متفرق مضامین

سنہ 2018ء زلزلوں کا سال ہے

(ڈاکٹر طارق احمد مرزا۔ آسٹریلیا)

’’پھرچلے آتے ہیں یارو زلزلہ آنے کے دن‘‘

مشہور زمانہ ٹائم میگزین نے گزشتہ برس نومبر (2017) میں یہ خبر دی تھی کہ سائنسدانوں کے مطابق سنہ 2018 ء میں پوری دنیا میں کثیرتعداد میں زلزلے آنے کی توقع ہے یہاں تک کہ یہ سال زلزلوں کا ہی سال کہلائے جانے کا مستحق ہوگا۔سائنسدانوں کے نزدیک اس کابڑا سبب  یہ ہے کہ زمین کی اپنی محور پہ ہونے والی دَوری حرکت میں معمولی سی سستی واقع ہوئی ہے جس کے اثرات نئے سال میں جا کر نمایاں ہوں گے۔میگزین کے مطابق سائنسدان عموماًمستقبل میں آنے والے زلزلوں کے محل وقوع کا بھی اندازہ کرکے بتا دیا کرتے ہیں لیکن اس مرتبہ انہوں نے اس حوالے سے معذوری کا اظہار کیا ہے۔ تاہم گمان یہی کیا جا رہا ہے کہ زیادہ تر یہ زلزلے زمین کے ایکویٹر(Equator) پہ واقع ممالک میں آئیں گے۔سائنسدانوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ گزشتہ 117   برسوں میں زلزلوں کی معیّن پیشگوئی کرنے کی صلاحیت میں انتہائی معمولی سی (Tiny) ہی کامیابی حاصل کر سکے ہیں۔

http://time.com/5031607/earthquake-predictions-2018

ماہرین ارضیات کے ریکارڈ شدہ اعداد وشمار کے مطابق تا دم تحریر(فروری 2018ءکے پہلے ہفتہ تک) کرّۂ ارض میں800سے زائد زلزلے آبھی چکے ہیں۔ان میں سے تازہ ترین بڑا زلزلہ31 جنوری2018ء کو پاکستان اور افغانستان میں آیا جس کے جھٹکے ایک طرف چین اورروس تودوسری طرف مشرق وسطیٰ تک محسوس کئے گئے۔زلزلہ کی شدت 6.1  ڈگری کی تھی۔اس سے قبل 23 جنوری کو امریکہ میں زلزلہ آیاتھا جس کی شدت 7.9 درجہ کی اور10جنوری کو ہنڈوراس میں آنے والے زلزلے کی شدت  7.5  جبکہ  14 جنوری کو پِیرؔو میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 7.1  درجہ کی تھی۔

ان زورآورزلزلوں کے علاوہ امسال دنیامیں چھ تا سات ڈگری شدت کے 11زلزلے،  پانچ تا چھ ڈگری شدت کے 120 زلزلے اور چار تا پانچ ڈگری شدّت کے 704 زلزلے آچکے ہیں۔

صرف امریکہ میں دو اور تین فروری2018ء کو یعنی دودنوں میں سات زلزلے آئے جن کی شدت اڑھائی تا چار ڈگری کی تھی۔

(https://earthquake.usgs.gov/earthquakes/map/)

اللہ تعالیٰ سے خبر پاکر امامِ آخرالزمان حضرت   مسیح موعود علیہ السلام نے زلزلوں کی آمدکو اپنی بعثت سے جُڑے ایک انذاری اور جلالی نشان کے طورپر پیش فرمایا تو ساتھ ہی اللہ تعالیٰ سے ہی الہام پاکرزلزلوں کے بداثرات سے محفوظ رہنے کی مندرجہ ذیل دعا بھی سکھلائی:

 رَبِّ لَاتُرِنِیْ زَلزَلَۃَ السَّاعَۃِ۔رَبِّ لَاتُرِنِیْ مَوْتَ اَحَدِمِّنْھُمْ

یعنی اے رب مجھے زلزلہ کی گھڑی نہ دکھا ۔اے رب مجھے ان میں سے کسی کی موت نہ دکھا۔(تذکرہ)۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو زلزلوں اور ان سے وابستہ مضرّ ات سے محفوظ و مامون رکھے اور لوگوں کو وقت کے امام کی شناخت اور اطاعت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

٭…٭…٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button