امسال نائیجر کی مجلس شوریٰ کی سفارشات کے مطابق شہروں کے بارسوخ، پڑھے لکھے اور صاحب حیثیت احباب تک جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچانے اور مرکزی مشن ہاؤس میں انہیں مدعو کرکے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے حوالے سے قرآن و احادیث کی روشنی میں دلائل کی فراہمی اور سوالات کے جواب دینے کی غرض سے مختلف پروگرامز کا انعقاد جاری ہے۔ چنانچہ مورخہ ۱۱؍اکتوبر بروز ہفتہ نائیجر کے دارالحکومت نیامے میں جماعتی مرکز کو ایک تبلیغی نشست کے انعقاد کا موقع ملا جس میں ۵۵؍افراد نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں شہر کے تعلیم یافتہ مختلف دفاتر میں کام کرنے والے بارسوخ اور صاحب حیثیت زیر تبلیغ افراد کو مدعو کیا گیاتھا ۔ تلاوت کے بعد مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجر نے جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف کروایا۔ چونکہ نائیجر میں زیادہ تر مسلمان آبادی ہے اور تمام حاضرین بھی مسلمان تھے اس لیے بطور خاص وفات مسیح ناصریؑ پر قرآنی آیات و احادیث پیش کی گئیں۔ بعد ازاں شاملین کو سوالات کی پیشکش کی گئی اور ان کے جواب دیے گئے۔ اس پروگرام کا نہایت مثبت اثر لے کر شرکاء نے نماز عشاء احمدیہ مسجد میں ہی ادا کی جس کے بعد تمام شاملین کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔ اللہ کرے کہ اس پروگرام کے ذریعے نیک اور مخلص احباب کی ایک جماعت کو امام وقت کو پہچاننے اور ماننے کی توفیق حاصل ہو۔ آمین (رپورٹ:کوثر جمیل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)