میری دھرتی بچا، ظالموں کو مٹا

پاک ہے حمد کے ساتھ تُو پاک ہے
رحمتیں اس پہ جو شاہِ لولاک ہے
دیدۂ تر لیے عبدِ غمناک ہے
سخت موذی عدو سخت بے باک ہے
پالنے والے خادم ہے ہر شے تری
سن کے فریاد میری خبر لے مری
ذرے ذرے پہ حاوی ہے قدرت تری
ہر گھڑی میری حاجت حفاظت تری
اے مددگار! درکار نصرت تری
رحم کر رحم کرنا ہے عادت تری
پالنے والے خادم ہے ہر شے تری
سن کے فریاد میری خبر لے مری
بخش دے بخش دے تُو خطائیں مری
درگذر درگذر ہوں جفائیں مری
پُراثر پُراثر ہوں دعائیں مری
دُور کر دُور کر سب بلائیں مری
پالنے والے خادم ہے ہر شے تری
سن کے فریاد میری خبر لے مری
جو کہ مظلوم ہیں ان مکینوں میں ہم
پھنس کے طوفاں رسیدہ سفینوں میں ہم
گھر چکے ہیں رذیلوں کمینوں میں ہم
ڈالتے ہیں تجھے ان کے سینوں میں ہم
پالنے والے خادم ہے ہر شے تری
سن کے فریاد میری خبر لے مری
ان کے شر سے بچا لے ہمیں اے خدا!
ان کے ہر جور کی دے انہیں تُو سزا
پیس کر تو انہیں خاک ان کی اڑا
میری دھرتی بچا، ظالموں کو مٹا
پالنے والے خادم ہے ہر شے تری
سن کے فریاد میری خبر لے مری
(طارق محمود طاہر۔ نائیجیریا)
مزید پڑھیں: دیے لہو کے جلاتے چلے گئے عشّاق




