٭… مغربی افریقہ کے ملک بینن میں بغاوت کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔حکومتی ترجمان کے مطابق بغاوت کے الزام میں ۱۴؍افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق بغاوت کی کوشش مسلح افواج کے ایک گروپ کی جانب سے کی گئی تھی۔بینن کے وزیرِ داخلہ الاسانے سیدوز نے ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ ملک، مسلح افواج اور اس کی قیادت اپنے حلف پر ڈٹے رہے اور وہ جمہوریہ سے اپنے عہد پر قائم رہے۔واضح رہے کہ اتوار کی صبح فوجیوں کے ایک گروپ نے ایک براڈ کاسٹ میں کہا تھا کہ انہوں نے صدر پیٹرس تالون کو برطرف کر دیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو چشم دید گواہوں نے بتایا تھا کہ صدارتی رہائش گاہ کے قریب فائرنگ کی آواز سنی گئی اور ریاستی براڈ کاسٹ ادارے کے لیے کام کرنے والے چند صحافیوں کو چند گھنٹوں کے لیے یرغمال بنایا گیا تھا۔ دریں اثنا ایک صدارتی مشیر نے بی بی سی کو بتایا کہ صدر اب ایک محفوظ مقام پر ہیں۔دوسری جانب ایک فرانسیسی سفارتکار نے ایک رپورٹ کی تردید کی جس میں کہا گیا تھا کہ صدر نے بینن کے صدر مقام کوٹناؤ میں واقع فرنچ ایمبیسی میں پناہ لی ہے۔ ٭… ایلون مسک نے یورپی یونین کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھاری جرمانہ عائد ہونے پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ایلون مسک نے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ یورپی یونین کو ختم کر دینا چاہیے اور خودمختاری انفرادی ممالک کو واپس کر دی جانی چاہیے تاکہ حکومتیں اپنے لوگوں کی بہتر نمائندگی کرسکیں۔اُنہوں نے وضاحت کرتے ہوئے مزید لکھا کہ میں اس حوالے سے سنجیدہ ہوں، مذاق نہیں کر رہا۔ایلون مسک نے اپنی ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ میں یورپ سے محبت کرتا ہوں، لیکن بیوروکریٹک مونسٹر یورپی یونین سے نہیں۔یاد رہے کہ ایکس کو یورپی بلاک کے ڈیجیٹل قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ۱۲۰؍ملین یوروز یعنی ۱۴۰؍ملین ڈالرز کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ٭… تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان ایک بار پھر جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں، تازہ حملوں میں ایک تھائی فوجی ہلاک اور سات اہلکار زخمی ہوگئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق تھائی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے کمبوڈیا کے ساتھ متنازع سرحد کے نئے مقامات تک حملے بڑھا دیے ہیں۔ تھائی فوج کی جانب سے فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے طیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ترجمان تھائی فوج کا کہنا ہے کہ کمبوڈین ملٹری نے ہتھیار اور فوجیوں کی تعیناتی میں اضافہ کر دیا ہے۔کمبوڈیا کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ تھائی فوج نے اشتعال انگیز کارروائیوں کے بعد دو مقامات پر حملے کیے ہیں، کمبوڈیا کے فوجیوں نے کوئی جوابی کارروائی نہیں کی۔ دوسری جانب ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے کمبوڈین اور تھائی فوج میں مسلح جھڑپوں کی رپورٹس پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ٭…ٹاور آف لندن میں شاہی نوادرات کو نقصان پہنچانے پر ڈسپلے بند کر دیا گیا۔ پولیس اور سٹی آف لندن پولیس نے چار افراد کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق دو افراد نے نوادرات پر کھانے کی اشیاء پھینکیں۔ تفتیش مکمل ہونے تک ٹاور آف لندن بند رہے گا۔ اس میں کوہِ نور سمیت متعدد قیمتی نوادرات موجود ہیں۔ ٭…بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں ’رائٹ ٹو ڈسکنکٹ‘ بل متعارف کرایا گیا، جس کے مطابق ملازمین کو دفتری اوقات کے بعد فون کالز اور ای میلز سے لاتعلق رہنے کا حق حاصل ہوگا۔ بل میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ خواتین کو مخصوص ماہانہ ایام میں دفتر میں ہائی جین سہولتیں اور ’’پیڈ لیو‘‘ دی جائے۔ ٭…لندن سے شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق غزہ کی جنگ اور عالمی تنازعات نے برطانیہ میں اسلام قبول کرنے کے رجحان میں اضافہ کیا ہے۔ انسٹیٹیوٹ فار دی امپیکٹ آف فیتھ اِن لائف (IIFL) نے ۲,۷۷۴؍افراد کے سروے کے نتائج شائع کیے، جن میں بیس فیصد نے عالمی تنازعات کے اثرات سے اسلام اپنایا، جبکہ اٹھارہ فیصد نے ذہنی سکون اور روحانی وجوہات کی بنا پراسلام قبول کیا۔ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ فلسطینیوں کی استقامت، صبر اور ظلم کے خلاف کھڑے ہونے نے برطانوی شہریوں کو اسلام کی جانب مائل کیا۔ قومی اعداد و شمار کے دفتر کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں عیسائی آبادی پہلی بار پچاس فیصد سے کم ہو گئی، جس سے مذہبی اور سماجی ڈھانچے میں تاریخی تبدیلی کی نشاندہی ہوتی ہے۔ یہ تحقیق درج ذیل لنک پر ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔ https://iifl.org.uk/reports/report-the-changing-landscape-of-faith-in-britain/ ٭…٭…٭