حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(28؍جنوری۔09:00 GMT)

کل مریض: 101,483,628

صحت یاب ہونے والے: 73,386,329

وفات یافتگان: 2,185,413

٭…2011ء روس-امریکا جوہری معاہدے کی مدت پانچ فروری کو ختم ہورہی تھی جس پر امریکی اور روسی صدور نے گزشتہ روز معاہدے میں 5 سالہ توسیع پر اتفاق کیا تھا۔ روس کے ایوان بالا اور ایوان زیریں میں بھی جوہری معاہدے ’نیو اسٹارٹ ‘ کی توسیع کی توثیق کی گئی ہے۔

٭…اٹلی کے وزیراعظم گوئسیپ کونٹے نے کورونا وائرس پر ناقص کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے صدر سرجیوماتا ریلا کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا تاہم صدر نے انہیں نئی حکومت کی تشکیل تک کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے جس کا فیصلہ دو دن میں متوقع ہے۔ انہیں کورونا وائرس کیخلاف غیر مؤثر پالیسی اختیار کرنے پر شدید عوامی دباؤ اور مظاہروں کا سامنا تھا اور ملک میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔

٭…ایک سالانہ کانفرنس کے دوران اسرائیلی آرمی چیف نے ایران کی جوہری صلاحیت ختم کرنے کے لیے نئے منصوبے تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سال ایران پر ممکنہ حملے کی تیاری کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دباؤ برقرار رکھیں گے۔ ایران کے پاس ایٹم بم بنانے کی صلاحیت کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے بائیڈن انتظامیہ کو بھی خبردار کر دیا کہ امریکہ 2015ء کی ایران ڈیل میں دوبارہ شامل نہ ہو۔

٭…اسرائیلی سفارتکار ایلن سوزلمین کی سربراہی میں دبئی میں اسرائیلی قونصل خانہ کھول دیا گیا۔ اسرائیلی قونصل خانہ دبئی میں دونوں ممالک میں معاشی تعلقات کو فروغ دے گا۔ اس طرح متحدہ عرب امارات میں 2 جبکہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی سفارتی مشنز کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

٭…ماسکو میں ایران اور روس کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی جس میں ماسکو اور ایران نے 2015ء میں ہونے والے ایران جوہری معاہدہ بچانے پر زور دیا اورروس کا شکریہ اداکیا۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ سب سے اہم موضوعات میں ایک ایران جوہری معاہدے کو بچانا ہے۔ امریکا کو تہران پر سے پابندیاں ختم اور ایران جوہری معاہدے کی تعمیل کرنی چاہیے۔

٭…امریکی صدر جوبائیڈن اور روسی صدر پیوٹن کے درمیان پہلا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ صدر جوبائیڈن نے پیوٹن سے کہا کہ امریکا روسی جارحیت کیخلاف یوکرین کی حمایت کرتا ہے۔ واضح رہے کہ دو دن قبل برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھی امریکی صدر جوبائیڈن کو صدر بننے پر مبارکباد دی تھی۔

٭…چین کے صدر شی جن پنگ نے عالمی اقتصادی فورم سے خطاب میں بائیڈن انتظامیہ کو انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نئی سردجنگ سے باز رہے۔ بیجنگ اور اس کے اقتصادی ماڈل کیخلاف محاذ آرائی کی کوشش نئی سردجنگ کو جنم دے سکتی ہے۔صدر بائیڈن نے کہا تھا کہ وہ پہلے ہی برس عالمی اجلاس بلائیں کر چین جیسی مطلق العنان حکومتوں کیخلاف جمہوریتوں کا محاذ بنائیں گے۔ چینی صدر نے امریکا کا نام لیے بغیر کہا کہ ایسا اقدام مسلح تنازعے کی راہ ہموار کرے گا۔

٭…بائیڈن انتظامیہ نے ٹرمپ کے آخری دنوں میں ہونے والے اربوں ڈالر کے ہتھیاروں کی سودے کو عارضی طور پر منجمد کر دیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد سودے کا ازسر نو جائزہ لینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ وزارت خارجہ کے ایک افسر کے مطابق یہ معمول کی انتظامی کارروائی ہے کیوں کہ ہر نئی انتظامیہ رخصت پذیر انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے ہتھیاروں کے بڑے سودوں کا جائزہ لیتی ہے۔امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہتھیاروں کے فروخت پر عارضی طور پر روک لگانے سے بائیڈن انتظامیہ کویہ یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ آیا امریکی ہتھیاروں کی فروخت مضبوط، قابل اور باصلاحیت سکیورٹی پارٹنرز بنانے کے ہمارے اسٹریٹیجک مقاصد کو پورا کرتی ہے۔

٭…سنگاپور میں حکام کے مطابق ایک ایسا سولہ سالہ بھارتی نژاد مسیحی لڑکا گرفتار کر لیا گیا ہے جو مقامی مسلمانوں پر نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر کیے گئے دہشت گردانہ حملوں جیسے حملے کرنا چاہتا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ سولہ سالہ لڑکا، جو پروٹسٹنٹ مسیحی شہری ہے، پندرہ مارچ کو کرائسٹ چرچ حملوں کے دو سال پورے ہونے کے موقع پر سنگاپور میں بھی مسلمانوں کے خلاف ایسے ہی حملے کرنے کا خواہش مند تھا۔سنگاپور کے حکام نے اس ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم صرف اتنا بتایا کہ اسے گزشتہ ماہ دسمبر میں گرفتار کیا گیا۔

٭…ترک صدر ایردگان کے انٹرنیشنل ’ہولوکاسٹ‘ کے دن کے موقع پرصدارتی اطلاعاتی آفس کی جانب سے weremember.gov.tr ​​پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا۔صدر رجب طیب ایردگان نے اس پیغام میں کہا کہ دنیا میں بڑھتی ہوئی اسلام دشمنی اور غیر ملکی دشمنی کو روکنے کی ضرورت ہے۔ ایک ایسے دور میں جب انسانیت ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے نئی قسم کے کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ نسل پرستی کا وائرس بھی وبا کی شکل میں بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ . weremember.gov.trنام کی ویب سائٹ پر ہولو کاسٹ، روانڈا، سریبرینیکا اور کمبوڈیا کے واقعات کی دستاویزات اور تصاویر کو پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سائٹ پر، جہاں ہولوکاسٹ کا نشانہ بننے والے یہودیوں کے نمائندوں کے پیغامات پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس موضوع پر شائع ہونے والے آرٹیکل، مضامین اور کتابوں کو بھی جگہ دی جائے گی۔

٭…طالبان کے نائب سربراہ اور دوحہ، قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ مُلا عبدالغنی برادر کی قیادت میں ایک وفد منگل کے روز ایران پہنچا، جہاں اُس نے افغانستان میں متحارب گروہوں کے درمیان امریکی سرپرستی میں ہونے والی امن بات چیت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے کا کہنا ہے کہ طالبان کی ٹیم کو دو طرفہ ملاقات کیلئے باضابطہ طور پر ایران آنے کی دعوت دی گئی تھی تا کہ افغان امن عمل کا جائزہ لیا جا سکے۔سابق افغان مشیر اور سیاسی تجزیہ کار طارق فرہادی کا کہنا ہے کہ طالبان کا دورہ ایران، ایران کی امریکی انتظامیہ کے ساتھ سفارتی تعلقات کے لئے ہے۔ طارق فرہادی کہتے ہیں کہ ایران یہ دکھانا چاہ رہا ہے کہ وہ وہ بھی امن عمل میں مددگار ثابت ہوتے ہوئے خطے میں مثبت تعاون کر سکتا ہے۔

٭…26 جنوری کو بھارتی یومِ جمہوریہ کے موقع پر کئی ممالک میں مظاہرے ہوئے جبکہ ہزاروں احتجاجی کسان اپنے ٹریکٹروں پر دارالحکومت دلی میں داخل ہو گئے، کسان مظاہرین نے دلی کی سرحدوں سے ٹریکٹر پریڈ کا آغاز کیا جبکہ کسانوں کا ایک قافلہ رکاوٹیں سر کر کے دلی کے لال قلعہ تک پہنچا جہاں انہوں نے لال قلعے پر اپنے مذہبی اور خالصتان تحریک کا پرچم بھی لہرا دیا۔ پولیس کی جانب سے کسانوں پر لاٹھی چارج، آنسو گیس اور پانی کی توپ کا استعمال کیا گیامزیدبرآں 22مقدمات بھی درج کیے گئے۔ احتجاج کے بعد کئی شہروں اور علاقوں میں ہائی الرٹ ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اس روز ہونے والی فوجی پریڈ سے قبل ہی بحفاظت گھر پہنچادیا گیا، کسانوں کے دھاوے کے بعد وہ لال قلعے پر روایتی خطاب نہیں کر سکے۔واضح رہے کہ بھارت میں دو ماہ سے ہزاروں کسان دلی کی سرحدوں پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں، جن کا مطالبہ ہے کہ بھارتی حکومت متنازع زرعی قوانین کو واپس لے۔

٭…چین اور بھارتی افواج کے درمیان LAC سکم میں تازہ جھڑپ پر چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیان نے کہا ہے کہ چین کی سرحدی فوج نے سرحدی خطے میں امن برقرار رکھنے کا عہد کر رکھا ہے۔ بھارتی فوج کو بھی اسی سمت میں کام کرنے پر زور دیتے ہیں۔ امید ہے کہ فریقین اختلافات کے حل کے لیے مناسب اقدامات کریں گے۔

٭…جنوب مشرقی ایشیائی ملک انڈونیشیا میں سب سے زیادہ فعال آتش فشاں کے پھٹنے سے لاوے کا دریا بہ نکلا، جبکہ دھوئیں کے بادلوں نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ یوگیا کارتا کے آتش فشانی اور جیولوجیکل مرکز کے سربراہ کے مطابق میراپی پہاڑ سے بہنے والا یہ سب سے بڑا لاوا ہے۔ گزشتہ نومبر میں اس حوالے سے پیش گوئی کے بعد جاوا کے میگلنگ اور سلیمان اضلاع کے پہاڑوں پر بسنے والے تقریباً دو ہزار افراد کو اس علاقے سے نکال لیا گیا تھا۔

٭…برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ فی الحال کورونا وائرس کے حوالے سے پابندیاں ہٹانے کی ٹائم لائن دینے کے لیے ڈیٹا ناکافی ہے۔ لندن میں برطانوی پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلہ کرنے کے لیے فروری کے وسط تک بہترین پوزیشن میں ہوںگے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اسکولوں کو کھولنا ہماری اولین قومی ترجیح ہے۔ اسکولوں کو کم از کم 8؍ مارچ تک بند رکھنا ضروری محسوس ہوتا ہے۔

٭…افغانستان میں کورونا وائرس کی ویکسین عوام کو لگائے جانے کی حمایت کرتے ہوئے طالبان ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ ان کا گروپ افغانستان میں ویکسینیشن مہم کی حمایت اور اس کے لیے تعاون بھی فراہم کرے گا۔ عالمی ادارہ صحت کے کورونا ویکسین پروگرام کے تحت افغانستان کو 112 ملین ڈالرز کی امداد دی گئی ہے۔

٭…کولمبیا کے انہتر سالہ وزیر دفاع کارلوس ہومز کوروناوائرس کے باعث انتقال کر گئے۔ وہ کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گیارہ جنوری سے اسپتال میں داخل تھے۔ انہیں طبیعت خراب ہونے پر چار روز قبل انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔

٭…سعودی دارالحکومت ریاض پر ہفتہ23؍جنوری کو داغا جانے والا حوثی ملیشیا کا فضائی ہدف ناکام بنا دیا گیا۔ امریکہ اور برطانیہ نے سعودی دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنانے کی حالیہ کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔ برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈومینیک راب نے کہا کہ برطانیہ اپنے سعودی پارٹنرز کے سا تھ کھڑا ہے۔

٭…ترک میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ قزاقوں نے نائیجریا کے سمندر میں کارگو جہاز پر حملہ کیا جس سے جہاز پر موجود ایک آذربائیجانی شہری ہلاک ہوگیا تھا۔ جبکہ یرغمال بنائے گئے عملے کے 15 ترک شہریوں کی رہائی کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔ ترکی کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ شہریوں کی رہائی کے لیے تمام ملکوں سے رابطے کیے گئے ہیں۔ بحری قزاقوں نے جہاز کے تمام کیبل کاٹ دیئے ہیں اور صرف راڈار کام کررہا ہے۔

٭…عالمی ادارہ صحت ‏( ڈبلیو ایچ او) نے سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کا دورہ کیا اور صحت سے متعلق تمام سہولیات کا جائزہ لیکر اسے دنیا کے صحت افزا شہروں میں سے ایک شہر قرار دے دیا۔ صحت مند شہر کے لیے جتنے عالمی معیار مقرر ہیں، مدینہ منورہ ان عالمی معیاروں پر پورا اترتا ہے۔ مدینہ منورہ کی آبادی 20 لاکھ سے زائد نفوس پر مشتمل ہے۔ اس حوالے سے عالمی ادارۂ صحت نے سرٹیفکیٹ بھی جاری کردیا ہے۔

٭…24؍جنوری کو لندن اور اس کے ملحقہ علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی۔

٭…نیوزی لینڈ میں دو ماہ میں عالمی وبا کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا۔ آکلینڈ سے تعلق رکھنے والی 56 سالہ خاتون نے چند ہفتے پہلے برطانیہ، نیدرلینڈز اور اسپین کا سفر کیا تھا۔ وطن واپسی پر خاتون دو ہفتے قرنطینہ میں رہیں جس کے بعد ان میں کورونا کی علامات سامنے آئی ہیں۔ کیس سامنے آنے کے بعد نیوزی لینڈ حکام نے سفری و دیگر پابندیاں مزید سخت کرنے پر غور شروع کر دیا۔

٭…ایمسٹرڈیم ہالینڈ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومت نے کرفیو کا نفاذ کیا تو اتوار کو شہریوں کی بڑی تعداد خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف شہروں میں سڑکوں پہ آگئی جبکہ شرپسند عناصر نے جلاؤ گھیراؤ اورلوٹ مار کا سلسلہ بھی شروع کردیا۔ پولیس نے جلاؤ گھیراؤ پر قابو پانے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا اور 240 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button