افریقہ (رپورٹس)

ہیومینٹی فرسٹ بینن کے تحت پرائمری سکول میں سٹیشنری کی تقسیم

عالمی وبا کے ان ایام میں بھی جماعت احمدیہ دنیا بھر میں غریب لوگوں کی ہر ممکنہ طریق پر امداد کے لئے کوشاں ہے اور ہیومینٹی فرسٹ کا ادارہ صفِ اوّل کی تنظیموں میں سے ہےجو صحت،تعلیم اور دیگر بنیادی ضروریات کی ترسیل میں حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کی رہنمائی میں ان امدادی کاموں کو سرانجام دے رہا ہے۔ چنانچہ بینن میں ضرورتمند طلباء کی امداد کے لئےہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے تعاون سے بینن کی کمیون زے(Zè)کے ایک پرائمری سکول میں کتب،کاپیوں اور دیگر سٹیشنری کی اشیاء تقسیم کرنے کا نہایت پُر مسرت پروگرام منعقد ہوا جس نے ان کم سن طلباء کے چہروں پرقابلِ دید کھلتی ہوئی مسکراہٹ اور ان کے غریب والدین کے چہروں پر سکون بکھیر دیا۔

افریقہ کے ان غریب ممالک میں غربت کے باعث بہت سے ایسے قابل طلباء اور طالبا ت ہیں جو اپنے تعلیمی اخراجات برداشت نہیں کرسکتے اس وجہ سے اُن کی تعلیم ادھوری رہ جاتی ہے اورکم سنی میں ہی محنت مزدوری شروع کر دیتے ہیں۔ ایسے ہی نادار طلباء کی حوصلہ افزائی کو مدِّ نظر رکھتے ہوئےمورخہ 8ستمبر 2020ء کی صبح آموسونتومے(Amoussounotome)گاؤں میں ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم رانا یاسر صاحب،ہیومینٹی فرسٹ بینن کے ڈاکٹر مبارک احمدصاحب اور کمیون زے کےاحمدی بادشاہ کے ہمراہ سکول کی انتظامیہ کے تعاون سے 45 بچوں کو اسٹیشنری کی صورت میں تعلیمی امداد پہنچائی گئی اور اس پروگرام کو کامیاب بنایاگیا۔

پروگرام کے اختتام پر علاقہ کے معززین نے جماعت احمدیہ اور ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے گاہے بگاہےمنعقد کیے جانے والے امدادی کاموں کو بہت سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ عوام کے چہروں پر ظاہر ہونے والی مسرت وشکر گزاری ان کے جذبات کی خود ترجمان تھی۔ علاقے کے بادشاہ جو اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدی ہیں اور اس علاقے میں بہت اثر و رسوخ رکھتے ہیں نے جماعت کی بے لوث خدمتِ انسانیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہت سی فلاحی تنظیمیں ہیں جو لوگوں کی مدد کے دعوے رکھتی ہیں لیکن عملاً اقدامات جماعت احمدیہ کا ہی شیوہ ہے۔

(رپورٹ: منتظر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button