اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ برکینافاسو ہر سال ایک تبلیغی اور تربیتی سرگرمی کرتی ہےجس کا نام ’’شہر انصار‘‘ رکھا گیا ہے۔ ۲۰۱۸ء سے شروع ہونے والے اس پروگرام میں ہر سال برکینافاسو کا کوئی ایک شہر منتخب کیا جاتا ہے اور پھر مقررہ تاریخوں پر ملک بھر سے ممبران مجلس انصاراللہ اس شہر میں جمع ہوتےاور تین دن وہاں رہ کر تبلیغی وتربیتی سرگرمیوں اور عبادات میں شامل ہوتے ہیں۔ امسال ’’شہر انصار‘‘ پروگرام مورخہ ۱۴ تا ۱۶؍ نومبر ۲۰۲۵ء تینکو دوگو میں منعقد ہوا۔ ہر سال پروگرام کا ایک نیا موضوع رکھا جاتا ہے۔ اس سال کا موضوع ’’ایک ناصر کے ليے شہری اور قومی تربیت کی ضرورت اور اہمیت‘‘ تھا۔ حسب پروگرام، انصار تینکو دوگو پہنچے۔ ریجنل کونسل تینکو دوگو کے ہال میں پروگرام کا آغاز شام چار بجے مکرم کابورے سلیمان صاحب قائم مقام امیر جماعت برکینافاسو کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تلاوت اور ترجمہ کے بعد ریجنل صدر تینکو دوگو نے استقبالیہ کلمات کہے۔ اس کے بعد صدر مجلس انصاراللہ برکینافاسو نے تقریر کی۔ پھر مقامی سرکاری عہدیداران نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ مہمانوں میں شہر کے میئر اور ہائی کمشنر کے نمائندہ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی تعلیمات کو سراہا۔ ہائی کمشنر صاحب کے نمائندہ نے بھی پروگرام کے انعقاد پر مبارک باد دی۔ آخر پر قائم مقام امیر صاحب نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں جہاد کے موضوع پر تقریر کی اور دعا کروائی۔ اجلاس کے اختتام پر مہمانوں کو کتب کی نمائش کا دورہ کروایا گیا۔ اس کے بعدانہیں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ دوسرے روز نماز تہجد سے دن کا آغاز ہوا۔ نماز فجر کے بعد اطاعت کے موضوع پر درس دیا گیا۔ ناشتہ کے بعد انصار نے شہر میں تبلیغی دورے پر جانے کی تیاری کی۔ اس کے ليے انصار کے دس گروپ بنائے گئے اور ہر گروپ کو ایک بڑی تعداد میں تبلیغی پمفلٹس تقسیم کرنے کے ليے دیےگئے۔ دوپہر تک یہ کارروائی جاری رہی اور شہر کے متفرق حصوں میں سات ہزار سے زائد پمفلٹس تقسیم کيے گئے۔ نماز ظہر کے بعد اجتماعی طو رپر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں انصار نے دعائیہ خطوط لکھے۔ مجموعی طور پر۹۸؍خطوط لکھے گئے۔ برکینافاسو میں روایتی سلطنت اور بڑی مورے بادشاہت کا آغاز تینکو دوگو سے ہوا تھا بعدازاں سب سے بڑا سلطان واگادوگو میں قیام پذیر ہوا تاہم تینکو دوگو کی اہمیت اپنی جگہ قائم رہی۔ ۱۵؍نومبر کو صدر مجلس انصار اللہ برکینافاسو کی قیادت میں تینکو دوگو میں واقع روایتی بادشاہ کے دربارمیں جا کر بادشاہ سلامت سے ملاقات کی گئی۔ انہوں نے احترام سے جماعتی وفد کا استقبال کیا۔ اس ملاقات میں ۴۰؍انصار نے شرکت کی۔ شام چار بجے پروگرام کے مرکزی موضوع پر سورگور عمر صاحب نے تقریر کی جس کا ترجمہ مقامی زبانوں مورے، جولا اور بیسا میں کیا گیا۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد عوامی تبلیغی پروگرام منعقد ہوا جس میں مشن ہاؤس کے وسیع میدان میں ساؤنڈ سسٹم لگا کر تبلیغ کی گئی اور لوگوں کے سوالات کے جواب دیے گئے۔ ۱۶؍نومبر کو دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا پھر نماز فجر ادا کی گئی اور سوشل میڈیا کے فوائد اور نقصانات کے موضوع پر درس دیا گیا۔ صبح پونے چھ بجے اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ تلاوت اور ترجمہ کے بعد انصار اللہ کا عہد دہرایا گیا۔ پھر ناصر اقبال خان صاحب معاون صدر نے ’’شہر انصار‘‘ کی رپورٹ پیش کی۔ اس پروگرام میں مجموعی طو رپر ۱۱۸؍انصار نے شرکت کی۔ پروگرام کے آخر پر صدر مجلس انصاراللہ برکینافاسو نے تقریر کی۔ انہوں نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی۔ اس کے بعد تمام قافلے واپس روانہ ہوگئے۔ اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے نیک اثرات پیدا فرمائے اور مجلس انصاراللہ برکینافاسو کو ترقیات عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: احمدیہ ڈینٹل کلینک ٹلنڈنگ،گیمبیا کے ۵۳؍سال پورے ہونے پر تقریب کا انعقاد