یورپ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ جرمنی کی۳۶ویں نیشنل مجلسِ شوریٰ

مکرم فاروق احمد چیمہ صاحب قائد عمومی مجلس انصاراللہ جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۲و۲۳؍نومبر۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوار مجلس انصار اللہ جرمنی کو اپنی ۳۶ویں مجلس شوریٰ بیت السبوح فرینکفرٹ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

ہفتے کے روز صبح دس بجے وقت مقررہ پر صدر مجلس انصاراللہ مکرم بشیر احمد ریحان صاحب کی صدارت میں شوریٰ کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد انصاراللہ کا عہد دہرایا گیا۔ اپنی افتتاحی تقریر میں صدر مجلس نے شوریٰ کی اہمیت کے حوالے سے اسوۂ رسولﷺ اور اسوۂ حضرت مسیح موعودؑ نیز خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں مشورے کی اہمیت بیان کی۔ اس کے بعد مجلس شوریٰ کی اہمیت اور قواعد کے حوالے سے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات پر مبنی ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ممبران شوریٰ کو نصائح فرمائیں۔

پونے گیارہ بجے افتتاحی دعا کے بعد مکرم محمود احمد خان صاحب نائب صدر نے گذشتہ سال کی مجلس شوریٰ کے فیصلہ جات پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی۔ سیکرٹری صاحب شوریٰ نے۲۰؍ایسی تجاویز پڑھ کر سنائیں جو مجالس کی طرف سے موصول ہوئیں لیکن بوجوہ شوریٰ کے ایجنڈے میں شامل نہ کی جاسکیں۔ سیکرٹری صاحب شوریٰ نے امسال کی شوریٰ کا ایجنڈا پڑھ کر سنایا جو بجٹ آمد و خرچ کے علاوہ ایک تربیتی نوعیت کی تجویز پر مشتمل تھا۔ ایجنڈا ایوان کے سامنے پیش کیے جانے کے بعد پروگرام کے مطابق دونوں تجاویز کے لیے دو سب کمیٹیوں کے اراکین کا چناؤ کیا گیا۔ صدر صاحب مجلس نے دونوں سب کمیٹیوں کے لیے صدران اور سیکرٹریان مقرر کیے۔ پہلی سب کمیٹی کے صدر مکرم ملک سعادت احمد صاحب ناظم علاقہ Nord اور مکرم حافظ محمد ظفراللہ صاحب نائب صدر صف دوم سیکرٹری سب کمیٹی مقرر کيے گئے۔ سب کمیٹی مال کے صدر مکرم ادریس احمد صاحب ناظم علاقہ Hessen Nord اور سیکرٹری کمیٹی مکرم منصور احمد صاحب قائد مال کو مقرر کیا گیا۔

کمیٹیوں کی تشکیل کے بعد قیادت عمومی اور قیادت تجنید نے لائحہ عمل کے تحت اس سال (۲۰۲۵ء) کی کارکردگی اور آئندہ سال (۲۰۲۶ء) کی منصوبہ بندی پر اظہار خیال کیا۔

مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مبلغ انچارج جرمنی نے ’’عہدیدران کی ذمہ داریوں‘‘کے حوالے سے تقریر کی۔ بعد ازاں کھانے اور نمازوں کا وقفہ ہوا۔

قریباً تین بجے صدر محترم کی صدارت میں ہی اجلاس دوم شروع ہوا۔ جس میں قیادت تربیت، تبلیغ اور سو مساجد کے لائحہ عمل کے تحت اس سال کی کارکردگی اور آئندہ سال کی منصوبہ بندی پر اظہار خیال کیا۔

ساڑھے چار بجے ریفریشمنٹ اور نماز مغرب و عشاء کا وقفہ کیا گیا۔ وقفہ کے بعد قریباً پونے چھ بجے مجلس شوریٰ کی کارروائی کا دوبارہ آغاز ہوا اور ممبران شوریٰ کو مختلف شعبہ جات کے حوالےسے سوالات کے جواب دیے گئے۔

بعدازاں مکرم عبد اللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے اپنی تقریر میں نئی نسل کو محبت، نرمی اور حسنِ سلوک سے جماعت سے جوڑنے، نوجوانوں کے ساتھ برداشت اختیار کرنے اور گھروں میں تربیت پر توجہ کی تلقین کی۔نیز آپ نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے بچاؤ، اسلام کے مخالف سیاسی ایجنڈوں سے آگاہی اور تبلیغی سرگرمیوں کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے پر زور دیا۔

ساڑھے سات بجے شوریٰ کے پہلے روز کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔ اس کے بعد سب کمیٹیوں کے اجلاسات شروع ہوئے۔

دوسرا دن:صبح نو بجے دوسرے روز کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اجتماعی دعا سے ہوا جس کے بعد دونوں تجاویز پر بنائی جانے والی سب کمیٹیوں کے صدر صاحبان نے سب کمیٹی کے اجلاس کی رپورٹس پیش کیں۔ دونوں سب کمیٹیز نے ایجنڈے میں شامل تجاویز کے لیے کئی نکات پر مشتمل لائحہ عمل تجویز کیے۔ ان کو اراکین شوریٰ کے سامنے رکھا گیا جس پر اراکین نے اپنی اراءکا اظہار کیا اور دونوں تجاویز پر سب کمیٹیوں کی طرف سے تجویز کردہ لائحہ عمل نیز بجٹ کو برائے منظوری حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں پیش کیے جانے پر اتفاق کیا۔

انتخاب صدر: قریباً اڑھائی بجے مکرم مبلغ انچارج صاحب کی صدارت میں مجلس شوریٰ کا خصوصی اجلاس شروع ہوا جس میں آئندہ دو سال کے لیے صدر مجلس انصاراللہ کا انتخاب عمل میں آنا تھا۔ شروع میں مبلغ انچارج صاحب نے طریق انتخاب کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ صدر کے لیے ۵؍نام اور نائب صدر صف دوم کے لیے ۸؍نام موصول ہوئے ہیں جن پر رائے شماری کروائی جائے گی۔ چنانچہ صدر اجلاس نے قواعد کے مطابق صدر مجلس اور نائب صدر صف دوم کے لیے رائے شماری کروائی۔ انتخاب صدر کے متعلق مجلس شوریٰ کی تجاویز فیصلے کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں پیش کی جائیں گی۔

اختتامی اجلاس:انتخاب کے بعد اختتامی اجلاس میں مکرم صدر مجلس انصار اللہ جرمنی نے اپنی تقریر میں تمام شاملین اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ مجلس انصاراللہ جرمنی کی چھتیسویں مجلس مشاورت بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوئی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

امسال شوریٰ پر کل حاضری ۳۶۹؍رہی۔ الحمد للہ

(مرسلہ:عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: تقریب سنگِ بنیاد معلم ہاؤس زابورے، ریجن مارادی، نائیجر

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button