ایک سو طلبہ کا بیت الواحد، Hanauجرمنی کا دورہ
مکرم مبارک احمد شاہد صاحب لوکل امیرجماعت احمدیہ ہناؤ تحریر کرتے ہیں کہ مسجد بیت الواحد میں مورخہ ۲۵؍نومبر ۲۰۲۵ء کو ۱۰۰؍طلبہ اور ۵؍اساتذہ پر مشتمل ایک وفد تشریف لایا جن کی میزبانی کرنے کی مقامی جماعت کو توفیق ملی۔ صبح سواگیارہ بجے ڈیوٹی پر موجود احباب جماعت نے اس وفد کا استقبال کیا۔ اس وفد نے تقریباً ایک گھنٹہ پندرہ منٹ مسجد کا دورہ کیا۔

سب سے پہلے طلبہ کو مسجد کا تعارف کروایا گیا جس میں مسجد کی بنیادی تعمیر، ساخت، نماز کے ليے مخصوص ہال، وضو کی جگہیں، جماعتی و سماجی سرگرمیوں کے لیے ملٹی فنکشن ہال وغیرہ دکھائے گئے۔ اس دوران طلبہ نے کئی سوالات بھی کيے۔
بعد ازاں طلبہ مسجد میں تشریف لے گئےجہاں کرسیاں لگا کر بیٹھنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس نشست میں مکرم مصلح باسط صاحب مبلغ سلسلہ نے اسلام کا مختصر لیکن جامع تعارف پیش کیا جو تصویری شکل میں بڑی سکرین پربھی دیکھا گیا۔ تعارف کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا۔ طلبہ نے غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا اور متعدد سوالات کیے، مثلاً نماز، عبادت، مالی قربانی، زکوٰۃ، حج، خانہ کعبہ کی اہمیت، اسلامی تہوار، مسجد کا کردار اور مسلمانوں کی روزمرہ زندگی وغیرہ۔ مکرم مربی صاحب نے تمام سوالات کے جواب دیے۔ اساتذہ نے بھی اس نشست کی بہت تعریف کی اور بتایا کہ طلبہ نے بہت کچھ سیکھا ہے۔
دورے کے اختتام پر جماعت کی جانب سے طلبہ کے لیے ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
اللہ تعالیٰ اس نشست کے مثبت نتائج ظاہر فرمائے اور ان بچوں کے دلوں میں اسلام کی محبت پیدا ہوجائے۔ آمین
(رپورٹ:صفوان احمد ملک۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ سیرالیون کا دو روزہ ریفریشر کورس




