رپورٹ مصروفیات حضور انور برموقع جلسہ سالانہ یوکے 2017

جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ یُوکے منعقدہ (28؍تا 30؍جولائی 2017ء)کے موقع پردنیا کے مختلف ممالک سے وفود کی آمد اور جلسہ میں شمولیت (قسط نمبر 7)

(عبد الماجد طاہر۔ ایڈیشنل وکیل التبشیر)

مرکزی شعبہ جات اور مختلف ممالک سے آنے والے امراء، صدران جماعت اور مبلغین کی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے دفتری ملاقاتوں میں مختلف امور سے متعلق ہدایات کا حصول۔

سینکڑوں افراد نے اپنے پیارے امام سے ذاتی ملاقات کا شرف حاصل کیا۔

[ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ان ایّام میں غیرمعمولی مصروفیات کا مختصر ذکر]

قسط نمبر 7

…  …  …  …  …  …  …  …  …

مؤرخہ 8تا12؍اگست 2017ء

…  …  …  …  …  …  …  …  …

8تا 12؍ اگست 2017ءکو مرکزی نمائندگان، امراء کرام، نیشنل صدران، مبلغین انچارج اور دیگر جماعتی عہدیداروں کا حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ دفتری ملاقاتوں کا پروگرام جاری رہا۔

ملاقات کرنے والوں نے ان ملاقاتوں میں آئندہ سال کے پروگرامز، اپنے تبلیغی ، تربیتی منصوبے اور پلاننگ، مساجدو مشن ہاؤسز اور سنٹرز کی تعمیرکے پروگرام اور اپنے اپنے ملک یا ادارے کے حوالہ سے دیگر منصوبہ جات اور متفرق امور و معاملات پیش کرکے ہدایات حاصل کیں۔

…………………………………

8 ؍اگست 2017ء بروز منگل

…………………………………

8؍اگست بروزمنگل کو ملاقاتوں کا یہ پروگرام صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوا۔ مکرم نائب ناظرصاحب    رشتہ ناطہ ربوہ، مکرم افسر صاحب خزانہ اور مکرم ناظرصاحب تعلیم ربوہ نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے دفتری ملاقات کی سعادت پائی اور مختلف معاملات پیش کرکے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ہدایات حاصل کیں۔

علاوہ ازیں ایڈیشنل وکیل التصنیف صاحب لندن، ایڈیشنل وکیل المال صاحب لندن، ایڈیشنل وکیل التبشیر لندن اور ڈائریکٹر آف پروڈکشن ایم ٹی اے انٹرنیشنل نے بھی حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے دفتری ملاقات کی سعادت پائی اور اپنے مختلف معاملات اور امور پیش کرکے ہدایات حاصل کیں۔

ملاقاتوں کا یہ پروگرام پونے دو بجے تک جاری رہا۔ بعدازاں دو بجے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل تشریف لاکر نماز ظہر و عصر جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔

انفرادی و فیملی ملاقاتیں

پروگرام کے مطابق آج شام سوا پانچ بجے مختلف ممالک سے آنے والے احبابِ جماعت اور فیملیز کی حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز سے ملاقاتیں شروع ہوئیں۔ آج 34؍فیملیز کے 170 افراد اور اس کے علاوہ15؍ احباب نے انفرادی طور پر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیزسے ملاقات کی سعادت پائی۔ اس طرح مجموعی طور پر 185 افراد نے شرفِ ملاقات پایا۔

٭…ملاقات کرنے والی یہ فیملیز درج ذیل 16 ممالک سے آئی تھیں۔

پاکستان، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، دبئی، ابو ظہبی، یُوکے، انڈیا، جرمنی، نائیجیریا، آئیوری کوسٹ، نائیجر، گنی کناکری، اٹلی ، شارجہ اور گھانا۔

٭…ان میں سے ہر ایک نے اپنے پیارے آقا کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت پائی۔ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز نے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو قلم عطا فرمائے اور چھوٹی عمر کے بچوں اور بچیوں کو چاکلیٹ عطا فرمائے۔

٭…ملاقاتوں کا یہ پروگرام شام پونے نو بجے تک جاری رہا۔ بعد ازاں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز نے مسجد فضل میں تشریف لاکر نماز ِ مغرب و عشاء جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

…………………………………

9 ؍اگست 2017ء بروز بدھ

…………………………………

آج حسبِ طریق مکرم وکیل صاحب تعمیل و تنفیذ  (برائے انڈیا، نیپال و بھوٹان) اور مکرم پرائیویٹ سیکرٹری صاحب نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے دفتری ملاقات کی سعادت پائی اور مختلف معاملات اور مفوضہ امور پیش کرکے ہدایات حاصل کیں۔

دفتری ملاقاتوں کا یہ پروگرام صبح ساڑھے دس بجے سے لے کر ڈیڑھ بجے تک جاری رہا۔

بعدازاں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجدفضل تشریف لاکر نماز ظہر و عصرجمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائشگاہ تشریف لے گئے۔

انفرادی و فیملی ملاقاتیں

پروگرام کے مطابق آج شام سوا پانچ بجے مختلف ممالک سے آنے والے احبابِ جماعت اور فیملیز کی حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز سے ملاقاتیں شروع ہوئیں۔ آج 26؍فیملیزکے 130 افراد اور اس کے علاوہ21؍ احباب نے انفرادی طور پر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز سے ملاقات کی سعادت پائی۔ اس طرح مجموعی طور پر 151 افراد نے شرفِ ملاقات پایا۔

٭…ملاقات کرنے والی یہ فیملیز درج ذیل 17 ممالک سے آئی تھیں۔

پاکستان، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، انڈیا، جرمنی، سویڈن، گیانا، کانگو، گھانا، فن لینڈ، ترکمانستان، بیلیز، کویت، فرانس، مسقط اور عمان۔

٭…ان میں سے ہر ایک نے اپنے پیارے آقا کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت پائی۔ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز نے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو قلم عطا فرمائے اور چھوٹی عمر کے بچوں اور بچیوں کو چاکلیٹ عطا فرمائے۔

٭…ملاقاتوں کا یہ پروگرام شام پونے نو بجے تک جاری رہا۔ بعد ازاں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز نے مسجد فضل میں تشریف لاکر نماز ِ مغرب و عشاء جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔

…………………………………

10؍اگست2017ء بروز جمعرات

…………………………………

٭…آج صبح حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز مختلف دفتری امور کی انجام دہی میں مصروف رہے۔ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز نے دفتری ڈاک ملاحظہ فرمائی اور مختلف امور اور معاملات پر ہدایات سے نوازا۔

٭…دو بجے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ ِ العزیز نے مسجد فضل تشریف لاکر نمازِ ظہر و عصر جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے ۔

انفرادی و فیملی ملاقاتیں

٭…پروگرام کے مطابق آج شام سوا پانچ بجے مختلف ممالک سے آنے والے احبابِ جماعت اور فیملیز کی حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز سے ملاقاتیں شروع ہوئیں۔ آج 28 فیملیز کے 240 افراد اور اس کے علاوہ18؍احباب نے انفرادی طور پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیزسے ملاقات کی سعادت پائی۔ اس طرح مجموعی طور پر 158 افراد نے شرفِ ملاقات پایا۔

٭…ملاقات کرنے والی یہ فیملیز درج ذیل 19 ممالک سے آئی تھیں۔

پاکستان، امریکہ، سپین ، کینیڈا، فرانس ، دبئی، ابوظہبی، یوکے، انڈیا، جرمنی، گھانا، بیلجیم، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، آئرلینڈ، فن لینڈ، تنزانیہ، سینیگال، یوروگوئے اور کینیا۔

٭…ان میں سے ہر ایک نے اپنے پیارے آقا کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت پائی۔ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز نے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو قلم عطا فرمائے اور چھوٹی عمر کے بچوں اور بچیوں کو چاکلیٹ عطا فرمائے۔

٭…ملاقاتوں کا یہ پروگرام شام پونے نو بجے تک جاری رہا۔ بعد ازاں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز نے مسجد فضل میں تشریف لاکر نماز ِ مغرب و عشاء جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز اپنی رہائشگاہ پر تشریف     لے گئے۔

…………………………………

11؍اگست 2017ء بروز جمعۃ المبارک

…………………………………

٭…صبح حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے دفتر میں مختلف دفتری امور کی انجام دہی میں مصروف رہے۔ ایک بجے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے مسجد بیت الفتوح تشریف لاکر خطبہ جمعہ ارشاد فرمایااور نماز جمعہ و عصر جمع کرکے پڑھائیں۔ بعدازاں حضورانور  ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر العزیز مسجد فضل تشریف لے آئے۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اس خطبہ جمعہ کا مکمل متن الفضل انٹرنیشنل کے شمارہ یکم ستمبر 2017ء میں شائع ہوچکاہے۔

قادیان سے آنے والوں کی ملاقاتیں

٭…پروگرام کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے قادیان (انڈیا)سے آنے والے مرکزی وفد کے ممبرا ن نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کا شرف پایا۔

٭…امسال قادیان(انڈیا)سے ناظران، نائب ناظران، ذیلی تنظیموں (مجلس انصاراللہ، لجنہ اماء اللہ اور مجلس خدام الاحمدیہ ) کے نمائندگان، مبلغین سلسلہ، معلمین سلسلہ اور دیگر جماعتی دفاتر کے کارکنان اور عہدیداران پر مشتمل 19؍افراد کا مرکزی وفد جلسہ سالانہ یُوکے میں شامل ہواتھا۔ وفد کے ممبران نے اپنے پیارے آقاکے ساتھ تصاویر بنوانے کی سعادت پائی اور شرفِ مصافحہ حاصل کیا۔

پروگرام کے مطابق اگلے دن 12؍اگست بروز ہفتہ کو اس وفد کے ممبران کی واپس انڈیا کے لئے    روانگی تھی۔

٭…نوبجے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل تشریف لاکر نماز مغرب و عشاء جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائشگاہ تشریف لے گئے۔

…………………………………

12؍اگست 2017ء بروز ہفتہ

…………………………………

آج صبح دفتری ملاقاتوں کا پروگرام ساڑھے دس بجے شروع ہوا۔ سب سے پہلے صدرمجلس خدام الاحمدیہ گھانا نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے دفتری ملاقات کا شرف پایا اور مختلف امور اور معاملات پیش کرکے حضورانور سے ہدایات حاصل کیں۔

٭…بعدازاں احمدیہ لائرز ایسوسی ایشن جرمنی (Ahmadiyya Lawyers Association Germany) کے صدر نے دفتری ملاقات کا شرف پایا اور اپنے شعبہ کے حوالہ سے مختلف معاملات پیش کرکے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے رہنمائی حاصل کی۔

٭…اس کے بعد مکرم عبدالفاتح صاحب سٹرکچرل انجینئر (اسلام آباد ، یُوکے پراجیکٹ) نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کی سعادت پائی اور بعض تعمیراتی امور کے حوالہ سے رہنمائی حاصل کی۔

٭…بعدازاں مکرم فائز نوشیروان صاحب آرکیٹیکٹ AMJنے سویڈن اور سوئٹزرلینڈ کے بعض تعمیراتی پراجیکٹس کے حوالہ سے حضورانور کی خدمت میں بعض مختلف معاملات پیش کرکے ہدایات حاصل کیں۔

مبلغ انچارج نیوزی لینڈ کی دفتری ملاقات

٭…اس کے بعد مبلغ انچارج صاحب نیوزی لینڈ نے دفتری ملاقات کا شرف پایا۔

ملاقات کے دوران حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت مسجد بیت المقیت آکلینڈ کے احاطہ میں تعمیر ہونے والے گیسٹ ہاؤس کے مجوزہ نقشہ کو تفصیل سے ملاحظہ فرمایا اورمختلف امور کے متعلق استفسار فرمایااور بعض انتظامی ہدایات سے نوازا۔نیز ہدایت فرمائی کہ آپ نے یہ گیسٹ اپنے سورسز(sources) سے تعمیر کرناہے۔

نیوزی لینڈ کے پہلے ماؤری احمدی میتھیو ابوبکر (Mathew Abu Bakr) اور ان کی اہلیہ (Donnalynn Douglas )صاحبہ کی جلسہ سالانہ یوکے 2017ء میں شمولیت اور حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کے متعلق مبلغ انچارج نے عرض کہ دونوں پر بہت اچھا اثر ہواہے۔

اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایاکہ ٹھیک ہے۔ انہیں آگے لائیں تاکہ وہ اپنے لوگوں سے رابطہ او ر ان میں جماعت کے تعارف کے لئے خود پروگرام بنائیں۔ ان کے علاقہ میں زیادہ سے زیادہ جائیں۔ رابطہ کے لئے ٹیمیں بنائیں اور اس سلسلہ میں کوئی complex نہیں ہوناچاہئے۔ ان کی تعلیم و تربیت بھی کریں تاکہ ان کے دینی علم میں اضافہ ہو۔

مبلغ انچارج نے عرض کیاکہ نیوزی لینڈ جماعت کے سپرد جزائر Tokelau اور Cook Islands ہیں۔ یہاں ماضی میں بیعتیں ہوئی تھیں لیکن ان سے رابطہ نہیں رہا۔ یہاں دوبارہ کام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن عیسائیت کے اثر کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا ہے۔

 اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایاکہ جن کے ذریعہ آغاز میں بیعتیں ہوئی تھیں ان سے رابطہ کریں اور بعض انتظامی ہدایات سے نوازا۔

حضورانور نے فرمایاکہ ہمت نہیں ہارنی۔ مستقل کوشش کرتے چلے جائیں، وقفِ عارضی کا انتظام کریں۔ خدام، لجنہ اور انصار صفِ دوم سے وقفِ عارضی کرنے والے ڈھونڈیں ، اگر کوئی فیملی وقفِ عارضی کرسکتی ہے تو وہ وہاں چلی جائے۔

نیوزی لینڈ میں تھائی لینڈ سے آنے والے نئے احمدی ریفیوجی خاندانوں کا ذکرہواکہ ان کی اکثریت ہملٹن (Hamilton) میں آباد ہورہی ہے۔

اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایاکہ ان کو منظّم کریں اور ان کی تربیت پر خاص زور دیں۔ سنٹر فوری طورپر لے لیں۔ ان کو پہلے دن سے اپنے پاؤں پر کھڑا کریں۔ ملازمتیں اور کام وغیرہ ڈھونڈنے میں ان کی مدد کریں۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے تبلیغ اور تربیت کے حوالہ سے ہدایات دیتے ہوئے فرمایاکہ تبلیغ کے کام کو زیادہ کریں اور تربیت کے حوالہ سے خاص خیال رکھیں۔ فجیئن اور پاکستانی لوگوں کے درمیان گیپ (Gap) کو کم کریں۔ تربیت کے معیار میں کمی ہے۔ اس لئے بعض دفعہ پردہ پوشی کرتے ہوئے سمجھاناپڑتاہے۔ اگر سرزنش کرنی پڑے تو تھوڑی سی سرزنش کے بعد ان کو جماعت سے attach رکھیں۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:۔ صدر اور مربی کے درمیان اختلاف نہیں ہوناچاہئے اور اگر کسی بات پر ہوبھی تو اس کا اظہاریا تأثر جماعت کو نہیں ملنا چاہئے۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ہدایت فرمائی کہ مستنصر صاحب (مربی سلسلہ فارغ التحصیل جامعہ احمدیہ یُوکے) سے بھی کام لیں۔ انگریزی زبان کے حوالہ سے ان کو advantage ہے۔

امیر جماعت سیرالیون کی دفتری ملاقات

٭…بعدازاں امیرصاحب سیرالیون نے دفتری ملاقات کا شرف پایا اور مختلف امور و معاملات پیش کرکے ہدایات لیں۔

کینیما میں ہسپتال کے قیام کے حوالہ سے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے استفسار فرمایاکہ کیا وہاں کے ڈاکٹرز اور انجنیئرز سے مشورہ کرلیاہے نیز حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایاکہ جب بھی یہ ہسپتال بناناہے اس کو مختلف phases میں بنانا ہے۔ phase wise اس کا پلان تیارکریں۔

تبلیغ و تربیت کے حوالہ سے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ہدایت دیتے ہوئے فرمایا:بیعتیں حقیقی ہونی چاہئیں۔ مجھے تعداد بڑھانے کا شوق نہیں ہے۔ جو بھی احمدی ہورہے ہیں ان کی تربیت کا انتظام کریں اور ان کو جماعت کے مالی نظام میں شامل کریں۔ اس بارہ میں میں پہلے بھی کہہ چکاہوں کہ نئے شامل ہونے والے کچھ نہ کچھ چندہ ضرور دیں تاکہ ان کو مالی قربانی کی عادت پڑے اور اس طرح یہ اپنے آپ کو نظام کا حصہ سمجھیں گے۔

امیرصاحب سیرالیون نے عرض کیاکہ سیرالیون کے ایک شہر مکینی میں ریڈیو سٹیشن انسٹال کرنے کا پروگرام ہے۔ اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: اس کے لئے پہلے باقاعدہ پلاننگ کریں اور سارا جائزہ لے کر فیزیبیلٹی رپورٹ بھجوائیں۔

سیرالیون میں ٹرانسپورٹ کی ضروریات کے حوالہ سے بھی حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے بعض انتظامی ہدایات سے نوازا۔

مبلغ انچارج گنی کناکری کی دفتری ملاقات

٭…اس کے بعد مبلغ انچارج گنی کناکری نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے دفتری ملاقات کا شرف حاصل کیا۔

تبلیغ کے حوالہ سے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ہدایت دیتے ہوئے فرمایاکہ جب تبلیغ کرتے ہیں اور پیغام پہنچاتے ہیں تواُسی وقت یہ واضح کرکے بتاناچاہئے کہ ہم حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کو غیر تشریعی نبی مانتے ہیں۔ لوگوں کو آپ علیہ السلام کا بنیادی دعویٰ اور عقائد کا علم ہوناچاہئے۔ لوگوں کو آپ علیہ السلام کے ظلّی نبی ہونے کا علم ہوناچاہئے۔ اگر یہ باتیں ان کے دل میں بیٹھ گئیں تو پھر یہ لوگ مخالفت بھی برداشت کرلیں گے۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا کہ جہاں جہاں معلمین نے کام کیاہے وہاں ہرجگہ جاکر جائزہ لیں کہ کیا سب کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے دعویٰ نبوت کا علم ہے؟ ہر ایک کو واضح کِلیئر کرکے بتائیں۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایاکہ: مخالفت تو ہوگی۔ کویت اور سعودی عرب کی طرف سے مخالفت کا مسئلہ تو ہر جگہ ہے لیکن آپ کا کام تبلیغ کرتے چلے جانا اور پیغام پہنچاناہے۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:۔ جو بھی احمدی ہورہے ہیں ان کو چندہ کے نظام میں شامل کریں۔ ہر ایک شامل ہو اور کچھ نہ کچھ ضرور دے۔ مجھے تعداد بڑھانے سے غرض نہیں۔ جو بھی احمدی ہورہے ہیں حقیقی احمدی ہوں اور آپ کے نظام کا حصہ ہوں۔ سب کو اپنے نظام میں شامل کریں اور مستقل رابطہ رکھیں۔

حضورانور نے فرمایا:وہاں لوگوں کو پاکستان اور انڈونیشیا میں جماعت کے مخالفین کی طرف سے ہونے والی مخالفت کی ویڈیوز دکھائیں اور بعض دوسرے ممالک اور احبابِ جماعت کے استقامت کے واقعات بتائیں۔

حضورانور نے فرمایا:ہر ماہ آپ کا کم از کم ایک دوہفتہ کا جماعتوں کا دورہ ہوناچاہئے۔ اپنے معلمین لوکل طور پر بھی تیارکریں۔ ان کو اعتقادی لحاظ سے اتنا مضبوط کردیں کہ پھر یہ پیچھے نہ ہٹیں۔ جو سیکنڈری سکول پاس ہیں ان میں سے انتخاب کرکے ان کو مبشر یا شاہد کروانے کے لئے جامعہ گھانا بھجوائیں۔

مساجد کی تعمیر کے حوالہ سے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ہدایت دیتے ہوئے فرمایاکہ دس چھوٹی اور ایک بڑی مسجد کا پلان بناکر بھجوائیں۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:۔ پانچ مستحق طلباء کو سکالر شپ دے کر یونیورسٹی میں بھجوائیں۔ اس کے لئے پہلے دو سال کا منصوبہ بناکر بھیجیں۔ ہم خرچ دیں گے۔

حضورانور نے فرمایا:۔جب بورکینافاسو میں جامعہ کھل جائے تو وہاں چلے جائیں لیکن شاہد کرنے کے لئے اور حفظ قرآن کریم کے لئے تو گھانا ہی جانا پڑے گا۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ہدایت دیتے ہوئے فرمایا:۔اپنی جماعتوں میں ایم ٹی اے لگائیں اور سب کو ایم ٹی اے سے وابستہ کریں۔

حضورانورنےفرمایا:ماڈل ویلج بنانے کی کوشش کریں ۔ اس کے لئے IAAAE سے رابطہ کریں اور پلان کریں۔

پرائمری سکولوں کے قیام کے حوالہ سے حضورانور نے فرمایا:۔ دو دو کلاس رومز کے ساتھ پہلے چھوٹی سطح پر کام شروع کریں ۔ اس کے لئے متعلقہ منسٹری یا ادارے سے اجازت لینی پڑے گی۔ حکومت کی اجازت سے یہ پراجیکٹس شروع کریں اور پھر آہستہ آہستہ بڑھاتے چلے جائیں۔

حضورانور نے فرمایا:اپنا پبلک ریلیشن بڑھائیں اور مخالفین کو بتائیں کہ ہم تمہارے خلاف نہیں ہیں بلکہ ہم تو بحیثیت مسلمان سب سے زیادہ وفادار ہیں۔ مختلف ذمہ دار حکام سے آپ کے روابط اور تعلقات ہونے چاہئیں۔ پولیس کمشنر سے بھی تعلقات بنائیں۔ جو بھی وہاں کے امام ہیں ان سے بھی دوستانہ تعلق رکھیں۔ سب کو معلوم ہونا چاہئے کہ جو احمدی ہوں گے وہ ملک کے سب سے زیادہ وفادار ہوں گے اور قانون کی پابندی کرنے والے ہوں گے۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے گنی کناکری میں مزید مربیان بھجوانے کی ہدایت فرمائی نیز ان کے  جلسہ سالانہ پر بھی نمائندگان بھجوانے کی ہدایت فرمائی۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ایبولا سے متأثربچوں کے متعلق فرمایاکہ : دس پندرہ بچوں کا انتخاب کرکے ان کے تعلیمی اخراجات اداکریں۔

مبلغ جاپان کی دفتری ملاقات

٭…بعدازاں مکرم صباح الظفرصاحب مبلغ سلسلہ جاپان نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دفتری ملاقات کا شرف پایا اور ہدایات حاصل کیں۔

حضورانور نے فرمایا:آپ کا تقرر ٹوکیومیں ہوا ہے۔ آپ کو وہاں کسی کی پارٹی بننے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ نے غیر جانبدار رہناہے۔ وہاں پرانے احمدی خاندان آباد ہیں۔ ان کو اپنے قریب کریں۔ آگے ان کے بچوں کی شادیاں ہورہی ہیں۔ ان سب کو اپنے قریب کریں۔ ان کو دینی علم سکھائیں۔ جماعتی پروگراموں میں شامل کریں اور جہاں اصلاح کی ضرورت ہے وہاں حکمت سے اصلاح کے لئے کوشش کرتے رہیں۔

جو لوگ جماعتی پروگراموں اور میٹنگز میں نہیں آتے ان کو سمجھائیں کہ علیحدہ رہنا کوئی کمال نہیں بلکہ یہ بزدلی ہے۔ مردانگی نہیں ہے۔ اصل یہ ہے کہ نظامِ جماعت میں رہ کر اصلاح کریں۔ یکجان ہوں گے۔ ایک ہوں گے تو ترقی ہوگی۔

حضورانور نے فرمایا:۔جوپیچھے ہٹے ہوئے ہیں ان کو جاکر کہیں کہ جب تک تم میں اکائی پیدانہیں ہوگی رُحَمَآءُ بَیْنَہُمْ نہیں ہوگا آپ کچھ نہیں کر پائیں گے اور نہ ہی کوئی ترقی ہوگی۔ یکجان ہوکر کام کریں۔ پھر دیکھیں کہ کس طرح جماعت آگے بڑھتی ہے اور جماعتی ترقی ہوتی ہے۔

ٹوکیومیں مسجد کے لئے جگہ کے حوالہ سے حضورانور نے فرمایا: جائزہ لیتے رہیں اور Real Estate سے بھی رابطہ رکھیں۔

حضورانور نے فرمایا:۔ تبلیغ کے پروگرام بنائیں۔ وہاں کے حالات کے مطابق دیکھیں کہ کون کون سے طریقے ہیں جن سے آپ تبلیغ کرسکتے ہیں اور پیغام پہنچاسکتے ہیں۔ راستے تلاش کرنا آپ کا کام ہے۔

چیئرمین IAAAEیورپین چیپٹر کی اپنی ٹیم کے ساتھ دفتری ملاقات

٭…بعدازاں مکرم اکرم احمدی صاحب چیئرمین احمدیہ آرکیٹیکٹ اینڈ انجینئرز ایسوسی ایشن (IAAAE) یورپین چیپٹر نے اپنی ٹیم کے ساتھ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے دفتری ملاقات کی اور اس ایسوسی ایشن کے تحت دنیا کے مختلف ممالک میں جو سولر انرجی، واٹرپمپس، ماڈل ویلجز اور مختلف تعمیراتی پراجیکٹ جاری ہیں ان کے بارہ میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں مختلف امور پیش کرکے ہدایات حاصل کیں۔

دفتری ملاقاتوں کا یہ پروگرام پونے دو بجے تک جاری رہا۔ بعدازاں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن میں تشریف لاکر نمازِ ظہر و عصر جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورانور  ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائشگاہ تشریف لے گئے۔

انفرادی و فیملی ملاقاتیں

پروگرام کے مطابق آج شام سوا پانچ بجے مختلف ممالک سے آنے والے احبابِ جماعت اور فیملیز کی حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز سے ملاقاتیں شروع ہوئیں۔ آج 16؍فیملیز کے 80؍ افراد اور اس کے علاوہ23؍ احباب نے انفرادی طور پر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز سے ملاقات کی سعادت پائی۔ اس طرح مجموعی طور پر 103 افراد نے شرفِ ملاقات پایا۔

٭…ملاقات کرنے والی یہ فیملیز درج ذیل 16 ممالک سے آئی تھیں۔

پاکستان، امریکہ، کینیڈا، دبئی، یوکے، انڈیا، جرمنی، ہالینڈ، آئرلینڈ، شارجہ، گوائٹے مالا، سیرالیون، فرانس، گیمبیا، کینیا اور نیوزی لینڈ۔

٭…ان میں سے ہر ایک نے اپنے پیارے آقا کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت پائی۔ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز نے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو قلم عطا فرمائے اور چھوٹی عمر کے بچوں اور بچیوں کو چاکلیٹ عطا فرمائے۔

٭…ملاقاتوں کا یہ پروگرام شام پونے نو بجے تک جاری رہا۔ بعد ازاں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز نے مسجد فضل میں تشریف لاکر نماز ِ مغرب و عشاء جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔

٭…٭…٭

Related Articles

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button