مختصر عالمی جماعتی خبریں
﴿ساؤتھ افریقہ﴾
کیپ ٹاؤن کی نواحی بستی کائلیچہ میں امن سمپوزیم کا کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ ساؤتھ افریقہ کو 9؍دسمبر 2017ء کو کیپ ٹاؤن کی نواحی بستی کائلیچہ میں ’’امن یکجہتی اور بھائی چارہ‘‘ کے عنوان پر ایک امن سمپوزیم منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ سال 2017ء میں اس نوعیت کا یہ چوتھا اور آخری پروگرام تھا۔
مکرم منصور احمد زاہد صاحب صدر جماعت و مبلغ سلسلہ ساؤتھ افریقہ کی مرسلہ رپورٹ کے مطابق کائلیچہ کی آبادی تین ملین کے قریب ہے جہاں پر نہ صرف ساؤتھ افریقن لوگ آباد ہیں بلکہ دوسرے افریقن ممالک سے بھی لوگ آکر رہ رہے ہیں۔
پروگرام کا انعقاد جماعت کے سینٹر میں ہی کیا گیا تاکہ لوگوں کو جماعت کا وسیع پیمانے پر تعارف بھی ہو اور جماعت کے سینٹر کا بھی علم ہو جائے۔صدارت کے فرائض مکرم زید ابراہیم صاحب صدر مجلس انصار اللہ ساؤتھ افریقہ نے سر انجام دیئے۔ تلاوت قرآن کریم اور اس کے ترجمہ کے بعد مختلف مذاہب کے نمائندگان نے اس پروگرام کے مرکزی عنوان پر تقاریر کیں۔
میتھوڈسٹ چرچ کے نمائندہ پاسٹروُوسی فُنڈا صاحب نے جماعت کے موٹو ’’محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے بینر کی طرف سامعین کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ اگر اس ماٹو پر ہی عمل کر لیا جائے تو سارے مسائل حل ہو جاتے ہیں۔

صوبائی ممبر آف پارلیمنٹ نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک اس نوعیت کا یہ پہلا پروگرام ہو رہا ہے جس میں وہ شامل ہوئے ہیں۔اس پروگرام کی خاصیت یہ ہے کہ مختلف مذاہب کے نمائندگان کے ساتھ ساتھ سرکاری نمائندگان اور مقامی روایتی چیف بھی شامل ہیں۔
پولیس کے نمائندہ نے پروگرام کے انعقاد پر خوشنودی کا اظہار کیا اور ساؤتھ افریقہ کے مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایسے پروگرام گاہے بگاہے ہوتے رہیں۔
پروگرام کے آخر پر ریفریشمنٹ کا انتظام تھا۔
مقررین کو ’اسلامی اصول کی فلاسفی‘ اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب World Crisis and the Pathway to Peace بطور تحفہ دی گئیں۔
قارئین الفضل سے جماعت احمدیہ ساؤتھ افریقہ کی ترقی اور ملک میں امن کے فروغ کے لئےدعاؤں کی درخواست ہے۔
٭…٭…٭
