کے سب سے دلکش میدانوں میں کیا جانا چاہیے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button