اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ چٹاگنگ، بنگلہ دیش کے قیام کے پچہترویںسال کی امسال تکمیل ہوئی۔ اسی مناسبت سے امسال کا اجتماع ایک خصوصی اجتماع کے طور پر مورخہ ۱۸تا۲۰؍ستمبر ۲۰۲۵ء مسجد بیت الباسط، چٹاگنگ میں منعقد ہوا۔ افتتاحی اجلاس:مورخہ ۱۸؍ستمبر کو نماز مغرب و عشاء کے بعد افتتاحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت مکرم جہانگیر عالم صاحب قائد ضلع چٹاگنگ نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور اردو نظم کے بعد مکرم امتیاز احمد صاحب (جنہیں امسال جلسہ سالانہ برطانیہ میں شرکت اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کرنے کی سعادت ملی) نے اپنے تاثرات بیان کیے۔ بعد ازاں مکرم محمد امداد الرحمٰن صدیقی صاحب مبلغ سلسلہ و سابق پرنسپل جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش نے خدام و اطفال کو تربیتی نصائح کیں۔ مکرم حاجی خالد الرحمٰن بھوئیاں صاحب امیر جماعت چٹاگنگ نے اظہار خیال کیا جبکہ مکرم سید محمودالاحسان صاحب قائد مجلس خدام الاحمدیہ چٹاگنگ نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ آخر پر صدر اجلاس نے اختتامی کلمات ادا کیے۔ قائدین کانفرنس:نماز جمعہ کے بعد قائدین کی ایک خصوصی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں سابقہ قائدین نے اپنے تجربات اور مفید نصائح پیش کیں۔ اختتامی اجلاس:ہفتہ کے روز نماز ظہر و عصر اور ظہرانے کے بعد اختتامی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت مکرم محبوب الرحمٰن صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم پیش کرنے والے خدام و اطفال نے اول پوزیشن حاصل کی تھی۔ اس اجلاس میں مرکزی نمائندگان مجلس اور مکرم امیر صاحب چٹاگنگ نے بھی تقاریر کیں۔ اس موقع پر موجودہ اور سابق قائدین کو اعزاز کے طور پر Crest پیش کیے گئے۔ آخر پر صدر مجلس نے اختتامی تقریر کی، انعامات تقسیم کیے، عہد دہرایا اور دعا کروائی۔ اس اجتماع میں کُل حاضری ۱۶۶؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭