اللہ تعالیٰ کے فضل سے کینیا میں مساجد اور مشن ہاؤسز کی تعمیر کا کام پورے زوروشور سے جاری و ساری ہے اور ہر ماہ کسی نہ کسی ریجن میں مسجد یا مشن ہاؤس کا سنگ بنیاد یا افتتاح عمل میں آتا ہے۔ ماہ نومبر میں کینیا کی ناروک کاؤنٹی (Narok County)جو مسائی لینڈ کا حصہ ہے میں پہلی احمدیہ مسجد کے افتتاح کی مبارک تقریب منعقد ہوئی ۔ الحمدللہ علیٰ ذالک مسائی لینڈ کینیا کا وہ علاقہ ہے جہاں گذشتہ سال یعنی ۲۰۲۴ء تک جماعت احمدیہ کا پیغام نہیں پہنچا تھا۔ مارچ ۲۰۲۴ء میں مکرم امیر صاحب نے نکورو ریجن کے انچارج مکرم معلم عماری سکوا صاحب کو اس علاقہ میں رابطے کرنے اور تبلیغی سرگرمیاں شروع کرنے کا کہا۔ چنانچہ معلم صاحب موصوف نے مقامی انتظامیہ سے رابطہ کر کے تبلیغی دوروں کی اجازت حاصل کی اور ماہ اکتوبر ۲۰۲۴ء میں اپنی ٹیم کے ساتھ یہاں پہلا تبلیغی دورہ کیا، پمفلٹس تقسیم کیے، مجالس سوال وجواب منعقد کیں اور اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے ان کی کوششوں کو مثمر بثمرات حسنہ فرمایا اور یہاں کچھ لوگوں نے بیعت کر کے احمدیت یعنی حقیقی اسلام میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد یہاں تسلسل سے تبلیغی دورے کیے گئے جن کے نتیجے میں ایک قابل ذکر تعداد میں لوگ احمدیت میں داخل ہوئے اور ایک مضبوط جماعت بن گئی جس کے بعد علاقہ کے مرکزی ٹاؤن Olasit میں کرایہ کے مکان میں نماز سنٹر بناکر مقامی معلم تعینات کردیا گیا۔ اس طرح اس علاقہ میں پہلی جماعت کا قیام عمل میں آیا اور یہ اس علاقہ میں کسی بھی مذہبی تنظیم کی طرف سے پہلی انٹری تھی۔ اس کے بعد جماعت نے یہاں ایک نہایت موزوں جگہ پر پلاٹ خریدا جس پر ۳۱؍اگست ۲۰۲۵ء بروزاتوارمکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا نے نکورو ریجن کے احباب جماعت و معلمین اور اراکین مرکزی مجلس عاملہ کی معیت میں اس علاقہ میں پہلی احمدیہ مسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس مبارک تقریب میں سرکاری افسران اور مقامی افراد بھی بڑی تعداد میں شامل ہوئے ۔ مسجد کی تعمیر کا کام مکرم عماری سکوا صاحب معلم سلسلہ کی نگرانی میں ہوا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہاں ۱۸؍فٹ چوڑی اور ۲۷؍فٹ لمبی خوبصورت پختہ مسجد ماہ نومبر میں مکمل ہوئی جس میں اندازاً ۷۰؍سے ۸۰؍احباب نماز ادا کر سکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مسجد ہٰذا میں تمام بنیادی سہولتیں میسر ہیں۔ ان شاء اللہ جلد ہی ایم ٹی اے کی سہولت بھی فراہم کردی جائے گی۔ مورخہ ۱۵؍ نومبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ مکرم امیر صاحب نے احباب جماعت و سرکاری افسران اور عمائدین علاقہ کی معیت میں اس مسجد کا افتتاح ایک سادہ مگر پُروقار تقریب میں کیا۔ اس مبارک تقریب کا آغاز گیارہ بجے صبح مکرم امیر صاحب کی صدارت میں تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد منظوم کلام پیش کیا گیا پھر معلم انچارج نکورو ریجن مکرم عماری سکوا صاحب نے تمام احباب کو خوش آمدید کہا اور تعمیر مسجد کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد مقامی پولیس کے ڈپٹی کما نڈنگ آفیسر Mr. Gordon اورولیج ایلڈر نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مسجد کی تعمیر پر جماعت کو مبارکباد دیتے ہوئے جماعت کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ بعدہٗ مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں احباب جماعت کو مسجد کی تعمیر پر مبارکباد دی اور احباب کو آداب مسجد، اس کی صفائی و ستھرائی اور بر وقت پنجگانہ نمازوں کی ادائیگی کی تلقین کی۔ اس کے ساتھ ہی آپ نے سرکاری انتظامیہ اور مقامی احباب کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا اور جماعت کی سوشل خدمات کا ذکر کرتے ہوئے جماعت احمدیہ عالمگیر کا مختصر تعارف پیش کیا۔ نیز آپ نے تمام حاضرین کو ۶ اور ۷؍نومبر ۲۰۲۵ء کو مسجد مبارک نکورو میں ہونے والے جلسہ سالانہ کینیا میں شمولیت کی دعوت بھی دی جس کے بعد آپ نے دعا کروائی۔ مسجد کے دروازے پر لگے فیتے کو کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور پھر تمام حاضرین جن کی تعداد ۲۰۰؍کے قریب تھی کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اوریہ مبارک تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو مخلص نمازیوں سے بھر دے اور اسے اس علاقہ میں منبع رشدوہدایت بنائے۔ آمین (رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ اٹلی کے مرکز کا کارڈینل متیو زپی کا تاریخی دورہ