https://youtu.be/yvshAMpCnU4 محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے خاکسار (صدر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل) کو مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ برازیل کے ہمراہ مورخہ ۵تا۱۲؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو صوبہ Paraná کے معروف شہر Maringá میں تبلیغی دورہ کرنے کی توفیق ملی۔ اس دورے کے دوران مختلف سرکاری و علمی اداروں کے نمائندگان سے ملاقاتیں ہوئیں اور اسلام و احمدیت کا پیغام پیش کرنے کے کئی مواقع میسر آئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک شہر کی سٹی کونسل کی صدر Majô Capdeboscq صاحبہ نے اپنی مصروفیات کے باوجود ملاقات کا وقت دیا۔ ان کے ہمراہ کونسل کے نائب صدر جناب Sidney Telles اور پروفیسر Pacíficoسمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ تقریباً چالیس منٹ جاری رہنے والی اس ملاقات میں جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف پیش کیا گیا اور حضرت مسیح موعودؑ کے مشن سے آگاہ کیا گیا۔ موصوفہ کو کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘پیش کی گئی جس پر انہوں نے شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے اختتام پر انہوں نے کونسل کے آفیشل اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جہاں کونسلرز اور میڈیا نمائندگان کی موجودگی میں جماعت احمدیہ کے تعارف کیا گیا۔ اس ملاقات کی رپورٹ کونسل کی آفیشل ویب سائٹ پر تصاویر سمیت شائع ہوئی۔ بعد ازاں نائب صدر سٹی کونسل جناب Mario Verriسے ان کے دفتر میں ملاقات ہوئی جس میں سابق فیڈرل ممبر پارلیمنٹ جناب André Vargasبھی شامل تھے۔ اس موقع پر اسلام کے تعارف کے ساتھ جماعتی لٹریچر پیش کیا گیا۔ ان ملاقاتوں کی خبریں مقامی میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر بھی شائع ہوئیں۔ دورے کے دوران Maringáکی پبلک لائبریری کا دورہ کیا گیا جہاں لائبریری کی ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی۔ انہیں اسلام اور جماعت کا تعارف کروایا گیا اور استفادۂ کے لیے پرتگیزی ترجمۃ القرآن سمیت چند کتب پیش کی گئیں۔ اسی طرح شہر کے ایک معروف ریڈیو چینل Hoje Pod پر تیس منٹ کا پروگرام ریکارڈ کیا گیا جو اسی روز نشر ہوا اور یوٹیوب پر بھی موجود ہے۔ اس میں حضرت مسیح موعودؑ کی بعثت اور وفات مسیح کے موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس تبلیغی دورے کے دوران Maringá کے میئر جناب Silvio Barrosسے ان کے دفتر میں ملاقات کا بھی موقع ملا۔ انہیں جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا اور کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘بھی پیش کی گئی۔ میئر صاحب نے خوش دلی سے جماعتی پیغام کو سنا اور شکریہ کے طور پر شہر کے تعارفی تحائف پیش کیے۔ دورے کے اختتام پر ایک ہوٹل میں اسلام اور احمدیت کے تعارف پر مشتمل لیکچر کا اہتمام کیا گیا جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر تعارفی پمفلٹس تقسیم کیے گئے جن سے متعدد افراد نے دلچسپی کا اظہار کیا اور مزید معلومات حاصل کیں۔ اللہ تعالیٰ اس تبلیغی کوشش کو بابرکت فرمائے اور اہلِ Maringá کے دل حق کے نور سے منور کرے۔ آمین (رپورٹ: وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ سری لنکا کے جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا کامیاب و بابرکت انعقاد