افریقہ (رپورٹس)

گیمبیا کے بانجل/کومبو ریجن اور لوئر ریور ریجن کے ریجنل اجتماعات لجنہ اماءاللہ

ریجنل اجتماع لجنہ اماء اللہ بانجل/کومبو ریجن گیمبیا

مکرمہ عائشہ بالاجو صاحبہ تحریر کرتی ہیں کہ لجنہ اماء اللہ بانجل/کومبو کو اپنا چوتھا ریجنل اجتماع مورخہ ۲۲؍نومبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ مرکزی مسجد بیت السلام ٹلنڈنگ میں منعقد کرنےکی توفیق ملی، الحمدللہ۔

اجتماع کا آغاز صبح گیارہ بجے مکرمہ فاٹوماٹا نیابلی ریجنل صدر لجنہ اماء اللہ کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور حضرت مسیح موعودؑ کے ایک قصیدہ سےہوا۔ اس کے بعد مکرمہ مبشرہ نوید صاحبہ نے جماعت احمدیہ کی مضبوطی میں ‘ممبرات لجنہ اماءاللہ کا کردار’ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد مکرمہ ریجنل صدر صاحبہ نے اجتماع میں شمولیت اور مالی قربانی کی اہمیت کی طرف توجہ دلائی۔

پہلے اجلاس کے بعد علمی مقابلہ جات شروع ہوئے۔ نماز ظہر وعصر کی ادائیگی کے بعد مقابلہ جات جاری رہے جس کے بعد کھانا پیش کیا گیا۔

اختتامی اجلاس کی صدارت مکرمہ فائزہ ربانی صاحبہ نائب صدر لجنہ اماء اللہ نےکی۔ تلاوت اور عہد کے بعد پوزیشن حاصل کرنے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات کو انعامات دیے گئے۔ انعامات کے بعد نیشنل صدر لجنہ گیمبیا مکرمہ مریم جاٹا صاحبہ نے اپنی تقریر میں ممبرات کو جماعتی اور تنظیمی پروگرامز میں شامل ہونے کی تلقین کی اور تعلیم کلاسوں میں شمولیت کی خاص طور پر تاکید کی۔ اجتماع کا اختتام دعا سے ہوا۔ اس اجتماع میں ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات کی کُل حاضری ۲۲۱؍رہی۔ الحمدللہ

ریجنل اجتماع لجنہ اماء اللہ لوئر ریور ریجن گیمبیا

ریجنل صدر لجنہ اماء اللہ مکرمہ سیدہ سارہ حنیف صاحبہ تحریر کرتی ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے گیمبیا کے لوئر ریور ریجن کی لجنہ اماء اللہ کو اپنا ریجنل اجتماع مورخہ ۲۳؍نومبر ۲۰۲۵ء بروزاتوار ریجن کی جماعت سنچو جی گنڈی میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اجتماع کا آغاز خاکسار (ریجنل صدر) کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و نظم سے ہوا۔ اس کے بعد مقررات نے تقاریر کیں جن کے موضوعات یہ تھے: آنحضرت ﷺ کا مشکلات میں صبر و دعائیں از مکرمہ ہوا جاراصاحبہ اور تحریک جدید و وقف جدید کی صورت میں قربانی کی اہمیت از مکرمہ عائشہ کماٹے صاحبہ۔

ان تقاریر کے بعد علمی مقابلہ جات ہوئے۔ علمی مقابلوں میں تلاوت قرآن کریم، نماز، حفظ احادیث شامل تھے۔ ان کے لیے ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کو بھی عمر کے لحاظ سے مختلف گروپس میں تقسیم کيا گیا۔ آخر پر ان مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والی ممبرات و ناصرات کو انعامات دیے گئے اور اختتامی دعا ہوئی۔ دعا کے بعد نماز ظہر وعصر جمع کرکے ادا کی گئیں اور ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس اجتماع کی کل حاضری ۷۸؍ رہی۔ اس اجتماع میں اسی سال بیعت کرنے والی بعض نومبائعات بھی شامل ہوئیں۔

اللہ تعالیٰ تمام شاملات کو اپنے فضل سے نوازے اور ہم سب کو خلافت سے جوڑے رکھے۔ آمین

(مرسلہ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جرمنی بھر میں یومِ تبلیغ نہایت کامیابی اور جوش و خروش سے منایا گیا

Related Articles

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button