٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں امریکی فوجیوں پر حملے کے بعد سخت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کا بھرپور بدلہ لیا جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام کے شہر تدمُر میں امریکی فوجیوں پر فائرنگ کے واقعے پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ داعش کی جانب سے کیے گئے اس حملے میں تین بہادر امریکی فوجی جان سے گئے، جس پر وہ گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی افواج دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دے رہی ہیں اور ان کی ہلاکت رائیگاں نہیں جائے گی۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر شام میں امریکی فوجیوں پر دوبارہ کسی بھی قسم کا حملہ کیا گیا تو امریکہ سخت اور فوری جوابی کارروائی کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف امریکی کارروائیاں جاری رہیں گی اور اپنے فوجیوں کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ٭…میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس سے سمندر کے راستے برطانیہ آنے والے تارکینِ وطن کی آمد کو ۲۸؍ دن گزر چکے ہیں اور اس دوران کوئی بھی کشتی برطانیہ نہیں پہنچی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آخری کشتی ۱۴؍ نومبر کو آئی تھی، جس کے بعد آمد کا سلسلہ رک گیا۔ ماہرین کے مطابق موسم کی خرابی، سخت نگرانی اور سیکیورٹی اقدامات اس تعطل کی ممکنہ وجوہات ہو سکتے ہیں۔ اس سے قبل ۲۰۱۸ء کے موسمِ خزاں میں بھی تارکینِ وطن کی آمد میں اسی نوعیت کا وقفہ دیکھا گیا تھا۔ ٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی صورتحال بدل گئی۔ تھائی لینڈ نے واضح کیا کہ کمبوڈیا کے ساتھ کسی قسم کی جنگ بندی نہیں ہوئی اور فوج متنازع سرحد پر کارروائیاں جاری رکھے گی۔ دوسری جانب کمبوڈیا نے تھائی لینڈ کے ساتھ تمام سرحدی گزر گاہیں تاحکمِ ثانی بند کرنے کا اعلان کر دیا، جس کی کمبوڈین وزارتِ داخلہ نے تصدیق کی ہے۔ وزارت کے مطابق سرحدی بندش کا فوری اطلاق ہو گا۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں ممالک جمعے سے جھڑپیں روکنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ ٭…شام کے شہر تدمُر میں گشت کے دوران شامی اور امریکی افواج پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ پینٹاگون کے مطابق داعش کے ایک حملہ آور نے امریکی فوجیوں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ۲؍امریکی فوجیوں سمیت ۳؍افراد ہلاک اور ۳؍امریکی فوجی زخمی ہو گئے۔ پینٹاگون نے بتایا کہ حملہ آور کو جوابی فائرنگ میں ہلاک کر دیا گیا۔ امریکی وزیر پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ امریکیوں کو نشانہ بنانے والوں کو دنیا میں کہیں بھی نہیں بخشا جائے گا۔ دوسری جانب شامی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا شامی سیکیورٹی فورسز کا اہلکار تھا جو شدت پسند نظریات رکھتا تھا۔ ٭…اسرائیل نے مغربی کنارے میں ۱۹؍ نئی یہودی بستیوں کو قانونی حیثیت دے دی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ نے اس اقدام کی منظوری دے دی، جس کی تجویز انتہائی دائیں بازو کے وزیرِ خزانہ بیزلیل سموٹریچ اور وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے پیش کی تھی۔ اس فیصلے پر فلسطینی اتھارٹی نے شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطین کی تباہی قرار دیا ہے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اسرائیل کے اصل عزائم کو بے نقاب کرتا ہے، جن میں الحاق، نسلی امتیاز اور فلسطینی علاقوں پر مکمل قبضے کے نظام کو مزید مضبوط کرنا شامل ہے۔ ٭…غزہ میں طوفان بائرن نے شدید تباہی مچا دی ہے، جہاں موسلادھار بارش، تیز ہواؤں اور کمزور عمارتوں کے گرنے سے کئی بچوں سمیت کم از کم ۱۴؍فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شمالی غزہ، غزہ شہر، شاطی پناہ گزین کیمپ، المواصی اور خان یونس میں مختلف واقعات پیش آئے، جہاں خیمے، دیواریں اور عمارتیں منہدم ہو گئیں۔ شدید سردی اور نمی کے باعث نومولود اور کمسن بچوں کی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ طوفان کے نتیجے میں ہزاروں خیمے تباہ ہو چکے ہیں جبکہ حکام کے مطابق ساڑھے آٹھ لاکھ سے زائد بے گھر افراد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ٭…کینیڈا کے شہر برامپٹن میں دو حریف ٹرک گروپس کے درمیان فائرنگ کے واقعے میں ۳ بھارتی نژاد ٹرک ڈرائیور گرفتار کر لیے گئے، جبکہ ایک ملزم ابھی فرار ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ۷؍اکتوبر کی رات ایک پارکنگ لاٹ میں پیش آیا، جہاں جھگڑے کے بعد فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔ طویل تحقیقات کے بعد ۲۰؍ نومبر کو ایک رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا اور منجوت بھٹی، نَوجوت بھٹی اور امنجوت بھٹی کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس اب چوتھے ملزم کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے، جو ویڈیو میں فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔