تازہ ترین: اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضورپُرنور کی دعاؤں سے جلسہ سالانہ بنگلہ دیش ۲۶ء بخیر و خوبی اختتام پذیر ہو گیا

اللہ تعالیٰ کے بے حد فضل و احسان کے ساتھ جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کا ۱۰۱واں جلسہ سالانہ مورخہ ۱۶ تا ۱۸؍جنوری کو منعقد ہوا اور بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوگیا۔ اس مرتبہ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے ڈھاکہ بخشی بازار دار التبلیغ میں یہ جلسہ منعقد ہوا۔ جبکہ ملک بھر کے ۱۷ مقامات پر جلسہ سٹریمنگ کے ذریعہ دیکھا اور سنا گیا جس میں ملک بھر کی جماعتوں کے افراد شامل ہوئے۔ جبکہ ڈھاکہ اور گرد و نواح کی جماعتوں کو ڈھاکہ کے مرکزی جلسہ گاہ میں شرکت کے لیے بلایا گیا تھا۔ اختتامی اجلاس کو یوٹیوب پر براہ راست نشر کیا گیا جو ہزاروں کی تعداد میں دنیا بھر کے لوگوں نے دیکھا۔

جلسہ کی مرکزی حیثیت کے پیش نظر سارے ملک کے تمام جلسہ گاہوں میں روزانہ باجماعت نماز تہجد اور نماز فجر کے بعد ایک ہی عنوان پر درس کا انتظام تھا۔ نیز تمام جلسہ گاہوں میں ایک ہی قسم کے کھانے کا انتظام تھا۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت اپنے خطبہ جمعہ مورخہ ۱۶؍جنوری ۲۰۲۶ء کے آخر میں احباب جماعت کو جلسہ سالانہ بنگلہ دیش کے لیے دعا کی تحریک فرمائی تھی۔ حضور انور کی دعاؤں اور راہنمائی سے یہ جلسہ بخیر و خوبی اپنے اختتام کو پہنچا اور جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کو ایک مرتبہ پھر اپنے پیارے امام ایدہ اللہ تعالیٰ کی دعا کی قبولیت کا نشان دیکھنے کی سعادت نصیب ہوئی۔
مزید پڑھیے: جلسہ سالانہ بنگلہ دیش کے لیے دعا کی تحریک
امسال جلسہ کی کل حاضری ۱۱ ہزار ۵۸۵ تھی۔ جو معلوم تاریخ کے مطابق بنگلہ دیش جماعت کی سب سے زیادہ حاضری ہے۔ الحمد للہ۔ اس کے علاوہ اختتامی اجلاس یوٹیوب پر ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے دیکھا ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ کے دوران بعض بیعتیں بھی ہوئی ہیں۔ الحمد للہ۔ اللہ تعالیٰ جلسہ میں تمام شامل ہونے والے احباب و خواتین کو حضرت مسیح موعود ؑ اور حضور انور کے دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین

