گھانا کے انسپکٹر جنرل پولیس کا احمدیہ مسلم مشن گھانا اکرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ
مورخہ ۲۳؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء بروز سوموار احمدیہ مسلم مشن ہیڈ کوارٹرز واقع اوسو اکرا (Osu Accra)گھانا میں ایک اہم میٹنگ ہوئی جس میں امیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ گھانا الحاج مولوی نور محمد بن صالح کی دعوت پرجماعت احمدیہ گھانا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نیشنل ہائی پولیس کمانڈ پر مشتمل افسران انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جارج آکوفو ڈمپرے (Dr. George Akuffo Dampare) گھانا کی قیادت میں مع دیگر پولیس انسپکٹران پولیس کے ہمراہ نیز CID ہیڈجن کی تعداد بیس کے قریب تھی نے احمدیہ مسلم مشن ہیڈ کوارٹرز کا خیرسگالی کے تحت دورہ کیا۔
اس پروگرام کا آغاز دس بجے تلاوت قرآن کریم اور ترجمہ سے ہوا۔دعا کے بعد نائب امیر دوم مکرم الحاج سلیمان اینڈرسن نے آئی جی پولیس اور ان کی ٹیم کو خوش آمدید کہا اور اس کے ساتھ ہی میٹنگ میں موجودہ مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین کا تعارف کروایا پھر مرکزی عاملہ، مرکزی مبلغین کرام اور دیگر مرکزی عملہ کے افردا نے فرداً فرداً اپنا تعارف کروایا۔ بعدہٗ انسپکٹر جنرل پولیس نے اپنا تعارف کروایا اور ان کی ٹیم کے انسپکٹران پولیس نے بھی فرداً فرداً اپنا تعارف کرایا۔ مکرم امیر صاحب نے نیشنل آئی جی پی گھانا کو جماعت احمدیہ گھانا کی نمائندگی میں خوش آمدید کہا اور جماعت احمدیہ کا تعارف و احمدیت کا پیغام پہنچایا۔ مکرم امیر صاحب نے اپنی تعارفی تقریر میں آئی جی کی خدمات کو سراہا جوجولائی ۲۰۲۱ء سے اس منصب پر فائز ہوئے ہیں ۔
وقفہ سوالات میں مرکزی عاملہ کے سیکرٹریان اور مبلغین کرام نے سیکیورٹی، امن وامان، ٹریفک مسائل کے بارے میں آئی جی پولیس اور متعلقہ شعبوں کے ہیڈ انچارج سے سوالات کیے جن کے انسپکٹر جنرل پولیس اور ان کی ٹیم نے مؤثر جواب دیے۔
مکرم امیر جماعت گھانا نے بتایا کہ دوسرے ممالک کی نسبت گھانا میں امن و ا مان کی ایک بہت بڑی وجہ یہ ہے کہ یہاں تمام مسلمان اتفاق و اتحاد، یکجہتی اور سکون کے ساتھ رہتے ہیں اور مذہبی فرقہ واریت نہیں ہے اور کسی قسم کی مذہبی منافرت اور تشدد نہیں ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے آئندہ بھی جماعت کے ساتھ تعاون کرنے کا عندیہ دیا۔
پروگرام کے آخر میں پولیس کے نمائندگان اور جماعت احمدیہ کے نمائندگان نے پریس اور میڈیا کو انٹرویوز دیے اور جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچایا۔ پروگرام کے آخر میں مکرم امیر صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔ اس پروگرام میں پریس اور میڈیا کے نمائندگان کے علاوہ نیوز رپورٹر ایم ٹی اے گھانا، پولیس ٹی وی سٹیشن گھانا، میٹرو ٹی وی GBC اور دیگر چینل شامل تھے جنہوں نے اس پروگرام کو کوریج دی۔ اس دورہ کی خبر360 نیوز گھانا، TV3 گھانا اور دیگر چینلز نے بھی نشر کی۔ یہ پروگرام صبح دس بجے شروع ہوا اور دوپہر ایک بجے تک جاری رہا۔ پولیس انتظامیہ کو رخصت کرنے کے بعد امیر صاحب گھانا نے ڈیڑھ بجے نماز ظہر وعصر جمع کروائیں اور یوں یہ تقریب اختتام پذیرہوئی۔اس تقریب میں بیس سے زائد جماعت احمدیہ کے نمائندگان اور بیس سے زائد پولیس کے نمائندگان اور ۹۸؍ ارکان پرمشتمل پولیس کا عملہ بھی شامل ہوا جو سیکیورٹی پر مامور تھے۔
اختتامی دعا کے بعد جناب آئی جی پی نے انسپکٹران ٹیم کے ہمراہ امیر جماعت احمدیہ گھانا کے دفتر کا دورہ کیا اور جماعت احمدیہ گھانا کی وزیٹر بک پر اپنے تاثرات درج کیے۔ آخر میں تصاویر لی گئیں جن میں مرکزی عاملہ کے چند ممبران و مبلغین اور عملہ پولیس کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہمانان گرامی کی خدمت میں ریفریشمنٹ اور کھانا پیش کیا گیا۔
(رپورٹ: احمد طاہر مرزا۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)