ایشیا (رپورٹس)

’’اسلام امن و سلامتی کا پیغام‘‘ عالمی یومِ امن کے موقع پر ناگویا، جاپان میں تقریب کا انعقاد

ہر سال 21؍ستمبر کا دن دنیا بھر میں عالمی یومِ امن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ 1981ء میں اقوامِ متحدہ کے فیصلہ کے مطابق دنیا بھر میں ہم آہنگی اور امن کے قیام کے لیے 21ستمبر کو International Peace Dayقرار دیا گیا تھا۔ اس دن کی مناسبت سے دنیا بھر میں امن کا پرچار کرنے کے لیےسیمینار منعقد کیے جاتے اور دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

اس مناسبت سے جاپان کے شہر ناگویا میں واقع آئی چی صوبہ کے مرکزی شنتو معبد Aichi Gokoku Shrineمیں ایک دعائیہ تقریب اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جماعت احمدیہ جاپان کو بھی اس پروگرام میں شرکت کی دعوت کے ساتھ ’’امن وسلامتی کے قیام‘‘کے بارہ میں اسلامی تعلیم پیش کرنے کا کہا گیا۔

خاکسار نے اس موقع پر اسلام کے مختصر تعارف کے ساتھ بانی اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاکیزہ اسوہ کی روشنی میں گزارشات پیش کیں۔ نیز مومن اور مسلمان کی تعریف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجة الوداع کے موقع پر مسلمانوں کو متوجہ کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ:

ألا أخبركم بالمؤمن، المؤمن من أمنه الناس على أموالهم وأنفسهم والمسلم من سلم الناس من لسانه ويده

( مسند امام احمد بن حنبل باقی مسند الانصار ۔ مسند فضالة بن عبید الانصاری)

کیا میں تمہیں مومن کے بارہ میں نہ بتاؤں ؟ مومن وہ ہے جس سے لوگ امن میں رہیں ا ن کے اموال اور جانیں ( اس سے محفوظ رہیں) اور مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے انسان سلامتی میں رہیں ۔

اس موقع پر معبد کے چیف مکرم Takabaصاحب اور دیگر مہمانوں کو جماعت احمدیہ کا تعارف کروانے کے ساتھ سیدنا حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے لیکچرز کا مجموعہ ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ بطور تحفہ پیش کی۔ نیز معبد کے چیف کو حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے وزیر اعظم جاپان کے نام خط کا جاپانی ترجمہ پیش کیا۔

اس پروگرام میں کالج کے طلباء سمیت 30مہمان شامل ہوئے۔ مہمانوں کی خدمت میں اسلام احمدیت کے تعارف پر مشتمل مختصر لٹریچر پیش کیا گیا۔ پروگرام کے آخر میں دنیا سے جنگوں کے خاتمہ، مذہبی مظالم کے شکار انسانوں کی امن وسلامتی اور جاپان کی ترقی و بہبود کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔

(رپورٹ: انیس احمد ندیم۔ مبلغ انچارج جاپان)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button