۵؍دسمبر جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت ہلکی رفتار سے بادِ نسیم رواں دواں تھی، ہر طرف سردی اور خنک موسم کا راج تھا۔ آسمان صاف تھا اس لیے اس دن سورج دن بھر آسمان پر چھایا رہا اور دھوپ بکھیرتا رہا۔ لوگوں نے اس ٹھنڈے موسم میں دھوپ کے خوب مزے لیے۔ ہفتہ کو صبح کے وقت ہوا بند تھی لیکن خنکی کافی تھی۔ اس دن بھی بادلوں کا کوئی نام و نشان نہ تھا۔ اس لیے دھوپ نے ہر طرف راج کيے رکھا۔ اتوار کو ہلکی ٹھنڈی ہوا دن بھر چلتی رہی۔ جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ سوموار کو بھی موسم کی یہی کیفیت رہی۔ منگل اور بدھ کو آسمان پر ہلکے بادل دیکھے گئے جس سے ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا۔ ان بادلوں کی وجہ سے سورج کی کرنیں زمین پر پوری طرح نہ پہنچ سکیں۔ زیادہ سردی کا یہ سلسلہ جمعرات تک جاری رہا، تاہم جمعرات کو بادل نہ تھے جس کی وجہ سے دن بھر دھوپ رہی جس سے دن کے وقت ٹھنڈا موسم خوشگوار ہو گیالیکن پھر بھی اوپر سے کچھ گرم پہننے کی ضرورت محسوس ہوتی تھی۔ اس ہفتہ میں ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۱؍ اور کم سے کم ۸؍ درجہ سینٹی گریڈ رہا۔ (ابو سدید)