نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں درخواست دعا صفدر نذیر جاوید صاحب گولیکی تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی والدہ محترمہ گرنے کی وجہ سے ٹانگ میں فریکچر ہو گیا ہے۔ اب فضل عمر ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور فعال زندگی سے نوازے۔ آمین اعلانات نکاح نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش اطلاع دیتے ہیں: ٭… منیب الرحمٰن صاحب ولد مجنوںالرحمٰن صاحب آف جماعت احمدیہ ڈھاکہ کا نکاح عطیۃ الحی بشریٰ صاحبہ بنت رفیق احمد عالم گیر صاحب آف جماعت سنام گنج کے ساتھ مبلغ پانچ لاکھ بنگلہ دیشی ٹکاحق مہر پر طے پایا۔ مکرم عبدالاول خان چودھری صاحب امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے ۱۲؍ستمبر ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے ہیڈکوارٹر بخشی بازار، ڈھاکہ میں نکاح پڑھایا۔ مجنوں الرحمٰن صاحب آج کل بنگلہ دیش جماعت کے انٹرنل آڈیٹر کے طور پر خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔ موصوف کے چھوٹے بھائی محب اللہ صاحب ۱۹۹۹ء میں جماعت کھلنا میں بم دھماکے سے شہید ہوئے تھے۔ ٭…نصیرالاسلام صاحب ولد مظہرالاسلام صاحب مرحوم آف ڈھاکہ جماعت کا نکاح عشرت جہان صاحبہ بنت کمال احمد اخند صاحب آف جماعت خاکدان کے ساتھ مبلغ تین لاکھ بنگلہ دیشی ٹکا حق مہر پر طے پایا۔ مکرم امیر صاحب نے مورخہ ۱۰؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک بخشی بازار، ڈھاکہ میں نکاح پڑھایا۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ان رشتوں کو طرفین کے لیے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین اعلانات ولادت نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں: ٭… اللہ تعالیٰ کے بے حد فضل و کرم سے مورخہ ۳؍اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک مبرور احمد چودھری صاحب اور سامحہ ملت صاحبہ کے ہاں بیٹا پیدا ہوا۔ نو مولود وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے۔ حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت نو مولود کا نام ‘مسرور احمد’ عطا فرمایا ہے۔ ٭… اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۱۱؍ اکتوبر۲۰۲۵ء کو محمد الحق صاحب مبلغ سلسلہ اور قمر النہار صاحبہ کے ہاں بیٹی پیدا ہوئی۔ احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولودگان کو صحت و تندرستی والی لمبی و فعال زندگی سے نوازے، نیز انہیں خادم دین بنائے۔ آمین سانحہ ہائے ارتحال نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش اطلاع دیتے ہیں: ٭…مکرم ڈاکٹر خالد احمد فرید صاحب ولد اعجازالحق صاحب مرحوم مورخہ ۲۰؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون مرحوم پیدائشی احمدی، نیز موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ اور دو بیٹے شامل ہیں۔ نمازِ جنازہ ہیڈکوارٹر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش، بخشی بازار ڈھاکہ میں مکرم امیر صاحب نے پڑھائی، جبکہ آبائی گاؤں کٹیادی میں نمازِ جنازہ کرم شریف احمد افراد صاحب مبلغ سلسلہ نے پڑھائی اور تدفین وہیں عمل میں آئی۔ مرحوم نے ۱۹۸۶ء تا ۲۰۲۳ء بطور سیکرٹری مال اور اس کے بعد بطور صدر جماعت کٹیادی خدمت کی توفیق پائی۔ نرم مزاج، خدمت گزار اور ہومیوپیتھک ڈاکٹر ہونے کے ناطے چالیس سال تک عوام کی خدمت کی۔ اپنے علاقہ میں مرحوم کی نیک نامی اور منصف مزاجی مشہور تھی۔ دوسری نماز جنازہ میں بہت سے غیر از جماعت احباب بھی شامل ہوئے۔ ٭…ریحانہ جشیم صاحبہ بنت مولوی محمد انور علی صاحب مرحوم اہلیہ محمد جشیم الدین صاحب مورخہ ۱۱؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے وفات پا گئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ مرحومہ پیدائشی احمدی، نیز موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں شوہر اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ نمازِ جنازہ مسجد بیت الوہاب، نریان گنج میں مسیح الرحمٰن صاحب مبلغ سلسلہ نے پڑھائی اور تدفین شہر کے عام قبرستان میں عمل میں آئی۔ مرحومہ نے لجنہ اماءاللہ میں بطور سیکرٹری اشاعت، سیکرٹری صنعت و دستکاری اور نائب سیکرٹری ضیافت خدمت کی۔ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، تہجد گزار اور ترجمہ کے ساتھ تلاوت قرآن کی عادی تھیں۔ مہینہ کے پہلے جمعہ کو باقاعدگی سے اپنی بیٹیوں کے ہمراہ مسجد کی صفائی کرتی تھیں۔ سوموار اور جمعرات کو نفلی روزے بھی رکھتیں۔ مرحومہ نے اپنی زندگی میں ہی چندہ حصہ جائیداد ادا کردیا تھا۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت و رحمت کا سلوک فرماتے ہوئے انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے، نیز ان کے پسماندگان کو ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی بھی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ٭…٭…٭