برازیل کے شہر Cascavel کا ایک روزہ کامیاب تبلیغی دورہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۳؍اکتوبر کو برازیل کے صوبہ Paraná کے شہر Cascavel کا ایک روزہ تبلیغی دورہ ہوا جس میں وقت کی کمی کے باوجود مختلف اہم ملاقاتیں اور مفید روابط قائم ہوئے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

اس شہر کی یونیورسٹی Unioeste کے ایک معروف پروفیسر جناب Paulo Porto سے ان کے دفتر میں ملاقات ہوئی۔ انہوں نے اپنے عملہ کے ہمراہ خوش آمدید کہا۔ تقریباً ۴۵؍منٹ کی گفتگو میں اسلام کا تعارف، جماعت احمدیہ کی پرامن خدمات اور برازیل میں دعوتِ الیٰ اللہ کے کاموں کے متعلق معلومات پیش کی گئیں۔ انہوں نے جماعت کی کوششوں کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کا اظہار کیا۔ انہی کے توسط سے شہر کی منتخب کونسلر محترمہ سے بھی ملاقات ہوئی۔ انہیں اسلام اور جماعت کا مختصر تعارف کروایا گیا اور ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ کتاب کا تحفہ دیا گیا جس پر انہوں نے شکریہ ادا کیا۔
اسی طرح ایک اور کونسلر جناب Edson de Souza صاحب سے بھی ان کے دفتر میں ملاقات ہوئی جس میں مسلم عرب کمیونٹی کے ایک سرگرم نوجوان لیڈر Mr. Jihad بھی موجود تھے۔ اس ملاقات میں حضرت مسیح موعودؑ کی آمد، جماعتی خدمات، مسجد اور قرآن کریم کے تراجم کے حوالہ سے تفصیلی تعارف کروایا گیا۔ کونسلر صاحب نے پرتگالی زبان میں کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ بطور تحفہ قبول کی اور بعدازاں اس ملاقات کی تصاویر اور ویڈیو اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیں۔

اسی روز شہر کی مرکزی پبلک لائبریری کا دورہ کیا گیا۔ انچارج لائبریرین سے ملاقات میں اسلام اور احمدیت کا تعارف پیش کیا گیا اور استفادۂ عام کے لیے پرتگالی زبان میں قرآن کریم کا نسخہ بطور تحفہ دیا گیا جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا اور شکریہ ادا کیا۔
مزید برآں شہر کی دو مقامی اخباروں O Maringá اور Gazeta do Paraná کے دفاتر کا دورہ ہوا اور وہاں تفصیلی انٹرویوز دیے گئے۔ دونوں اخباروں نے ملاقاتوں، کونسلرز سے روابط، لائبریری میں قرآن کریم کے تحفہ اور جماعت احمدیہ کے پیغام اسلام کو نمایاں طور پر تصاویر کے ساتھ شائع کیا۔ ان رپورٹس میں جماعت کا بنیادی پیغام ’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘ بھی شامل کیا گیا، نیز اس بات کا ذکر بھی کیا گیا کہ جماعت احمدیہ کے نزدیک مسیح موعود تشریف لا چکے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام احمدیت کے پیغام کو دنیا کے کناروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: آئیوری کوسٹ کے ریجن فیرکے میں تربیتی و تبلیغی سیمینار کا انعقاد




