خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس سمیت مختلف شہروں میں امریکہ کی جانب سے حملے کیے گئے۔وینزویلا کی حکومت نے ملک میں امریکی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ حملے دارالحکومت کاراکس، میرانڈا، آراگوا اور لاگویرا ریاستوں میں ہوئے۔ وینزویلا حکومت کے مطابق امریکی حملوں کا مقصد وینزویلا کے تیل اور معدنیات پر قبضہ کرنا ہے۔ امریکہ ہمارے وسائل حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔جنوبی امریکی ملک وینزویلا کی حکومت نے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کی فوجی جارحیت کو مسترد کرتے ہیں، ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
٭…ہفتے کو وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کو امریکی خصوصی فورسز کے اچانک آپریشن کے دوران دارالحکومت کراکس سے گرفتار کیا گیا۔وائٹ ہاؤس کے آفیشل ریپڈ ریسپانس اکاؤنٹ ’ریپڈ ریسپانس 47‘ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔ویڈیو میں مادورو کو امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) کے دفتر کے اندر اہلکاروں کے ہمراہ چلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ امریکی اٹارنی جنرل کے مطابق صدر اور ان کی اہلیہ پر منشیات اور دہشت گردی سمیت امریکہ کے خلاف استعمال ہونے والے ہتھیاروں کے حصول کی سازش کے الزامات ہیں۔



