جماعت احمدیہ بوگرہ بنگلہ دیش میں ریجنل سطح پر نو مبائعین کی تربیتی کلاسز نیز تبلیغی سیمینار کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۶؍نومبر بروز جمعرات جماعت احمدیہ بوگرہ میں ایک مؤثر تبلیغی سیمینار منعقد ہوا جس میں مکرم شاہ محمد نورالامین صاحب مبلغ سلسلہ و نیشنل سیکرٹری تربیت نومبائعین اور مکرم امتیاز علی صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے شرکت کی۔

سیمینار کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور دعا سے ہوا جس کے بعد جماعت احمدیہ کا تعارف مہمانانِ گرامی کے سامنے پیش کیا گیا۔ سوال و جواب کے اجلاس میں مہمانوں نے مختلف دینی اور جماعتی امور سے متعلق سوالات کیے۔ آخر پر مکرم شاہ محمد نورالامین صاحب نے دعا کروائی۔ اس پروگرام میں غیراز جماعت مسلمان دوستوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مورخہ ۷؍نومبر کو نومبائعین کے لیے تربیتی کلاس کا آغاز نماز تہجد باجماعت سے ہوا۔ صبح ۸ بجے افتتاحی اجلاس تلاوتِ قرآن کریم اور نظم سے شروع ہوا جس کے بعد مکرم امتیاز علی صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے ’’نو مبائعین کون ہوتے ہیں اور بیعت کے بعد ان کی ذمہ داریاں کیا ہیں‘‘کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم شاہ محمد نورالامین صاحب نے تربیتی حوالے سے مفید امور بیان کیے اور دعا کروائی۔

نو مبائعین کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعائیہ تحریک (خطبہ جمعہ فرمودہ۲۳؍اگست۲۰۲۳ء)کی دعائیں بنگلہ ترجمہ کے ساتھ کلاس کے دوران سکھائی گئیں۔ نماز کے مسائل، وضو اور طہارت کے عملی طریقے اور جماعت احمدیہ کی صداقت کے دلائل پر مبنی درس دیے گئے۔ نیز موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں احمدیوں کی ذمہ داریوں پر بھی تربیتی انداز میں روشنی ڈالی گئی۔
بعد نماز جمعہ اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں تلاوت اور نظم کے بعد سیکرٹری تبلیغ اور سیکرٹری تربیت نو مبائعین نے تقاریر کیں۔ دعا کے ساتھ یہ تربیتی کلاس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
اس کلاس میں بوگرہ کے علاوہ گائی بندھا، سراج گنج اور جئی پور ہاٹ اضلاع سے بھی نو مبائعین نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
اللہ تعالیٰ ان نئے شامل ہونے والے احباب کے ایمان و اخلاص میں برکت دے اور انہیں جماعت احمدیہ اور خلافتِ احمدیہ سے مضبوط تعلق قائم رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:نوید الرحمٰن۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: برکینافاسو کے چونتیسویں جلسہ سالانہ کا پہلا روز




