افریقہ (رپورٹس)

بینن میں فری میڈیکل اینڈ سرجیکل کیمپس کا انعقاد

مکرم رفیق احمد کاشف مبلغ سلسلہ و ایڈمنسٹریٹر احمدیہ کلینک پورتونووو (Porto Novo) بینن (Benin) تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے گذشتہ چند ماہ سے کلینک احمدیہ پورتونووو کو ہر ماہ ایک مفت میڈیکل کیمپ کے انعقاد کی توفیق مل رہی ہے جس میں مفت میڈیکل چیک اپ کیا جاتا ہے۔ انِ کیمپس کی قبل از وقت اعلان کرکے عوام الناس کو اطلاع دی جاتی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

دنیا بھر میں اکتوبر کا مہینہ بریسٹ کینسر سے آگاہی کے طور پرمنایا جاتا ہے۔ اسی مناسبت سے۲۵؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو احمدیہ کلینک میں ایک میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں بریسٹ کینسر، سروائیکل کینسر، بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر کے مفت ٹیسٹ کیے گئے اور اِن کے نتائج کے بعد گائنا کالوجسٹ نے تمام مریضوں کا مفت معائنہ کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل اس کیمپ کے ذریعہ ۴۳؍افراد کی خدمت کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

ماہِ نومبر میں محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ کلینک پورتو نوو کو ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے تعاون سے۱۰تا۱۸؍نومبر ۲۰۲۵ء تک ایک سرجیکل کیمپ کا انعقاد کرنے کی توفیق ملی۔ اس کیمپ کے ليے جرمنی سے ہیومینٹی فرسٹ کی ایک ٹیم ۹؍نومبر ۲۰۲۵ء کو بینن پہنچی جس میں ڈاکٹر عامر عمران صاحب، ڈاکٹر شاذب مرزا صاحب، ڈاکٹر آفان احمد صاحب، ڈاکٹر محمد صادق صاحب، ڈاکٹر عاصم عارف صاحب، Dr. Quynch Chi Le صاحبہ، حارث احمد صاحب اور کمال احمد قاضی صاحب شامل تھے۔ جو محض انسانیت کی خدمت کےليے جرمنی سے افریقہ تشریف لائے۔ اللہ تعالیٰ ان تمام ڈاکٹرز اور ان کے ساتھ آنے والی ٹیم کو اس کی بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین

مورخہ۹؍نومبر کو ہسپتال میں اس کیمپ کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں مکرم حافظ حلیم احمد صاحب نے تلاوت کی۔ ڈاکٹر ولید سیٹھی صاحب نے ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی ٹیم میں شامل تما م ممبران کا تعارف کروایا ۔ مکرم بکری مصلحو صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ بینن نےڈاکٹرز کا تہ دل سے شکریہ اداکیا اور اس پراجیکٹ کے بارے میں حاضرین کو تفصیل بتائی۔ مکرم محمود ناصر ثاقب مبلغ انچارج صاحب بینن نے ڈاکٹرز کو خوش آمدید کہا اور خدمت انسانیت کے بارے میں مختصراً اسلامی تعلیمات بیان کیں اور دعا کے ساتھ یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

اس کیمپ کے دوران جنرل سرجری کے ليے ۵۳؍مریضوں کا چیک اپ کیا گیا اور ۲۱؍مریضوں کے ہرنیا اور رسولی کے مفت آپریشن کيے گئے۔ اس کیمپ کے ليے مکرم شاذب مرزا صاحب ڈینٹل سرجن بھی جرمنی سے تشریف لائے تھے۔ انہوں نے ۱۴۹؍مریضوں کا چیک اپ کیا اور ۱۳۷؍مریضوں کی سرجری کی۔ اس کیمپ کی معاونت کرنے والی ساری ٹیم نے انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہوکر کام کیا۔

اللہ تعالیٰ ان تمام احباب کو جنہوں نے کسی بھی رنگ میں اس کیمپ میں خدمت کی بہترین جزا عطا فرمائے اور ہمیں ہمیشہ محبت اور جذبہ کے ساتھ انسانیت کی خدمت کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ:مرزا فرحان بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کوسوو کی جانب سے یومِ پرچم کی تقریب کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button