برکینا فاسو کے چونتیسویں جلسہ سالانہ کا دوسرا دن
۲۷؍دسمبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ
(۲۷؍دسمبر ۲۰۲۵ء، بستان مہدی برکینا فاسو، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) جلسہ سالانہ برکینا فاسو کے دوسرے دن کا آغاز صبح سوا چار بجے نماز تہجد کی ادائیگی سے ہوا جو حافظ جیاؤ مسرور صاحب نے پڑھائی۔ نماز تہجد میں کثیر تعداد میں احباب وخواتین نے شرکت کی۔ نماز فجر کے بعد ’’اسلام میں صفائی کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر درس ڈاکٹر سعود ناصر صاحب نے پیش کیا۔ حسب پروگرام آج تقریب آمین منعقد ہونا تھی جس کے لیے ریجنز سے نام پہلے منگوا لیے جاتے ہیں۔ دوران سال مختلف علاقوں اور اضلاع میں تقریب آمین منعقد ہوتی رہتی ہیں۔ تاہم جلسہ سالانہ کے اہم موقع پر بھی اس تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ تقریب آمین مہمان خصوصی مکرم عمر معاذ کولی بالی صاحب کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ جلسہ کے بابرکت موقع پرکل ۲۲؍اطفال وخدام جبکہ ۲۵ لجنہ ممبرات و ناصرات کی آمین ہوئی۔ تمام شاملین کو اسناد دی گئیں۔

دوسرے دن کا پہلا اجلاس

آج کا پہلا اجلاس صبح سوا نو بجے صبح حافظ منظور احمد صاحب قائمقام مبلغ انچارج کی زیر صدارت شروع ہوا۔تلاوت اور نظم کے بعد پہلی تقریر ’’صداقت حضرت مسیح موعود ؑ‘‘ کے عنوان پر سانیو منیر صاحب استاذ جامعۃ المبشرین برکینافاسونے کی۔ دوسری تقریر جیالو عبد الرحمٰن صاحب چئیرمین ہیومنٹی فرسٹ برکینافاسو نے ’’سوشل میڈیا کے درست استعمال‘‘ کے موضوع پر کی۔ پھر ایک نظم کے بعد اس اجلاس کی آخری تقریر ’’امن کے بارے میں اسلامی تعلیمات‘‘ کے موضوع پرمائیگا تیجان صاحب لوکل مبلغ نے کی۔ اس کے ساتھ اجلاس کی کارروائی ختم ہوگئی۔


اجلاسِ مستورات
دو بجے نماز ظہر و عصر کی ادئیگی کے بعد مستورات کے اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں تلاوت و نظم کے بعد ’’ذہنی اور جسمانی صفائی کا کیسے خیال رکھا جائے‘‘ کے موضوع پر تقریر ہوئی۔ دوسری تقریر ’’دیانت اور وقار ایک احمدی عورت کی پہچان‘‘ کے موضوع پر ہوئی۔ تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی بارہ لجنہ ممبرات کو تعلیمی اسناد دی گئیں۔ اس کے بعد چند مہمان خواتین نے اپنے تاثرات پیش کیے۔ آخر پر صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ برکینافاسو نے اختتامی تقریر کی اور دعاکروائی۔
جلسہ کا تیسرا اجلاس
شام چار بج کر دس منٹ پر جلسہ کا تیسرا جلاس بصدارت کابورے سلیمان صاحب قائمقام امیر جماعت برکینافاسو شروع ہوا۔ تلاوت اور نظم کے بعد ناصر سدھو صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’برکات قرآن مجید‘‘ پر تقریر کی دوسری تقریر حسن جنگانی صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’اسلامی تعلیمات کی روشنی میں حقیقی تصور جہاد‘‘ کے موضوع پر کی۔



فورم: جلسہ کے موقع پر مذہبی ہم آہنگی کے قیام کے لیے ایک فورم منعقد کیا جاتا ہے جس میں متفرق مذاہب کے نمائندگان کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اپنے اپنے مذہب کی تعلیمات کے مطابق دیے گئے موضوع پر روشنی ڈالیں امسال ’’معاشرے میں قیام امن کس طرح کیا جائے‘‘ کا موضوع رکھا گیا تھا۔ اس موقع پر جماعت کے نمائندہ کے علاوہ تین دیگر نمائندگان نے شرکت کی اور اپنے اپنے عقائد کے لحاظ سے تعلیمات پیش کیں۔ یہ اجلاس رات ساڑھے نو بجے مسرور آئی انسٹی ٹیوٹ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔

نمائش: جلسہ کے موقع پر نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ آنے والے مہمان اور احمدی احباب اس نمائش کا دورہ کرتے اور جماعتی لٹریچر سے واقفیت حاصل کرتے ہیں۔ نمائش میں قرآن مجید کی تراجم اور دیگر لٹریچر سلیقہ سے رکھا گیا ہے اسی طرح اہم مواقع کی تصاویر بھی نمائش کا حصہ ہیں۔ نمائش میں ٹی وی کے ذریعہ جماعت برکینافاسو کی ایم ٹی نیوز میں آنے والی خبریں بھی چلائی جا رہی ہیں۔

نیشنل میڈیا پر خبریں: آج مقامی ٹی وی چینل 3TV نے اپنے نیوز بلیٹن میں جلسہ سالانہ کی خبر نشر کی۔
لنگر خانہ: بستان مہدی کے ایک حصہ میں لنگر خانہ کا انتظام جاری ہے۔ رضاکاروں کی چوکس و چوبند ٹیمیں مسیح موعود کے مہمانوں کی خدمت کے لیے کھانا بنانے میں مصروف ہیں۔ کھانے میں چاول، گوشت، مچھلی سپیگٹی اور ناشتہ میں بریڈ چائے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

