تازہ ترین: ۳۴ویں جلسہ سالانہ بینن ۲۰۲۵ء کا پہلا اور دوسرا دن

جلسہ سالانہ بینن ۲۰۲۵ء کا پہلا روز
پہلا دن۔۱۹؍دسمبر بروز جمعۃ المبارک: محض خدا تعالیٰ کے فضل و رحم کے ساتھ آج سے جلسہ سالانہ بینن کا آغاز ہو رہا ہے۔ فالحمدللہ علیٰ ذٰلک۔
جلسہ سالانہ کی تیاریاں تقریباً ایک ماہ قبل شروع ہو گئیں جس میں بینن کے ریجن پوبے کے علاقہ کیتو(Ketou) میں موجود جماعت کی جلسہ گاہ ’’بستانِ مھدی‘‘ کی زمین کی جلسہ کے لیے تیاری سے کام شروع ہوا۔ ملک بھر میں جلسہ سے متعلق پوسٹرز اور دعوت نامے ارسال کیے گئے۔ اس کے علاوہ ریڈیو اور سوشل میڈیا کے ذریعہ جلسہ کی دعوت نا صرف احباب جماعت کے دی گئی بلکہ ائمہ اور دوسرے مذاہب کے رہنما اور اعلیٰ افسران کو بھی جلسہ کی دعوت دی گئی۔ اس کے علاوہ محترم محمود ناصر ثاقب صاحب مبلغ انچارج بینن نے نیشنل سیکرٹری محترم راجی محمد شہود صاحب کے ہمراہ ملک کے تمام ریجن کا دورہ کیا جس میں مبلغینِ کرام، لوکل مشنریز اور صدران جماعت نیز ریجنل صدران سے میٹنگز کیں جن میں انہیں جلسہ میں شمولیت کے لیے بھرپور کوششیں کرنے کی اور زیادہ سے زیادہ احباب جماعت اور غیر از جماعت مہمان جلسہ پر لانے کے لیے حکمتِ عملی کے ساتھ کوشش کرنے کی تلقین کی۔
احباب جماعت جمعرات ۱۸؍دسمبر کو ہی مختلف علاقوں سے جلسہ گاہ میں اکٹھا ہونے شروع ہو گئے۔ گھانا سے محترم امیر صاحب گھانا کی قیادت میں انصاراللہ، خدام الاحمدیہ اور لجنہ اماء اللہ گھانا کے وفود، ٹوگو سے ایک تین رکنی وفد جبکہ یوکے سے ڈاکٹر طارق مدثر صاحب جلسہ سالانہ بینن میں شمولیت کے لیے تشریف لائے۔
۱۹؍دسمبر کو نمازِ تہجد باجماعت جلسہ گاہ میں ادا کی گئی جس کے بعد محترم محمد لقمان بصیریو صاحب امیر جماعت بینن نے نمازِ فجر پڑھائی جس کے بعد احباب کو جلسہ کے لیے خوش آمدید کہا۔
پرچم کشائی: شام پانچ بجے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں امیر صاحب بینن نے، تمام شاملین کے ساتھ ربنا تقبل منا انک انت السمیع العلیم پڑھتے ہوئے، بینن کا پرچم جبکہ محترم مبلغ انچارج صاحب نے لوائے احمدیت لہرایا جس کے بعدمحترم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ بعد ازاں تمام معزز مہمانان جلسہ گاہ میں تشریف لے آئے۔

پہلا اجلاس: جلسہ سالانہ بینن کے پہلے دن کے پہلے اجلاس کی صدارت امیر صاحب بینن نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا جو کہ حافظ تونو داؤدا صاحب نے کی جس کے بعد مدرسۃ الحفظ بینن کے طلباء نے قصیدہ ’’یا قبلی اذکر احمداً‘‘ خوش الحانی کے ساتھ پڑھا اور فرنچ ترجمہ بھی پیش کیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ بینن کے پہلے اجلاس میں 6 مختلف مہمانان اور سیاسی اعلی افسران نےشمولیت کی اور اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔جو کہ درج ذیل ہیں؛
- Abdou Baqi SANNI BACHABI Sahib Director of Cabinet, Ministry of defense Benin
- Mr. Dourhaman IGOUMA (Project manager in the cabinet of the president of Benin)
- His majesty King Dê-Kpo dagba Lokpan 8, of Porto-Novo
- His majesty King of Kika
- Mr. Michel ALOKPO (CCCR)
- Representative of the King of Porto-Novo

ان تمام مہمانان نے جماعت احمدیہ کو اپنے ۳۴ویں جلسہ سالانہ کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی نیز جماعت احمدیہ کی ملک بھر میں خصوصاً جبکہ دنیا بھر میں عموماً انسانیت کی خدمات کو سراہتے ہوئے جماعت احمدیہ کی امن کے قیام کے لیے کاوشوں کا اعتراف کیا۔
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے جماعت احمدیہ بینن کے جلسہ سالانہ کے لیے ایک خصوصی پیغام ارسال فرمایا جو کہ محترم امیر صاحب بینن نے پڑھ کر سنایا جس کا فرنچ ترجمہ محترم پوکولا قاسم افسر صاحب جلسہ سالانہ نے کیا۔ اس کے بعد امیر صاحب نے جلسہ کے مرکزی عنوان ’’امن اور قومی اتحادپر اسلامی نکتۂ نظر‘‘ پر فرنچ زبان میں تقریر کی۔جس میں قرآن کریم کی تعلیمات اور آنحضورﷺ کے نمونہ کو قیام امن کے لئے احسن رنگ میں پیش کیا۔ اس تقریر کا لوکل زبانوں میں بھی ترجمہ کیا گیا۔ اس کے بعد نمازِ مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔
وقفِ نو کا پروگرام: نمازوں کی ادائیگی کے فوراً بعد وقفِ نو کے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں تلاوتِ قرآنِ کریم عزیزم زبیر عبد العزیز (واقفِ نو) نے کی اور فرنچ ترجمہ پیش کیا، نظم عزیزم طاہر مصطفیٰ (واقفِ نو)نے پڑھی، حدیث عزیزم فرید احمد مبارک (واقفِ نو)نے پڑھی اور ساتھ فرنچ ترجمہ پیش کیا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒ کی واقفینِ نو کو نصائح پر مشتمل اقتباس عزیزم میسو توفیق (واقفِ نو) نے پڑھ کر سنائیں اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی واقفینِ نو سے توقعات پر مشتمل ۲۱ نکات عزیزم عبد العزیز آچیدے (واقفِ نو) نے پڑھ کر سنائیں جس کے بعد محترم امیر صاحب بینن نے واقفینِ نو کو اپنے وقف کی روح کو سمجھنے اور اس کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنے کی تلقین کی آخر پر امیر صاحب نے دعا کروائی اور پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

اس کے ساتھ ہے پہلے دن کی کاروائی اختتام پذیر ہوئی۔ فالحمدللہ علیٰ ذٰلک
جلسہ سالانہ بینن ۲۰۲۵ء کا دوسرا روز
۲۰؍دسمبر بروز ہفتہ: جلسہ سالانہ بینن کے دوسرے دن کا آغاز بھی نمازِ تہجد سے ہوا جو کہ حافظ حلیم احمد نے پڑھائی جس کے بعد نمازِ فجر عزیزم گومینا ناصر نے پڑھائی اور’’اطاعتِ نظامِ جماعت اور ہماری ذمہ داریاں ‘‘کے موضوع پر درس دیا جس کا مختلف لوکل زبانوں میں ترجمہ کیا گیا۔

دوسرا اجلاس: جلسہ سالانہ کے دوسرے اجلاس کی صدارت محترم مبلغ انچارج صاحب بینن نے کی۔ پروگرام کا آغاز حسبِ روایت تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا جو حافظ عبد الکبیر صاحب نے کی جس کے بعد نظم بویاگی علی صاحب نے پیش کی۔ اس کے بعد پروگرام کی پہلی تقریر محترم عبد العزیز ابراہیم صاحب ریجنل مشنری نے ’’نظامِ حکومت اور اسلام میں حاکم/عہدیدار کے انتخاب کا معیار‘‘ کے عنوان پر کی جس کا تین مختلف لوکل زبانوں میں ترجمہ کیا گیا۔ اس کے بعد دوسری تقریر صدر مجلس صاحب نے فرنچ زبان میں ’’نظامِ خلافت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر کی۔ جس میں قرآن اور اسلامی تعلیمات کے روشنی میں نظامِ خلافت کی اطاعت، برکات اور ہماری ذمہ دایوں کو بیان کیا۔ جس کے بعد اجلاس اختتام پذیر ہوا۔


وقفہ میں نمازِ ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں جس کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
تیسرا اجلاس: جلسہ سالانہ کے تیسرے اجلاس کی صدارت محترم امیر صاحب گھانا نے کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا جو عزیزم آلاموں رمضان نے کی اور فرنچ ترجمہ پیش کیا اس کے بعد عزیزم موریسو جلیل نے اردو نظم پڑھی۔ اجلاس کی پہلی تقریر خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے فرنچ زبان میں ’’ تیسری جنگ عظیم سے متعلق پیشگوئیاں اور اس سے بچنے کے حل‘‘ کے موضوع پر کی جس میں قرآن کریم اور خلفاء کے ارشادات کی روشنی میں تفصیلات بیان کیں۔تقریر کا ترجمہ تین مختلف لوکل زبانوں میں پیش کیا گیا۔ اس کے بعد اس اجلاس کی دوسری تقریر محترم مظفر احمد ظفر صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’عائلی مسائل اور ان کا حل‘‘ کے موضوع پر فرنچ زبان میں کی اور نکاح کے موقع پر پڑھی جانے والی آیات کی روشنی میں اور احادیث کی روشنی میں عائلی مسائل کا حل پیش کیا۔ اس کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

نمازِ مغرب و عشاء کے بعد جلسہ گاہ مستورات میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد ہوا جس میں تلاوتِ قرآن کریم کے بعد نظم ہوئی اور ناصرات نے ترانہ پیش کیا اس کے بعد جنرل سیکرٹری صاحبہ نے ’’جماعت احمدیہ کی ترقی میں لجنہ اماءاللہ کا کردار‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اور نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے لجنہ اماء اللہ کو اپنی ذمہ داریاں سمجھتے ہوئے خود کو خدمتِ دین کے لئے پیش کرنے اور مالی قربانی میں پہلے سے بڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔
اس کے ساتھ ہی بینن کی روایت کے مطابق مختلف لوکل زبانوں میں جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ چونکہ دور دراز علاقوں سے احباب جلسہ سالانہ میں شرکت کے لیے آتے ہیں اور فرنچ زبان سمجھنے میں جن کو مشکل ہوتی ہے ان کے لیے لوکل زبان میں ایک خاص موضوع پر جلسہ کا انعقاد کیا جاتا ہےجن میں فولانی اور فونگبے زبان شامل ہیں۔ جلسہ کا عنوان ’’آمد امام مہدی کی ضرورت و اہمیت‘‘ تھا۔ فولانی زبان میں جلسہ کی صدارت محترم الحاج ڈیکو محمود صاحب اور محترم آدم ناصر صاحب مبلغ سلسلہ نے کی جبکہ فونگبے میں محترم تونو حبیب صاحب مبلغ سلسلہ اور محترم راحیمی زکریا صاحب نے کی۔
اس کے ساتھ ہی دوسرے دن کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔ فالحمدللہ علیٰ ذٰلک




