بنگلہ دیش کے رنگپور ضلع کی تین جماعتوں میں وصیت سیمینار کا بابرکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۲؍نومبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ ضلع رنگپور، بنگلہ دیش کی تین جماعتوں رنگپور، شیمپور اور ماہی گنج کا مشترکہ وصیت سیمینار جماعت احمدیہ رنگپور کی مسجد میں منعقد ہوا۔ اس سیمینار کے انتظامات جماعت احمدیہ رنگپور کے سپرد تھے۔

سیمینار کی صدارت مکرم فیروز احمد صاحب صدر جماعت احمدیہ رنگپور نے کی۔ بعد ازاں معزز مقررین نے نظامِ وصیت کی اہمیت، اس میں شمولیت کی فضیلت، زندگی میں جائیداد کا مقررہ حصہ ادا کرنے کی ضرورت، حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی وصیت کے بارے میں تحریکات اور ان پر عمل درآمد نیز نماز باجماعت اور تلاوتِ قرآن کی برکات جیسے موضوعات پر تقاریر کیں۔
اس کے بعد سوال و جواب کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مکرم سرور مرشد صاحب نیشنل سیکرٹری وصیت نے آن لائن شرکت کر کے حاضرین کے سوالات کے جواب دیے۔ آخر میں صدرِ اجلاس کی مختصر تقریر اور دعا کے ساتھ یہ بابرکت سیمینار اختتام پذیر ہوا۔
اس سیمینار میں کُل ۱۱۰؍احباب و خواتین نے شرکت کی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک۔ نماز باجماعت کی ادائیگی کے بعد شاملین کی تواضع ظہرانہ سے کی گئی۔
(رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بوندوکو، آئیوری کوسٹ کا دوسرا ہیلتھ سیمینار




