یورپ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ جرمنی کے زیر اہتمام پہلا دو روزہ نیشنل تبلیغ سیمینار

(منور علی شاہد۔ جرمنی)

قیادت تبلیغ مجلس انصاراللہ جرمنی کے زیر اہتمام پہلا دو روزہ نیشنل تبلیغ سیمینار جرمنی کے صوبہ ہیسن (Hessen) کے دارالحکومت ویزبادن کی مسجد مبارک میں 3 و 4؍دسمبر بروز ہفتہ و اتوار منعقد ہوا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔ اس تبلیغ سیمینار میں حاضر انصار کی تعداد167 تھی جبکہ383 نے آن لائن شرکت کی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مسجد مبارک ان مساجد میں شامل ہے جس کی تعمیر سو مساجد تحریک کی بابرکت کوششوں کے نتیجہ میں 2019ء میں مکمل ہوئی اور اس کا افتتاح حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے14؍اکتوبر 2019ء کوفرمایا تھا۔

اس سیمینار کی تیاری کے سلسلہ میں مکرم مبارک احمد شاہد صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی کی نگرانی میں ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے دعاؤں اور عاجزانہ کوششوں کے ساتھ دو روزہ تبلیغی سیمینار کو احسن طریق سے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔اس کمیٹی کے منتظم اعلیٰ مکرم ظفر احمد ناگی صاحب نائب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی تھے جبکہ قائد تبلیغ مکرم شہزاد طیب صاحب نائب منتظم اعلیٰ تھے، دیگر نائبین منتظم اعلیٰ میں مکرم اشفاق سندھو صاحب، مکرم مسعود سبیا صاحب شامل تھے۔ کمیٹی میں شامل دیگر منتظمین کی تعداد 24 تھی جنہوں نے اپنے اپنے نائب منتظم اعلیٰ کی نگرانی میں اپنے شعبہ کی ذمہ داریاں نبھائیں۔

یہ تبلیغ سیمینار مجموعی طور پر چار نشستوں پر مشتمل تھا۔ روزانہ دو نشستیں منعقد ہوئیں، ایک وقفہ سے پہلے اور دوسری وقفہ کے بعد۔ اس دو روزہ تبلیغ سیمینار میں جہاںکوئز پروگرام اور سوال و جواب کی محفل منعقد ہوئی، وہیں جید علمائے کرام سلسلہ نے تبلیغ کے حوالے سے اہم موضوعات پر پانچ لیکچرز دیے اور قرآن و حدیث، حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے احمدیت کے ارشادات کی روشنی میں تبلیغ کی اہمیت و ضرورت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ ان میں درج ذیل عناوین شامل تھے:

تبلیغ اور دور حاضر، میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا، خلفائے احمدیت کے ارشادات کی روشنی میں تبلیغی سرگرمیاں، دعا اور تبلیغ کا تعلق اور داعیان خصوصی کی اہمیت اور انصاراللہ کی ذمہ داریاں۔

مقررین میں مکرم صداقت احمد صاحب مربی سلسلہ و مبلغ انچارج جرمنی، مکرم شمشاد احمد قمر صاحب مربی سلسلہ و پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی، مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ جرمنی، مکرم عبد السمیع خان صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ گھانا اور مکرم محمد اشرف ضیاء صاحب مربی سلسلہ و مبلغ انچارج آسٹریا شامل تھے۔ عبد السمیع خان صاحب اور اشرف ضیاء صاحب نے شرکائے سیمینار سے آن لائن خطاب کیا۔

سیمینار کے دوران مکرم حبیب الرحمان صاحب مربی سلسلہ کی زیر نگرانی ختم نبوت کے عنوان سے بھی ایک پروگرام منعقد ہوا۔ اسی طرح حافظ فرید احمد خالد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ جرمنی نے جرمنی میں تبلیغ کے حوالے سے کی جانے والی ماضی و حال کی سرگرمیوں کے بارے میںشرکاء کو بتایا۔

حسب پروگرام سیمینار دونوں دن صبح گیارہ بجے شروع ہو کروقفے کے ساتھ شام تک جاری رہے۔ سیمینار یوٹیوب کے ذریعے دو دن لائیو دکھایا گیا۔ سیمینار کا اختتام بروز اتوار مکرم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ جرمنی کے اختتامی لیکچر اور دعا سے ہوا۔ سیمینار میں شرکت کرنے والے تمام انصار کو اسناد شرکت دی گئیں۔

(رپورٹ: منور علی شاہد۔ منتظم رپورٹنگ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button