یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ کوسوو کی جانب سے یومِ پرچم کی تقریب کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کوسوو کو مورخہ ۳۰؍نومبر ۲۰۲۵ء کو یومِ پرچم کے موقع پر ایک خصوصی پروگرام جماعت کے مرکز Prishtina میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

اس پروگرام میں مختلف شہروں سے احبابِ جماعت اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد اسلامی تعلیمات کی روشنی میں وطن سے محبت، وفاداری اور قومی خدمت کے درست تصور کو اجاگر کرنا تھا۔ شرکا میں کوسوو پولیس کے لیفٹیننٹ جناب ایمِر زیکیری کی شرکت قابلِ ذکر تھی جس سے تقریب کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا۔

پروگرام کا انتظام مکرم بسمیر یویشی صاحب (نیشنل سیکرٹری اشاعت، جماعت احمدیہ کوسوو) نے کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم و ترجمہ سےکیا گیا۔ بعدازاں خلفائے کرام کی تفاسیر میں سے منتخب نکات بھی پیش کیے گئے جن میں اطاعتِ رسولﷺ، نظامِ خلافت سے وابستگی اور ملکی قانون کی پاسداری کے اسلامی اصولوں کی وضاحت کی گئی۔ مکرم رجب حسنی صاحب (سیکرٹری مال) نے ’’وفاداری کے مضمون میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا کامل نمونہ‘‘ کے موضوع پر تقریر میں بتایا کہ اسلام اپنے ماننے والوں کو اپنے وطن کی محبت، اس کی بھلائی کے لیے کام کرنے اور امن کے قیام میں حصہ ڈالنے کی تلقین کرتا ہے۔

پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا جس کے بعد مغرب و عشاء کی نمازیں ادا کی گئیں۔ پروگرام کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد ایک نہایت مفید سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی جس میں شرکا نے آنحضرتﷺ، حضرت مسیح موعودؑ، خلافت احمدیہ، نماز جمعہ، اسلام میں وفاداری اور دعا کی تاثیر کے متعلق مختلف سوالات کیے۔ یہ نشست تبلیغ، تعلیم اور روحانی استفادہ کا بہترین ذریعہ ثابت ہوئی۔

تقریب میں مجموعی طور پر ۳۵؍افراد نے شرکت کی جن میں میٹروویسا، فشے کوسووا، پوڈویوا، پریشتینا اور گرد و نواح کے علاقوں سے احباب شامل تھے۔

پروگرام کا اختتام محبت اور بھائی چارہ سے ہوااور احباب نے وطن کی خدمت، امن کے قیام اور سچی وفاداری کے لیے دعاؤں کے ساتھ اپنی محبت اور عہدِ وفا کا اظہار کیا۔

(رپورٹ:جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: چہرے پہ تبسُّم ہے تو آنکھوں میں حیا ہے

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button