حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… برطانیہ میں ۱۴ سے ۱۷؍سال کے ہر آٹھ میں سے ایک نوجوان نکوٹین پاؤچز استعمال کر چکا ہے جس پر ماہرینِ صحت نے تشویش ظاہر کی ہے۔ یہ پاؤچز ٹی بیگ جیسے ہوتے ہیں، مختلف ذائقوں میں دستیاب ہیں اور منہ میں رکھ کر نکوٹین فراہم کرتے ہیں۔ اگرچہ ان سے کینسر کا خطرہ کم سمجھا جاتا ہے مگر نکوٹین کی لت اور منہ و دانتوں کے مسائل کا خدشہ موجود ہے۔ سروے کے مطابق ۱۳؍فیصد نوجوان ان کا استعمال کر چکے ہیں۔ حکومت ۱۸؍سال سے کم عمر افراد پر پابندی اور پیکجنگ و ذائقوں میں تبدیلی کا ارادہ رکھتی ہے۔

٭…اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد اسرائیلی زمینی افواج نے شام کے جنوبی صوبے قنیطرہ میں پیش قدمی کرتے ہوئے دو چیک پوائنٹس قائم کر دیے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق یہ کارروائیاں مقبوضہ گولان ہائیٹس سے کی گئیں۔ شامی سرکاری ٹی وی نے ان اقدامات کو شام کی داخلی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق گذشتہ ایک سال کے دوران اسرائیل کی جانب سے شام میں تقریباً ۶۰۰؍فضائی، ڈرون حملے اور گولہ باری کے واقعات پیش آئے جن کے نتیجے میں شامی شہریوں اور فوجی تنصیبات کو جانی و مالی نقصان پہنچا اور خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

٭… امریکی بزنس مین اور ٹیسلا، اسپیس ایکس، ایکس اور اسٹار لنک کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے دبئی کا دورہ کیا جہاں دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور ایلون مسک کے درمیان ٹیکنالوجی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ گفتگو میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیجیٹل معیشت اور مستقبل کی جدید ٹیکنالوجیز پر توجہ دی گئی۔

Related Articles

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button