بچوں کا الفضل

کیوں؟

پیارے بچو! آج کے نئے سوال اور اس کے جواب کے ساتھ حاضر ہیں۔ اور آج کا سوال یہ ہے کہ

انڈیا کو ہندوستان یا بھارت کیوں کہتے ہیں؟

پیارے بچو! زمانہ قدیم ہی سے علاقوں، شہروں اور ملکوں کے ناموں کی وجہ تسمیہ میں اساطیری، جغرافیائی، تاریخی، شخصی یا قبائلی نسبت اور سیاسی عوامل شامل رہے ہیں۔ اب بات ہوجائے ‘‘انڈیا، بھارت اور ہندوستان’’ کے لفظی معنی کی۔ محققین کااس بات پر اتفاق ہے کہ لفظ ‘ہندو’ قدیم ایرانیوں کی دَین ہے۔ لفظ ‘ہندو’ یونانی میں ‘انڈوس’ ہوکر لاطینی میں ‘انڈس’ہوا اور پھر اس سے لفظ ‘انڈیا’ وجود میں آیا۔

دوسری طرف فارسی یا قدیم پہلوی کا ‘ہندو’جب سرزمین عرب پہنچا تو ‘ہند’ ہوا اور پھر برصغیر کے عہد اسلامی، بالخصوص مغل عہد میں ‘ہندوستان’کہلایا۔اب یونانیوں کی نسبت سے ‘انڈیا’ کا قصہ ملاحظہ کریں۔ جب یونانیوں نے اس خطے میں قدم رکھا تو دریائے سندھ کو اپنے لہجہ میں انڈوس اور اس کے پار سرزمین کو انڈیکا کا نام دیا۔ بعد میں دونوں الفاظ لاطینی زبان میں پہنچ کر بالترتیب ‘انڈس’ اور ‘انڈیا’ ہوگئے۔

ایک ضروری بات اور ذہن نشین کر لیں کہ دنیا میں کئی ممالک ایسے ہیں جو بیک وقت اپنے دو ناموں کے ساتھ ہی مشہور ہیں۔ مثلاً ‘‘مصر’’کو بیرونی دنیا بالخصوص مغرب Egypt اور اُردن کو Jorden پکارتی ہے۔ پھر ان دونوں ممالک کی سرکاری دستاویزات پر بھی ان کے ہر دو نام درج ہوتے ہیں۔

عرب مؤرخین کے یہاں جو خطہ ‘بلاد الشّام’ سے موسوم ہے اُس کا ایک حصہ آج بھی یونانی نام سیریا کے ساتھ موجود ہے۔ واضح رہے کہ ‘بلاد الشّام’ کا وسیع خطہ آج کے شام یعنی سیریایعنی شام، اردن، لبنان، فلسطین اور اسرائیل پر مشتمل ہے۔

آپ کو آج کا سوال اور اِس کا جواب کیسا لگا؟

بچو! اگر آپ کے ذہن میں کوئی سوال ہو تو ہمیں بھجوائیں ان شا ءاللہ ہم آپ کو اس کا جواب دیں گا۔

آپ کا بھائی۔نبیل احمد کاشف۔ جرمنی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button