کرکٹ: انگلینڈبمقابلہ آسٹریلیا،دوسرے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے آٹھ وکٹوں سے فتح حاصل کرکے سیریز میں دوصفرکی برتری حاصل کرلی۔برسبین میں ہونے والے ڈے نائٹ میچ میں انگلش ٹیم اپنی پہلی باری میں ۳۳۴؍رنزبناکر آؤٹ ہوئی۔نامور بلے باز Joe Root نے آسٹریلوی سرزمین پر اپنی پہلی ٹیسٹ سینچری بنائی۔ آسٹریلیا کے Mitchell Starc نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے۵۱۱؍رنزبنائے۔انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں ۲۴۱؍رنزبناسکی اوریوں میزبان ٹیم کو جیت کےلیے صرف۶۵؍رنزکاآسان ہدف ملا جوانہوں نے دووکٹیں گنواکر حاصل کرلیا۔ مچل سٹارک کو میچ میں آٹھ کھلاڑی آؤٹ کرنے اور۷۷؍رنزکی اہم باری کھیلنے پر میچ کابہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بائیں ہاتھ سے سب سےزیادہ وکٹیں لینے والے گیندبازبھی بن گئے، قبل ازیں یہ اعزاز پاکستان کے وسیم اکرم کے پاس تھا جو ٹیسٹ کرکٹ میں ۴۱۴؍وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ:تین ایک روزہ میچز کی سیریز بھارت نے ۲۔۱؍سے جیت لی۔رانچی میں ہونے والے پہلے میچ میں بھارت نے مقررہ پچاس اوورز میں۳۴۹؍رنزبنائے، ویرات کوہلی ۱۳۵؍رنزبناکر نمایاں رہے۔جواب میں جنوبی افریقی ٹیم ۳۳۲؍رنزبناآکرآؤٹ ہوئی۔دوسرامیچ رائے پور میں کھیلاگیاجس میں بھارتی ٹیم نے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے۳۵۸؍رنز بنائے۔ویرات کوہلی نے لگاتار دوسر ی سینچری ا سکور کی، اور Ruturaj Gaikwad ون ڈے کرکٹ میں اپنی پہلی سینچری بنانے میں کامیاب ہوئے۔جنوبی افریقہ نے ایڈن مارکرم کے شاندار۱۱۰؍رنزکی بدولت مقررہ ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پرپورا کیا۔تیسرےاورفیصلہ کن مقابلہ میں بھارت نے ۲۷۱؍رنزکاہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا اور سیریز اپنے نام کرلی۔Yashasvi Jaiswalنے ۱۱۶؍رنز کی ناقابلِ شکست اننگزکھیلی۔ویرات کوہلی مجموعی طورپر۳۰۲؍رنزبناکر سیریزکے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔ قبل ازیں بھارت اورجنوبی افریقہ کے مابین ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے فتح حاصل کرکے پچیس برس بعد بھارتی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتی۔بھارتی ریاست آسام کے شہر گوہاٹی میں ہونے والے مقابلہ میں جنوبی افریقہ نے ۴۰۸؍رنزکے بڑے فرق سے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ تین ملکی ٹی ٹوینٹی سیریز: راولپنڈی میں پاکستان، سری لنکا اورزمبابوے کی ٹیموں کے مابین کھیلی گئی ٹی ٹوینٹی سیریز پاکستان نے جیت لی۔فائنل میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم نے ۱۳؍اوورزمیں دووکٹوں کے نقصان پر ۹۸؍رنزبنائے تاہم ان کے آخری کھلاڑی صرف ۱۶؍رنزکا اضافہ کرکے آؤٹ ہوئے ۔پاکستان کو۱۱۵؍رنزکا آسان ہدف ملا جوکہ میزبان ٹیم نے چاروکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔پاکستانی آل راؤنڈرمحمدنواز کو میچ اور سیریزکا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔ فٹ بال:انگلش پریمیئرلیگ میں آسٹن وِلا نےآرسنل کو ایک کے مقابلہ میں دو گول سے ہرادیا۔تاہم سیزن میں پندرہ میچز کے بعد آرسنل پوائنٹس ٹیبل پرسرفہرست ہے۔دیگرمقابلوں میں مانچسٹرسٹی نے سنڈرلینڈ کو ۳۔صفر،اورمانچسٹریونائیٹڈ نے وولوزکو۴۔۱؍سےشکست دی۔ لیورپول اور لیڈزیونائیٹڈ کا مقابلہ ۳۔۳؍گول جبکہ چیلسی اور برن متھ کا میچ بغیرکسی گول کے برابررہا۔ انڈر۱۷ فٹ بال ورلڈکپ:پرتگال نے آسٹریا کو شکست دے کر فیفا انڈر۱۷کا عالمی ٹورنامنٹ جیت لیا۔قطر کے شہردوحہ میں ہونے والے فائنل میں پرتگال نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کرکے پہلی مرتبہ انڈر۱۷ ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں اٹلی نے برازیل کی ٹیم کو پنلٹی شوٹس پر ہرایا۔ فارمولا وَن ریسنگ:رواں سال کی آخری فارمولا وَن ریس ابوظہبی گراں پری Red Bullکےڈچ ڈرائیورMax Verstappen نے جیت لی۔تاہم اس ریس میں تیسری پوزیشن پر آنے والےبرطانیہ کے Lando Norrisمجموعی طورپر۴۲۳؍پوائنٹس کے ساتھ ۲۰۲۵ء کی چیمپئن شپ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ Max Verstappenکے دوسرے نمبر پر ۴۲۱؍پوائنٹس تھے جبکہ آسٹریلیاکے Oscar Piastri کے تیسرے نمبر پر ۴۱۰؍پوائنٹس تھے۔ (ن م طاہر)