کلام امام الزمان علیہ الصلاۃ والسلام

استغفار کثرت سے پڑھو

مَیں تمہیں یہ سمجھانا چاہتا ہوں کہ جو لوگ قبل از نزولِ بلا دعا کرتے ہیں اور استغفار کرتے اور صدقات دیتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اُن پر رحم کرتا ہے اور عذابِ الٰہی سے اُن کو بچا لیتا ہے۔ میری ان باتوں کو قصہ کے طور پر نہ سنو۔ میں نُصْحًالِّلّٰہکہتاہوں اپنے حالات پر غور کرو۔ اور آپ بھی اور اپنے دوستوں کو بھی دعا میں لگ جانے کے لئے کہو۔ استغفار، عذابِ الٰہی اور مصائب شدیدہ کے لئے سِپر کا کام دیتا ہے۔ قرآن شریف میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے مَاکَانَ اللّٰہُ مُعَذِّبَھُمْ وَھُمْ یَسْتَغْفِرُوْنَ (الانفال :٣٤) [یعنی اللہ ایسا نہیں کہ انہیں عذاب دے جبکہ وہ مغفرت اور بخشش طلب کررہے ہوں تو ] اس لئے اگر تم چاہتے ہو کہ اس عذاب الٰہی سے تم محفوظ رہو تو استغفار کثرت سے پڑھو۔

(ملفوظات جلد اول صفحہ ۱۹۱، ایڈیشن ۲۰۲۲ء)

توبہ استغفار کرتے رہو کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے۔ جو استغفار کرتا ہے اُسے رزق میں کشائش دیتا ہے۔

(ملفوظات جلد پنجم صفحہ۴۳۴۔ ایڈیشن۱۹۸۸ء)

استغفار بہت کرو۔ اس سے گناہ بھی معاف ہوجاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اولاد بھی دے دیتا ہے۔

(ملفوظات جلد دوم صفحہ۸۹۔ ایڈیشن۲۰۲۲ء)

ایک شخص نے اپنے قرض کے متعلق دعا کے واسطے عرض کی۔ فرمایا: استغفار بہت پڑھا کرو۔ انسان کے واسطے غموں سے سبک ہونے کے واسطے یہ طریق ہے۔

ایک شخص کو استغفار کرنے کی تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ استغفار کلید ِترقیاتِ روحانی ہے۔

(ملفوظات جلد دوم صفحہ۸۶۔ ایڈیشن۲۰۲۲ء)

مزید پڑھیں: ہجرت کرنے والوں کے لیے خدائی رزق کی بشارت

Related Articles

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button