https://youtu.be/QgrlENgJam8 ٭…افریقی ملک نائیجیریا کے چرچ میں فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔ ابوجا سے نائیجیرین پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ملک کے مغربی علاقے کے ایک چرچ میں پیش آیا۔ نومبر کے ابتدا میں صدر ٹرمپ نے نائیجیریا میں عیسائیوں کے قتل عام کا الزام عائد کرتے ہوئے فوجی کارروائی کی دھمکی دی تھی جبکہ نائیجیریا کی حکومت نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔ ٭…نیویارک سٹی کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی حالیہ دنوں میں امریکی سیاسی مباحثے کا مرکزی موضوع بنے ہوئے ہیں۔ ایسے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ایرک ٹرمپ نے ایک ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کے دوران ظہران ممدانی سے متعلق کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ ایرک ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ممدانی بھارتیوں سے نفرت کرتے ہیں۔ایرک ٹرمپ نے ظہران ممدانی کو سوشلسٹ، کمیونسٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اِن کی پالیسیوں سے نیویارک شہر کی مضبوطی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔انہوں نے ظہران ممدانی پر الزام عائد کیا ہے کہ ممدانی قومی دھارے سے ہٹ کر ایسے اقدامات کرنا چاہتے ہیں جو شہر کے مالی اور انتظامی ڈھانچے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔خیال رہے کہ ۳۴؍سالہ ظہران ممدانی یکم جنوری سے نیویارک کی باگ ڈور سنبھالنے جا رہے ہیں۔ ٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ خفیہ طور پر روس کے ساتھ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ایک نئے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ روس اور یوکرین کی جنگ کے خاتمے کا ۲۸؍نکات پر مشتمل روڈ میپ ہے۔ اس منصوبے میں یوکرین میں امن اور سیکیورٹی گارنٹی شامل ہے، جبکہ یورپ کی سلامتی اور مستقبل میں امریکہ کے روس اور یوکرین سے تعلقات کے معاملات بھی شامل ہیں۔ امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نئے منصوبے کی قیادت کر رہے ہیں۔ امریکی خصوصی ایلچی نے روسی سفیر اور یوکرینی صدر کے سیکیورٹی ایڈوائزر سے بھی منصوبے پر بات چیت کی ہے۔ ٭…امریکہ نے ایک بڑے کریک ڈاؤن کے تحت ۲۰۰؍بھارتی شہریوں کو بھارت ڈی پورٹ کر دیا ہے جن میں بدنامِ زمانہ گینگسٹر انمول بشنوئی، پنجاب میں مطلوب دو فرار ملزمان اور ۱۹۷؍غیرقانونی طور پر مقیم افراد شامل ہیں۔ گینگسٹر انمول بشنوئی پہلے سے گرفتار گینگ لیڈر لارنس بشنوئی کا چھوٹا بھائی ہے جو بھارت میں کئی سنگین مقدمات میں مطلوب ہے۔انمول بشنوئی پر درج متعدد مقدمات میں سابق بھارتی وزیر بابا صدیق کے قتل اور اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے کیسز بھی شامل ہیں۔دوسری جانب امریکی حکام نے گذشتہ سال کیلیفورنیا میں انمول بشنوئی کو پکڑ کر الیکٹرانک اینکل مانیٹر کے تحت نگرانی میں رکھا ہوا تھا، اس کے بعد اسے حراست میں رکھتے ہوئے لویزیانا سے ڈی پورٹ کرنے کی کارروائی مکمل کی گئی ہے۔ ٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ہائی پروفائل دورے کے دوران عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں دنیا کی ارب پتی شخصیت ایلون مسک کی شرکت نے عالمی سطح پر غیر معمولی توجہ حاصل کر لی ہے۔ ایلون مسک اور ولی عہد شہزادہ کی ملاقات جہاں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے وہیں ایلون اور ٹرمپ کی یہ ملاقات اس سال کے اوائل میں پیدا ہونے والے شدید تناؤ کے بعد دوسری مشترکہ عوامی ملاقات تھی جسے تعلقات میں ممکنہ بہتری کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔آخری بار ایلون اور ٹرمپ ستمبر میں ایک تعزیتی اجتماع میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ایلون مسک گذشتہ برس ٹرمپ کی انتخابی مہم کی مالی اور سیاسی حمایت کرتے رہے ہیں اور اس سال کے آغاز میں اِنہیں حکومتی کارکردگی بہتر بنانے کے محکمے DOGE کی قیادت بھی سونپی گئی۔ ٭…یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ رات بھر روسی حملوں میں ۹؍افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ روس کے حملوں سے توانائی اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے، شہریوں پر حملے ظاہر کرتے ہیں کہ روس پر عالمی ممالک کا دباؤ ناکافی ہے۔ ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ روس نے حملے میں ۴۷۰؍سے زائد ڈرونز اور ۴۸؍میزائلوں کا استعمال کیا۔خیال رہے کہ تین دنوں میں یوکرین کے مشرقی علاقے پر اس طرح کا یہ تیسرا حملہ ہے۔ ٭…واشنگٹن میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حالیہ دورے کے بعد جمال خاشقجی کی بیوہ حنان الاتر خاشقجی نے ایک بار پھر اپنے شوہر کے قتل پر معافی اور مالی معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔ مقتول سعودی صحافی کی بیوہ حنان الاتر نے کہا ہے کہ ولی عہد کی جانب سے قتل کو بڑی غلطی قرار دینا کافی نہیں، اِنہیں ذاتی طور پر مل کر معافی مانگنی چاہیے۔حنان الاتر خاشقجی نے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے شوہر کے قتل پر کوئی وضاحت نہیں دی جا سکتی، جمال خاشقجی ایک بہادر اور صاف گو صحافی تھے جن کی سوچ سے اختلاف ممکن تھا لیکن اِن کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے قتل جیسے قدم کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ٭…برطانیہ میں گذشتہ سال ایک لاکھ ۱۹؍ہزار سے زائد گاڑیاں چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ روزانہ چوری ہونے والی گاڑیوں کی اوسط ۳۲۰؍بنتی ہے۔گاڑیاں چوری ہونے کا بڑا سبب چابی کے بغیر چلنے والی ماڈرن ٹیکنالوجی کو قرار دیا گیا ہے۔ چور الیکٹرانک ڈیوائسز کی مدد سے چابی کا سگنل پِک کر کے چند منٹوں میں نئی کار چرا لیتے ہیں۔نئے قانون کے بعد ایسے آلات رکھنا یا شیئر کرنا جرم قرار دے دیا گیا ہے جس پر پانچ برس قید کی سزا ہو گی۔ ٭…٭…٭