خدا تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۴؍نومبر ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک مدرسۃ الحفظ کے ایک اور طالبعلم عزیزم عبداللہ اسارے بن جعفر (Abdullah Asare Bin Jaffar) نے تکمیل حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کی۔ الحمدللہ۔ اللہ تعالیٰ یہ اعزاز عزیزم، اس کے خاندان اور سلسلہ کے لئے ہر لحاظ سے مبارک کرے۔ آمین عزیزم JHS1(ساتویں کلاس) مکمل کرنے کے بعدمدرسۃ الحفظ میں داخل ہوئے اور یکم اکتوبر ۲۰۲۳ء کو قرآن کریم حفظ کرنا شروع کیا اوردو سال، ۱ ماہ اور ۱۴دن میں قرآن کریم کا حفظ مکمل کیا۔ مورخہ ۱۴؍نومبر کو مکرم حافظ خلیق بشیر صاحب نے بطور استاد ان سے آخری سبق سنا اور سب نے اس نئے حافظ کو مبارکباد دی۔ یہ بچہ مکرم عبد الرشید صاحب آف Nuremberg جرمنی کا بیٹا اور مولوی شریف بن جعفر استاد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کا بھتیجا ہے۔ عزیزم وقف نو کی بابرکت تحریک میں بھی شامل ہے۔ عزیزم کو مدرسۃ الحفظ بھجوانے سے قبل یسرنالقرآن اور صحت تلفظ کے ساتھ قرآن کریم ناظرہ پڑھانے کی سعادت ان کے والد صاحب کو ملی جب وہ گھانا میں مقیم تھے۔ مدرسۃ الحفظ کے آغاز یکم مارچ ۲۰۰۵ءسے اب تک اس ادارے سے ۹۸طلباء قرآنِ کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں جن کا تعلق گھانا، برکینا فاسو،آئیوری کوسٹ، یوگنڈا، لائیبیریا، ٹوگو، بینن، گیمبیا اور پاکستان سے ہے۔ اس وقت مدرسۃ الحفظ میں زیرِ تعلیم طلباء کی تعداد۴۰ہے۔ان طلباء کا تعلق گھانا،گنی بساؤ اور کینیڈا سے ہے۔ (رپورٹ: حافظ مبشر احمد جاوید (مربی سلسلہ)۔ انچارج مدرسۃ الحفظ گھانا)