یورپ (رپورٹس)

جرمنی میں احمدیہ مساجد ونماز سنٹرز میں مہمانوں کی آمد

۳؍اکتوبر کا دن جرمنی کے ليے بڑی خصوصیت اور اہمیت کا حامل دن ہے۔ اس دن کو دیوارِ برلن گرنے اور مغربی اور مشرقی جرمنی کے ادغام کو علامتی طور پر بڑی شان وشوکت سے منایا جاتا ہے۔ ہم احمدی بھی جذبہ حب الوطن من الایمان کے تحت اس دن اپنی مساجد میں اہالیان یورپ اور دیگر اقوام ومذاہب کی خواتین وحضرات کو مدعو کرتے ہیں۔ اس طرح وہ ہمارے یہاں آتے ہیں اور ہمیں موقع ملتا ہے کہ ہم انہیں احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا تعارف کرائیں، انہیں اپنی مساجد دکھائیں اور اسلام کے اُس روشن اور جاذبِ نظر چہرے کو دکھائیں جسے قرآن اور آنحضرتﷺ نے ہم پر واضح فرمایا۔

۱۹۹۷ء سے جماعت احمدیہ جرمنی ۳؍اکتوبر کو اپنی تمام مسا جد میں Open Mosque Day منانے کی توفیق پارہی ہے۔ الحمدللہ

امسال جلسہ سالانہ جرمنی سے قبل اِس پروگرام کے ڈیجیٹل دعوت نامے تیار کرکے نیشنل سیکرٹری تبلیغ مکرم حافظ فرید احمد خالد صاحب کی طرف سے ہدایات و راہنمائی پر مشتمل ایک سرکلر کے ساتھ تمام مساجد اور کشادہ نماز سنٹروں کو بھجوائے گئے۔ جرمنی کی ۶۱؍مساجد اور ۳۱؍نماز سنٹرز میں یہ پروگرامز منعقد ہوئے۔ تمام مساجد اور نماز سنٹرز کی وقار عمل کے ذریعہ تزئین وآرائش کی گئی۔ مہمان فیملیوں کی دلچسپی کے ليے مختلف انتظامات کیے گئے۔ لجنہ اماءاللہ کی طرف سے بچیوں کے ليےکیلی گرافی اور ڈرائنگ کرنے کا انتظام کیا گیا۔ بچوں کی دلچسپی قائم رکھنے کی خاطر ہمارے بچوں نے حصہ لیا اور بڑوں کے ليے جماعت احمدیہ کا تعارف کروانے کے ليےخوبصورت انداز میں اسلام نمائش اور بک سٹالز لگائے گئے۔ نیز مہمانوں کے ليے وقت کی مناسبت سے ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔

صبح دس بجے تا شام چھ بجے ہماری مساجد و نمازسنٹرز میں مہمانوں کی آمد ورفت کا سلسلہ جاری رہا۔ امسال تقریباً چارہزار ۵۰۰؍مہمانوں کو اسلام احمدیت کا صحیح رنگ میں تعارف کروانے کے ليے مقامی مربیان سلسلہ کے علاوہ فارغ التحصیل مربیان اور جامعہ احمدیہ کے طلبہ اور بعض ایسے نوجوان جنہیں دینی علم کے ساتھ ساتھ جرمن زبان پر بھی عبور حاصل تھا ڈیوٹی پر موجود رہے۔

اِس پروگرام کے انعقاد اور ہر خاص وعام کواس کی دعوت دینے کے ليے جرمنی کے بعض ریڈیو اور ٹی وی چینلز نے بھی اس پروگرام کی تشہیر کی نیز اس پروگرام کے حوالے سے جرمنی بھر کی مختلف مقامی ونیشنل سطح کے اخبارات نے پروگرام سے پہلے بھی اور بعد میں بھی خبریں شائع کیں۔ امسال بھی سوشل میڈیا پر خصوصی مہم چلائی گئی جس کے نتیجہ میں لاکھوں افراد تک جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچا۔

امسال بعض مساجد نے پینل ڈسکشن اور مختلف لیکچرز کا بھی اہتمام کیا ہوا تھا جو اللہ تعالیٰ کے فضل سے کامیاب رہا۔ میڈیا نے بھی اس موقع پر مثبت خبریں اور تجزیے پیش کيے۔

اس پروگرام کے حوالے سے جرمنی بھر کی مختلف مقامی ونیشنل سطح کے اخبارات نے پروگرام سے پہلے بھی اور بعد میں بھی خبریں شائع کیں۔ اسی طرح تقریباً ۹۰؍کے قریب پرنٹ و آن لائن اخبارات نے جماعت احمدیہ کی مساجد کے حوالے سے خبریں شائع کیں۔ نیز سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی لاکھوں افراد تک جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچا۔ ۴؍مختلف ٹی وی چینلز اور ۱۰؍ریڈیو چینلز پر خبریں نشر ہوئیں۔

اس دن ۴۰؍ممبرنیشنل اسمبلی، صوبائی اسمبلی، وزراء، ميئرز، لارڈ ميئرز ہماری مساجد میں تشریف لائے۔ ان کے علاوہ ۹۴؍دیگر اہم سیاسی وسماجی شخصیات نے مساجدونماز سنٹرز کا دورہ کیا اور وہاں اسلام احمدیت کے متعلق آگاہی حاصل کی۔

اللہ تعالیٰ ہمیں صحیح معنوں میں خلافت احمدیہ کا سلطان نصیر بنائے اور تبلیغ اسلام کی توفیق عطافرماتا رہے۔ آمین

(رپورٹ:صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جذبۂ ایثار اور جماعت احمدیہ

Related Articles

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button