افریقہ (رپورٹس)

مقابلہ تلاوتِ قرآن کریم۔ مجلس انصار اللہ کینیا

(محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ کینیا کو مورخہ 20؍ دسمبر2020ء کو دوپہر دو بجے بذریعہ زوم(zoom)اپنا پہلا مقابلہ تلاوتِ قرآن کریم منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

اس مقابلے کے لیے قرآن کریم کی سورۃ الحشرکی آخری سات آیات (19 تا25) مقرر کی گئی تھیں اور ابتدائی مقابلے کے بعد مختلف ریجنز سے دس انصار کو آخری مرحلے کے لیے منتخب کیا گیا۔ یہ مقابلہ مکرم عبدالعزیز گاکوریا صاحب صدر مجلس انصار اللہ کینیا (صف اوّل) کی سرپرستی میںمنعقد کیا گیا جبکہ منصفین کے فرائض مربیان سلسلہ مکرم ملک بشارت احمد صاحب،مکرم فہیم احمد لکھن صاحب اور خاکسار نے ادا کرنے کی توفیق پائی۔ یہ مقابلہ گذشتہ دنوں منعقد ہونے والے احمدیہ انٹرنیشنل مقابلہ حسن قراءت کی نہج پر منعقد کیا گیا اور حصہ لینے والےہر ایک ناصر کو قراءت کے لیے مخصوص آیات پڑھنے کو کہا گیا۔ ان آیات کی تلاوت کے بعد منصفین میں سے کسی ایک کو اس تلاوت پر اظہار خیال کا موقع دیا جاتا اور یوں ترتیب وار تمام دس مقابلہ کنندگان کو اپنی قابلیت کے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع دیا گیا۔

یہ امر باعث مسرت ہے کہ اس بابرکت مقابلے میں حصہ لینے والے تمام انصار نے مسابقت کی روح کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی بھر پور تیاری کے ساتھ حصہ لیا تھا۔ الحمدللہ علی ذالک

مقابلے کے اختتام پر تینوں منصفین نے پانچ پانچ منٹ کے لیے قرآن کریم کی عظمت،تلاوت قرآن پاک کی اہمیت وفضیلت اس کے قواعد و ضوابط اور مقابلہ ہٰذا کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جس کے بعد مکرم شیخ سمیر احمد صاحب صدر مجلس انصار اللہ کینیا نے اس بابرکت مقابلے میں حصہ لینے والے انصار، منصفین کرام اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ نیز اس مقابلے میں اوّل، دوم اور سوم آنے والے انصار کے ناموں نیز ان کے انعامات کا اعلان کیا۔ آخر میں مولانا طارق محمود ظفر صاحب امیر و مشنری انچارج کینیا نے تعلیم القرآن کی اہمیت اور ایسے مقابلوں کی افادیت سے متعلق مختصر خطاب کیا اور دعا کروائی جس کے بعد یہ پروگرام بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔

اس پروگرام میں، مقابلے میں حصہ لینے والے انصار، منتظمین اور مربیان کے علاوہ پچاس سے زائد احباب جماعت نے بذریعہ زوم شرکت کی۔ فجزاہم اللّٰہ تعالیٰ احسن الجزاء

(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button