افریقہ (رپورٹس)

کینیا کے مختلف ریجنز میں جلسہ یوم مصلح موعود

ممباسہ ریجن کی کاٹولانی جماعت

مکرم بشارت احمد طاہر صاحب ریجنل مبلغ ممباسہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے کاٹولانی جماعت میں جلسہ یوم مصلح موعود 26؍فروری 2022ء بروز اتوار گیارہ بجے دن سے لےکر 2 بجے دوپہر تک منعقد کیا گیا جس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور پھر حاضرین کو ظہرانہ پیش کیا گیا۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد ایک سواحیلی نظم پیش کی گئی بعدہ مقررین نے پیشگوئی مصلح موعود کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کرتے ہوئے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی سیرت، حالات زندگی اور آپ کے عظیم الشان کارناموں پر روشنی ڈالی۔ آخر پر خاکسار نے تقریر کی اور دعا کروائی۔ اس جلسہ میں بفضل خدا مہمانوں سمیت 170؍افراد شریک ہوئے مہمانان کرام میں گاؤں کی مسجد کے سنی معلم اور چیئرمین بھی شامل تھے۔ اسی طرح قریبی احمدی جماعت کواکاڈوگو سے بھی 20 افراد نے شرکت کی اور وہاں کے بچوں اور بچیوں نے قصیدہ بھی پیش کیا۔

شیانڈہ ریجن (ویسڑن اے)

مکرم محمد احمد عدنان ہاشمی صاحب مبلغ انچارج شیانڈہ ریجن نے لکھا ہے کہ اللہ کے فضل سے ریجن ہذا کی 13 جماعتوں میں جلسہ ہا ئے یوم مصلح موعود منعقد کیے گئے جن میں مجموعی طور پر 309 افراد جماعت اور 80 مہمانان کرام نے شرکت کی۔ ان جلسوں میں ریجنل مبلغ اور معلمین کرام کے علاوہ دیگر احباب جماعت نے بھی تقاریر کیں اور پیشگوئی مصلح موعود کے حوالے سے اس کے مصداق حضرت مرزا بشیرالدین محمود احمد کی سیرت وسوانح آپ کے علمی و روحانی مقام اور جماعتی خدمات کا تذکرہ کیا بفضل خدا ان جلسوں کے نتیجے میں 10 افراد کو بیعت کر کے سلسلہ عالیہ احمدیہ میں شامل ہونے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذالک

ایلڈوریٹ ریجن

ایلڈوریٹ جماعت: ایلڈوریٹ میں جلسہ یوم مصلح موعود 26؍فروری بروز اتوار صبح گیارہ بجے سے لےکر ایک بجے تک زیر صدارت خاکسار (محمد افضل ظفر ریجنل مبلغ) منعقد ہوا۔ تلاوت کلام پاک اور نظم کے بعد پیشگوئی مصلح موعود کا سواحیلی ترجمہ پڑھ کر سنایا گیا بعد ازاں مکرم معلم عثمان چموئی صاحب اور خاکسار نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی سیرت آپ کے علمی اور روحانی مقام اور آپ کی خلافت کے مختلف ادوار کے حوالے سے آپ کو حاصل تائید الٰہی کا تذکرہ کیا اور دعا کے ساتھ یہ جلسہ ختم ہوا۔ کل حاضری 36 رہی ایک عیسائی دوست بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔ نماز ظہر کے بعد حاضرین کو ظہرانہ پیش کیا گیا۔

گارا فالز جماعت: اس جماعت میں بھی جلسہ یوم مصلح موعود 26 فروری گیارہ بجے دن سے لےکر نماز ظہر تک منعقد ہوا جس میں 22 احمدی خواتین و حضرات اور دو مہمانوں نے شرکت کی۔ تلاوت کلام پاک اور نظم کے بعد مقامی معلم صاحب اور ایک خادم نے حضرت مصلح موعوؓد کی سیرت پر تقاریر کیں دعا کے ساتھ جلسہ مختتم ہوا۔ نماز ظہر ادا کی گئی جس کے بعد حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

کبسابٹ جماعت: یہاں بھی جلسہ یوم مصلح موعود 26 فروری کو قبل از نماز ظہر منعقد کیا گیا جس میں تلاوت کلام پاک اور نظم کے بعد حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی حیات طیبہ سے متعلق تقاریر ہوئیں جلسہ کا اختتام دعا سے ہوا جس کے بعد نماز ظہر ادا کی گئی اور پھر اکل و شرب سے حاضرین کی تواضع کی گئی کل حاضری 16 تھی

(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button