اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

سانحہ ہائے ارتحال

٭… توصیف احمد صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی والدہ محترمہ مریم طاہرہ صاحبہ بنت راجہ عبد الماجد صاحب مورخہ ۶؍نومبر ۲۰۲۵ء بروز جمعرات، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں کینسر کے باعث ۴۷؍سال کی عمر پا کر وفات پا گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

مرحومہ کے سوگواران میں دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔ مرحومہ کا تعلق ایک معزز اور دینی گھرانے سے تھا۔ آپ صحابی حضرت صوفی نبی بخش صاحب لاہوریؓ کی پڑپوتی اور سردار نصیرالدین ہمایوں صاحب (کارکن حفاظتِ خاص اسلام آباد، یوکے) کی ماموں زاد بہن تھیں۔

٭… فرخ شبیر لودھی صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لائبیریا تحریر کرتے ہیں کہ ثمینہ عاطف بھنوں صاحبہ اہلیہ ڈاکٹر فضل محمود بھنوں صاحب (واقف زندگی) انچارج احمدیہ مسلم کلینک ٹب مین برگ، بومی کاؤنٹی (Tubmanburg, Bomi County) لائبیریا مورخہ ۱۱؍ نومبر ۲۰۲۵ء کو وفات پاگئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔

گذشتہ چند ماہ سے ذیابیطس کے باعث مرحومہ کی ٹانگ پر شدید زخم تھا۔ اس زخم کے علاج کے لیے آپریشن بھی کیا گیا، تاہم گینگرین کا اثر بتدریج پورے جسم میں پھیل گیا جو بالآخر آپ کی وفات کا سبب بنا۔

مورخہ ۱۲؍نومبرکو شام پانچ بجے نوید احمد عادل صاحب امیر و مبلغ انچارج لائبیریا نے آپ کی نماز جنازہ احمد آباد پو-ریور (Ahmadabad Kpo-River) میں پڑھائی اور قبر تیار ہونے پر اجتماعی دعا بھی کروائی۔ آپ کی نماز جنازہ میں واقفین سلسلہ اور دیگر احباب جماعت نے شرکت کی۔

ثمینہ عاطف بھنوں صاحبہ، پروفیسر مسعود احمد عاطف صاحب اور رضیہ درد صاحبہ کے ہاں جون ۱۹۶۰ءکو ربوہ میں پیدا ہوئیں۔ آپ حضرت مولانا عبدالرحیم صاحب دردؓ کی نواسی تھیں۔ آپ کے دادا اور نانا دونوں حضرت مسیح موعودؑ کے صحابی تھے۔ آپ کے والدین اور دونوں چھوٹے بھائی بھی واقف زندگی تھے۔ ایک بھائی ڈاکٹر محمود احمد عاطف صاحب فضل عمر ہسپتال میں خدمت انجام دے رہے ہیں جبکہ دوسرے بھائی مکرم حامد مقصود عاطف صاحب مرحوم مربی سلسلہ نے لمبا عرصہ افریقہ میں خدمت کی توفیق پائی۔

ثمینہ عاطف بھنوں صاحبہ نے بی اے تک تعلیم جامعہ نصرت ربوہ سے حاصل کی اور پھر پنجاب یونیورسٹی لا ہور سے ایم اے عربی کیا۔ ۱۹۸۴ء میں آپ کی شادی ڈاکٹر فضل محمود بھنوں صاحب ابن احمد یدہ اللہ بھنوں صاحب آف ماریشس سے ہوئی۔ ڈاکٹر فضل محمود بھنوں صاحب نے لاہور سے MBBS کرنے کے بعد زندگی وقف کردی اور ۳۵؍ سال سے زائد عرصہ جمہوریہ کانگو کنشاسا، آئیوری کوسٹ، برکینافاسو، بینن میں طبی خدمات انجام دی ہیں اور اب لائبیریا میں خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

مرحومہ نے تادم آخراپنے خاوند کے ہمراہ ہر قسم کے حالات میں پوری بشاشت کے ساتھ وقف کے تقاضے نبھاتے ہوئے زندگی بسر کی اور بہت سی مشکلات کے با وجود نہایت پیار اور ہم آہنگی کے ساتھ ازدواجی رشتے کو نبھایا۔

آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مو صیہ تھیں اور خلافت کے ساتھ گہرا تعلق رکھتی تھیں۔ نظام جماعت کا بہت احترام کرنے والی تھیں۔ مربیان کرام اور افراد جماعت کے ساتھ ہمیشہ محبت و شفقت سے پیش آتیں۔ بہت مہمان نواز، خوش مزاج تھیں۔ غرباء اور ملازمین سے بہت حسن سلوک کرنے والی تھیں۔ کثرت سے صدقات دینے والی تھیں۔ کسی پر بوجھ بننا پسند نہ کرتیں، اپنے ساتھ حسن سلوک کرنے والوں کی بہت قدر کرتیں اور ہمیشہ شکر گزاری کے جذبات کا اظہار کرتی رہتیں۔ تمام عزیز و اقارب کے ساتھ محبت اور پیار کا تعلق قائم رکھتیں، کبھی کسی سے شکوہ شکایت نہ کرتیں نہ کسی سے ناراض ہو تیں اور اگر کوئی ناراض ہو تا تو اس کو منا لیتی تھیں۔ نہایت صابر و شاکر اور خوش مزاج طبیعت کی مالک تھیں۔

آپ کا اکلوتا بیٹا (جو ذہنی طور پر معذور تھا) ۲۲؍ سال کی عمر میں وفات پاگیا تھا۔ اس موقع پر اور بعد ازاں اپنے چھوٹے بھائی مکرم حامد مقصود عاطف صاحب کی وفات پر صبر واستقامت کا مجسمہ بنی رہیں اور اللہ تعالیٰ کی رضا پر راضی رہیں۔ آپ کی یادگار ایک بیٹی ڈاکٹر انیلہ بھنوں صاحبہ اہلیہ عبداللہ مسعود صاحب بھی واقف زندگی ہیں اور مجلس نصرت جہاں کے تحت لائبیریا میں ہی بطور نیور وفزیشن خدمات انجام دے رہی ہیں۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کے درجات بلند فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ آمین

اعلانات نکاح

٭…نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش یہ اعلانات نکاح بھیجتے ہیں:

۱۔مورخہ ۲۷؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز سوموار دارالتبلیغ، بخشی بازار، ڈھاکہ میں مکرم امیر صاحب بنگلہ دیش نے مکرم محمود احمد صاحب ولد ابوالقاسم صاحب آف میرپور جماعت ڈھاکہ کے ساتھ عزیزہ انیلہ سوشن تعلقدار بنت عبدالخالق تعلقدار صاحب آف یوکے کے نکاح کا اعلان کیا۔ یہ نکاح مبلغ پانچ لاکھ بنگلہ دیشی ٹکہ حق مہر کے ساتھ طے پایا۔

عبدالخالق تعلقدار صاحب بطور اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (انصار سیکشن) خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

۲۔ مورخہ ۳۱؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز جمعہ دار التبلیغ بخشی بازار ڈھاکہ میں مکرم امیر صاحب بنگلہ دیش نے مکرم خندقار محمود احمدنزول الربی صاحب مربی سلسلہ ولد خندقار بے نظیر احمد صاحب آف میرپور جماعت ڈھاکہ کے ساتھ عزیزہ عشرت جہان صاحبہ ولد مبشر احمد صاحب آف شات کھیرا جماعت کے نکاح کا اعلان کیا۔ یہ نکاح مبلغ تین لاکھ بنگلہ دیشی ٹکہ کے ساتھ طے پایا۔

اللہ تعالیٰ ہر دو نکاح کو ہر لحاظ سے با برکت فرمائے۔ آمین

اعلانات ولادت

٭… عطیہ خان صاحبہ فرینکفرٹ، جرمنی سے تحریر کرتی ہیں کہ خاکسار کے بڑے بیٹے عزیزم ڈاکٹر تنزیل احمد خان اور بہو عزیزہ ڈاکٹر جولیا روحیا حدور کو اللہ تعالیٰ نے محض اپنے فضل سے مورخہ ۱۰؍ نومبر ۲۰۲۵ء کو بیٹی سے نوازا ہے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت بچی کا نام ‘عفیفہ نورا خان’ عطا فرماتے ہوئے وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل فرمایا ہے۔

نومولود، رفیع اللہ خان صاحب آف فرینکفرٹ کی پوتی ہے۔

٭… وسیم احمد ظفر صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برازیل و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل تحریر کرتے ہیں کہ مبشر محمود ظفر صاحب ابن ناصر محمود ظفر صاحب اور عزیزہ ردا سیّد بنت سیّد منظور احمد بخاری صاحب کو اللہ تعالیٰ نے مورخہ ۲۷؍نومبر ۲۰۲۵ء کو پہلے بیٹے کے بعد بیٹی کی نعمت سے نوازا ہے۔ نومولود، محمد ابراہیم شمس صاحب مرحوم آف کراچی کی پڑپوتی اور الحاج پیر محمد صاحب مرحوم آف اونچا مانگٹ ضلع حافظ آباد کی نسل میں سے ہے۔ نیز گلزار ہاشمی صاحب کی پڑنواسی ہے۔ نومولود کی والدہ مولانا سید احمد علی شاہ صاحب مرحوم مبلغ سلسلہ کی نسل میں سے ہیں۔ بچی کا نام مِنْحَۃُ النُّور تجویز ہوا ہے۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولودگان کو نیک، خادم دین بنائے اور ہمیشہ خلافت سے وابستہ رکھے۔ آمین

Related Articles

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button