مجلس انصاراللہ کینیڈا کے اڑتیسویں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ کینیڈا کو اپنا ۳۸؍واں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۲۶؍ تا ۲۸؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو بمقام احاطہ مسجدبیت الاسلام، پیس ولیج کے مرکزی موضوع پر منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ مجلس انصاراللہ کینیڈا کی تاریخ میں پہلی بار تین روزہ سالانہ اجتماع منعقد ہوا۔ اجتماع کے دوران ۲۷؍ستمبر کو لجنہ اماءاللہ یوکے کے اجتماع سے اور ۲۸؍ستمبر کو مجلس انصاراللہ یوکے کے اجتماع سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات براہ راست سننے کی توفیق ملی۔ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اختتامی خطاب کے بعد دُعا سے مجلس انصاراللہ کینیڈا کا سہ روزہ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ دُعا کے بعد حضور انورایدہ اللہ نے ازراہ شفقت شاملین اجتماع مجلس انصاراللہ کینیڈا کی کل حاضری ۳؍ہزار ۸۳۹؍کا اعلان فرمایا۔

اجتماع کے لیے مختلف مارکیاں قائم کی گئیں جن میں اجتماع گاہ، ضیافت، نمائش اور ورکشاپ مارکیاں شامل تھیں۔ رہائش، سٹوڈیو اور سمعی و بصری انتظام کے لیے ٹریلرز مخصوص کیے گئے جبکہ رجسٹریشن کے ساتھ معلوماتی و استقبال ڈیسک قائم تھا۔ شاملین کی سہولت کے لیے بازار میں مختلف کھانوں، مشروبات اور معلوماتی سٹالز کا انتظام تھا۔ ہیومینٹی فرسٹ، طبی امداد، رشتہ ناطہ، باغبانی، سائیکلنگ اور وصیت سے متعلق بوتھز نے نمایاں دلچسپی حاصل کی۔ نظامت فرسٹ ایڈ کے تحت ہومیوپیتھی اور ایلوپیتھی کلینک بھی جاری رہے۔ نظامت بینرز نے خوبصورت انداز میں قرآنی آیات، احادیث اور خلفائے کرام کے ارشادات پر مبنی بینرز تیار کیے جو مختلف مقامات پر آویزاں کیے گئے۔ اجتماع گاہ سے باہر نصب ڈیجیٹل سکرین پر کارروائی اور معلومات مسلسل دکھائی جاتی رہیں۔ شعبہ ضیافت نے لنگر خانے میں تینوں دن لذیذ کھانا اور ہمہ وقت چائے فراہم کی۔ گاڑیوں کی پارکنگ اور آمد و رفت میں رضاکاران نے مثالی خدمت انجام دی۔

دوران اجتماع انصار کے مابین ۱۲؍علمی اور ۱۷؍ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ ورزشی مقابلے طاہرہال اورقریبی پارکس میں جبکہ علمی مقابلے مسجد بیت الاسلام، اجتماع گاہ اور ورکشاپ مارکی میں منعقد کیے گئے۔
اجتماع کی روایت کو قائم رکھتے ہوئے ۱۶؍انصار نے اجتماع میں شمولیت کی غرض سے سائیکل سفر اختیار کیا۔ سب سے لمبا سائیکل سفر کرنے والے ناصر مکرم سلمان خان صاحب تھے جو Halifax سے تقریباً دو ہزار کلومیٹر سائیکل چلا کر اجتماع میں شامل ہوئے۔
مجلس انصاراللہ کینیڈا سٹوڈیو نے اجتماع کے دوران کامیابی اور بہترین انتظام کے ساتھ تین دن تک لائیو سٹریمنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ اجتماع گاہ کے احاطے میں خصوصی طور پر سٹوڈیو قائم کیا گیا جہاں سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خصوصی اجازت سےاجتماع گاہ کے تمام اہم اجلاسات کی براہ راست نشریات پیش کی گئیں۔ اس لائیو سٹریمنگ کا کل دورانیہ ۲۳؍گھنٹوں سے زائد تھا جبکہ تین دنوں کے دوران مجموعی طور پر تقریباً ۱۰؍ہزار احباب نے اس لائیو سٹریم کی نشریات سے فائدہ اٹھایا۔ امسال مجلس انصاراللہ کینیڈا سٹوڈیو کی ٹیم نے مختلف زبانوں میں بھی پروگرام پیش کيے جن میں عربی، بنگالی اور افریقن احباب کے ساتھ خصوصی نشست رکھی گئی تھی۔

ماہ جنوری ۲۰۲۵ء میں مجلس انصاراللہ کے نئے سال کے آغاز پر ہی مکرم عبدالحمید وڑائچ صاحب صدر مجلس نے اجتماع کمیٹی کی منظوری دے دی تھی۔ خاکسار (مبلغ سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا) کو اس اجتماع کے دوران بطور ناظم اعلیٰ خدمت کی توفیق ملی۔ اجتماع کو کامیاب بنانے کے لیے جملہ نائب ناظمین اعلیٰ، ناظمین اور رضاکاران نے کئی ہفتوں تک محنت کی اور اپنی اپنی نظامتوں کی ضروریات، ممکنہ مسائل اور ان کے حل کے لیے کام کیا۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء
پہلا روز: گذشتہ رات دُور دراز سے انصار اجتماع میں شمولیت کی غرض سے تشریف لاچکے تھے۔ دن کا آغاز نمازتہجد سے ہوا۔ نماز فجرکی ادائیگی اور ناشتہ کے بعد اجتماع گاہ میں حضورانورایدہ اللہ کا خطبہ جمعہ سننے کا انتظام کیا گیا تھا۔ دوپہر گیارہ بجے شاملین اجتماع کی رجسٹریشن کا آغاز ہوا اورانصار نے نمازجمعہ اجتماع گاہ میں ادا کی جس کے بعد ظہرانہ پیش کیا گیا۔
تقریب پرچم کشائی: سہ پہر سوا تین بجے پرچم کشائی کی تقریب میں مجلس انصاراللہ کا پرچم صدر مجلس نے جبکہ کینیڈا کا پرچم مکرم امیر صاحب کینیڈا نے لہرایا اور دعا کروائی۔
سہ پہر ساڑھے تین بجے مکرم امیر صاحب کی زیرصدارت افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم ماہر دلال صاحب نے پیش کی جبکہ اردو ترجمہ مکرم محمد احمد مظہر صاحب، انگریزی ترجمہ مکرم عثمان شاہد صاحب اور فرانسیسی ترجمہ مکرم فضل اللہ تیمور صاحب کو پیش کرنے کی سعادت ملی۔ عہد کے بعد اردو نظم مکرم مرزاعبدالقدیرصاحب جبکہ اس کا انگریزی ترجمہ مکرم Olubumi Badmus صاحب نے پیش کیا۔ مکرم امیر صاحب نےا فتتاحی تقریر میں مجلس انصاراللہ کینیڈا کےاس سال کے مرکزی موضوع کی مناسبت سے تبلیغ کے حوالے سے انصار بھائیوں کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور پھر دعا کروائی۔
اجتماع کے پہلے روز تلاوت قرآن کریم صف اوّل اور صف دوم، اردو تقریر صف اوّل وصف دوم کے علمی مقابلے جبکہ کرکٹ، رسّہ کشی، بیڈ منٹن اورمشاہدہ معائنہ کے ورزشی مقابلوں کاانعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ و تربیتی اجلاس:اسی طرح اجتماع کے پہلے روز ورکشاپ مارکی میں رشتہ ناطہ اورمضمون نگاری کے حوالے سے ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا جبکہ اجتماع گاہ میں مکرم داؤد احمد حنیف صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ کینیڈا کی زیرصدارت تربیتی ومعلوماتی اجلاس منعقد ہوا جس دوران ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’بچوں کےاعلیٰ تعلیم کےحصول کی بابت راہنمائی‘‘ از مکرم ڈاکٹر توصیف احمد خان صاحب اور ’’بچوں پر اثراندازہونےوالی معاشرتی برائیاں اوران سے بچاؤ‘‘ از مکرم شیخ داؤد احمد صاحب۔
اجتماع کا دوسرا روز:اجتماع کے دوسرے روز کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کی ادائیگی اورناشتہ کے بعدعلمی اور ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جن میں یہ علمی مقابلے شامل تھے:نظم صف اوّل وصف دوم، حفظ القرآن، عربی تقریر، فرنچ تقریر، ترجمۃ القرآن، اردوتقریرصف اوّل، انگریزی تقریر صف دوم۔ اسی طرح یہ ورزشی مقابلے شامل تھے: کرکٹ، رسّہ کشی، والی بال، گولف، اتھلیٹکس، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، فٹ بال اور پیغام رسانی۔ اسی طرح خصوصی طور پرگھڑسواری کا بھی انتظام کیا گیا تھا جسے کافی پسند کیا گیا۔
ورکشاپ و تربیتی اجلاس: دوسرے روز ’’مصنوعی ذہانت سے متعلق افواہوں کے بالمقابل حقیقت‘‘ (Myths vs Reality of AI)اور ’’ذہن کو کامیابی کی طرف لے کر جانا‘‘ (Directing the mind to success) کے موضوعات پرورکشاپس کا انعقاد ہوا۔ اسی طرح اجتماع گاہ میں دوتربیتی اور معلوماتی اجلاس ہوئے۔
پہلا اجلاس مکرم ملک کلیم احمد صاحب نائب امیرکی زیرصدارت منعقد ہوا جس دوران یہ تقاریر ہوئیں:’’بچوں کےدلوں میں خلافت سے محبت راسخ کرنے کے طریق‘‘ از مکرم عبد السمیع خان صاحب اور ’’نظام وصیت میں شامل ہونے کی اہمیت اور برکات‘‘ از مکرم غلام مصباح بلوچ صاحب۔
دوسرا اجلاس مکرم عبد الرشید انور صاحب نائب امیر و مبلغ انچارج کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں یہ تقاریر ہوئیں:’’شادی بیاہ کے معاملات میں قول سدید کی اہمیت‘‘ از مکرم سہیل مبارک احمد شرما صاحب اور ’’تبلیغ اوراس کے تقاضے‘‘ از مکرم انصررضا صاحب۔
خصوصی نشست:شام پانچ بجے ورکشاپ مارکی میں مکرم امیرصاحب کی زیرصدارت اردو زبان نہ بولنے والے انصار کےساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیاگیا جس میں عرب، افریقن، بنگالی اوردیگر انصار نے بھرپور شرکت کی اورمکرم امیر صاحب کے ساتھ سوال وجواب کا اجلاس ہوا۔
مجلس سوال وجواب:نماز مغرب و عشاء کے بعد مکرم امیر صاحب کی زیرصدارت اجتماع گاہ میں سوال وجواب کی مجلس ہوئی جس میں مکرم عبد الرشید انورصاحب نائب امیر و مبلغ انچارج کینیڈا اورمکرم ڈاکٹر منصور قریشی صاحب صدر مجلس انصاراللہ امریکہ نےمکرم امیرصاحب کے ساتھ پوچھےگئےسوالات کےجواب دیے۔
اجلاس کے آخر پر مکرم امیرصاحب نےعلمی مقابلوں میں نمایاں پوزیشنزحاصل کرنےوالے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔
تیسرا روز:نماز تہجداور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد انصار نے ناشتہ کیا اور صبح ساڑھے آٹھ بجےمکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ کی صدارت میں اختتامی اجلاس کا آغاز ہوا۔ تلاوت مکرم کامران منہاس صاحب، انگریزی ترجمہ مکرم محمد محمود اقبال صاحب اوراردو ترجمہ مکرم عبدالستارقمرصاحب کو پیش کرنے کی توفیق ملی۔ بعد ازاں اردو نظم مکرم کامران شہزاد صاحب اوراس کا انگریزی ترجمہ مکرم صفی اللہ راجپوت صاحب نے پیش کیا۔ مکرم میاں رضوان مسعود صاحب، نیشنل سیکرٹری تحریک جدید نے ’’تحریک جدید اور سادہ زندگی‘‘ کے موضوع پر تقریرکی جس کے بعد خاکسار نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ پھر مکرم صدر صاحب نے اپنی تقریر میں انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے اصلاح نفس کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں صدر مجلس نے ورزشی مقابلوں میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والےانصارمیں انعامات تقسیم کیے۔
حاضرین نے مجلس انصاراللہ یوکے کے سالانہ اجتماع سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اختتامی خطاب براہ راست اجتماع گاہ میں نصب سکرین پر two way video link کے ذریعہ دیکھا۔ (خلاصہ خطاب کے لیے ملاحظہ ہو الفضل انٹرنیشنل مورخہ ۴؍اکتوبر۲۰۲۵ء) نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے پیچھے عہد بھی دہرانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں اختتامی دعا کے ساتھ یہ بابرکت اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔
اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو اس اجتماع سے بھر پور فائدہ اٹھانے اور حسنِ عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:سہیل احمد ثاقب۔ناظم اعلیٰ اجتماع مجلس انصا را للہ کینیڈا)
مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ فن لینڈ کے دسویں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد




