محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ اٹلی کو یہ سعادت حاصل ہوئی کہ مورخہ ۵؍نومبر ۲۰۲۵ء کو اٹلی کے اعلیٰ ترین قانون ساز ادارے سینیٹو دیلا رپوبلیکا (Senato della Repubblica) کے ایک اہم اور تاریخی ہال سالا زُکّاری (Sala Zuccari) میں ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شامل ہوکر اسلام کی امن کی تعلیم کو پیش کرنے کا موقع ملا۔ یہ کانفرنس بعنوان ’’دنیا میں مذہب اور ضمیر کی بنیاد پر ظلم و ستم‘‘محترمہ سینیٹر والیریا والینتے (Sen. Valeria Valente) کی دعوت پر اور Think Tank LIREC کے تعاون سے منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں مختلف مذاہب اور اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی اور مذہبی آزادی اور ضمیر کی آزادی پر مباحثہ ہوا۔ خاکسار (نائب صدر و مبلغ انچارج)کو بطور رکن سائنسی کمیٹی LIREC، جماعت احمدیہ کی نمائندگی کا موقع ملا۔ یہ موقع اس لحاظ سے بھی تاریخی تھا کہ اِس معززایوان کی دیواروں پر حضرت مسیح موعودؑ، حضرت صاحبزادہ عبداللطیف صاحب شہیدؓ اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تصاویر پیش کی گئیں۔ خاکسار نے اپنے تعارفی کلمات میں جماعت احمدیہ کے قیام، اس کی عالمی خدمات اور خلافت احمدیہ کی قیادت میں جاری امن کے پیغام اور اس کی مخالفت کو اختصار کے ساتھ پیش کیا۔ جماعت احمدیہ کے وفد میں شامل افراد کے اسماء درج ذیل ہیں:عبدالفاطر ملک صاحب (صدر جماعت احمدیہ اٹلی)، سید عقیل شاہ صاحب (مبلغ سلسلہ)، تیمور احمد صاحب (نیشنل سیکرٹری امور عامہ)، بشیرالدین توماسی صاحب (نیشنل سیکرٹری تبلیغ)، محمد افضل صاحب (نیشنل زعیم انصاراللہ و صدر جماعت روم) اور خاکسار۔ اللہ تعالیٰ اس خدمت کو قبول فرمائے اور خلافت احمدیہ کے پرامن پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچائے۔ آمین (رپورٹ:عطاء الواسع طارق۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭