افریقہ (رپورٹس)

گنی بساؤ میںمعلمین و مربیان کا دس روزہ ریفریشر کورس نومبر ۲۰۲۵ء

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ میں معلمین، مربیان کرام، ائمہ اور قرآن کریم کے اساتذہ کے لیے دس روزہ ریفریشر کورس ۲ تا ۱۱ نومبر ۲۰۲۵ء کو نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس بابرکت تربیتی پروگرام میں ۷۸؍ سے زائد اراکین نے حصہ لیا جن میں ۵؍غیر از جماعت ائمہ بھی شامل تھے۔

کورس کا آغاز ہر روز باجماعت نماز تہجد سے ہوتا۔ اس کے بعد نماز فجر اور درس قرآن کریم کا سلسلہ جاری رہتا۔ بعد ازاں شرکاء کو کلاسز کی تیاری کے ليے وقت دیا جاتا اور ناشتہ پیش کیا جاتا۔ صبح ۹ سے دوپہر ۲ بجےتک باقاعدہ علمی و تعلیمی نشستوں کا انعقاد ہوتا۔

اس دس روزہ کورس میں مختلف بنیادی موضوعات پر تعلیم دی گئی جن میں ترتیل القرآن اور تجوید، فقہ اسلامی، روحانی خزائن کی کتب کا تعارف، موازنۂ مذاہب، نظام جماعت احمدیہ کا تعارف اور کلام شامل ہیں۔ اساتذہ نے نہایت محنت، محبت اور حکمت کے ساتھ درس و تدریس کا سلسلہ جاری رکھا۔ شرکاء نے بھی غیر معمولی دلچسپی اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ نماز عصر کے بعد دوبارہ درس ہوتاجس کے بعد شرکاء کے ليے ورزشی سرگرمیوں کا اہتمام بھی تھا۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد ایک بار پھر مختلف علمی موضوعات پر درس ہوتا۔ اس کے بعد مجلس سوال و جواب کا انعقاد ہوتا جس میں شرکاء اپنے سوالات پیش کرتے بعد ازاں ان کے جواب دیے جاتے۔ شاملین سے تبلیغی میدان میں پیش آنے والے ایمان افروز واقعات بھی سنے جاتے۔

کورس میں شامل ۵؍غیر از جماعت ائمہ نے پروگرام کے بعد اپنے تاثرات میں بتایا کہ جماعت احمدیہ کا نظم و ضبط قابل تقلید ہے، علمی موضوعات کی گہرائی اور وضاحت بہت عمدہ تھی، قرآن کریم کی تعلیم اور اخلاقی تربیت نے ان پر گہرا اثر چھوڑا۔ انہوں نے آئندہ بھی ایسے تربیتی پروگراموں میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا۔

اختتامی نشست میں تمام شرکاء نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ اپنی اپنی جماعتوں میں جا کر نئی روح اور نئے عزم کے ساتھ خدمت دین کا کام جاری رکھیں گے۔

اللہ تعالیٰ اس پروگرام کو قبول فرمائے اور گنی بساؤ میں دین اسلام اور پیغام احمدیت کے پھیلاؤ میں اسے سنگ میل بنائے۔ آمین

(رپورٹ:زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ نیوزی لینڈ کے تینتیسویں سالانہ اجتماع ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button