اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کو گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی دارالحکومت ہیلسنکی (Helsinki) کے سب سے بڑے بُک فیئر منعقدہ Messukeskus میں سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ یہ بک فیئر ۲۳تا ۲۶؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو منعقد ہوا۔ قرآن کریم کے مختلف تراجم کے ساتھ ساتھ حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کی تصنیفات جماعتی سٹال کی زینت بنیں۔ اس سال کے فیئر نے نیا ریکارڈ قائم کیا جب چار دنوں میں ایک لاکھ چار ہزار ۵۱۶؍افراد نے شرکت کی۔ سٹال پر آنے والے مہمانوں کو اسلام اور احمدیت سے متعلق سوالات کرنے اور مکالمہ کرنے کی دعوت دی گئی جس کے نتیجے میں کئی مرتبہ مفید گفتگو ہوئیں۔ مزید برآں خدام اور انصار نے فیئر سینٹر کے باہر بروشرز تقسیم کیے۔ سٹال اور بیرونی سرگرمیوں کے ذریعے مجموعی طور پر تقریباً اڑھائی ہزار افراد تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ خصوصی پروگرام: فنش زبان میں قرآن کریم کے ترجمہ کا اعلان:اس سال کی سرگرمیوں کا نمایاں ترین پہلو ایک خصوصی پروگرام تھا جو فیئر کے ۱۷؍سٹیجز میں سے ایک پر منعقد ہوا۔ اس موقع پر قرآن کریم کے نئے فنش ترجمہ کی اشاعت کا اعلان کیا گیا جس کا ابتدائی اعلان ۲۰۲۳ء کے بُک فیئر میں بھی ہو چکا تھا۔(تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو الفضل انٹرنیشنل ۲۲؍نومبر ۲۰۲۳ء) یہ پروگرام نہایت کامیاب رہا۔ الحمدللہ، تقریباً ۸۰؍نشستوں والا ہال مکمل طور پر بھرا ہوا تھا اور متعدد افراد کھڑے ہو کر کارروائی سُن رہے تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور فنش ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج نے قرآن کریم کی عالمگیر اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ یہ دنیا کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے جسے ہر انسان کے لیے قابلِ فہم بنانا ضروری ہے۔ مکرم عطاء الغالب صاحب صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ نے ترجمہ کے تاریخی پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کا آغاز ۲۰۱۵ء میں ہوا تھا۔ ہیلسنکی یونیورسٹی کے اسلامک تھیالوجی کے لیکچرار Ilkka Lindstedt صاحب نے ترجمہ کے جائزہ کے مراحل بیان کیے۔ احمدیہ سٹال کے بارے میں زائرین کی رائے نہایت مثبت رہی۔ بہت سے افراد نے جماعت کی اس کاوش کو سراہا کہ وہ اسلام کا پُرامن پیغام عام کر رہی ہے۔ فنش ترجمۃ القرآن کا اجرا ایک تاریخی کامیابی ثابت ہوا جس نے نئے سامعین اور میڈیا کی توجہ حاصل کی۔ چار دن کے اس فیئر کے دوران قرآن کریم کے فنش ترجمہ کی ۱۵؍کاپیاں فروخت ہوئیں جبکہ ۲۱۷؍کتب مفت تقسیم کی گئیں۔ ایک کُرد فری لانس صحافی نے سٹال کا دورہ کر کے قرآن کریم کے فنش ترجمہ اور جماعت کے مقاصد پر انٹرویو کیا جس کی ویڈیو رپورٹ بعد ازاں ان کے فیس بک اکاؤنٹ پر شائع ہوئی۔ اس سے جماعت کا پیغام مزید وسیع پیمانے پر پھیلا۔ اللہ تعالیٰ اس بُک فیئر کے بابرکت نتائج ظاہر فرمائے اور سعید روحوں کو سلسلۂ عالیہ احمدیہ میں شامل ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ جرمنی کے چار ممبران کے ليے صوبائی حکومت کی طرف سے تعریفی اسناد